Inquilab Logo

’’اپوزیشن کے لیڈروں کو بلیک میل کیا گیا ہے‘‘

Updated: April 08, 2024, 12:11 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے کہا کہ ’’اپوزیشن کے لیڈروں پرجھوٹے الزامات لگا کر انہیں بلیک میل کیاگیا، فرنویس ہی ماسٹر مائنڈ ہیں۔ ‘‘یہ بھی کہاکہ’’ بی جے پی لیڈر کریٹ سومیا نے اس نچلی سیاست کی تصدیق کی ہے۔ ‘‘

Nana Patole on the mic at the press conference. Photo: INN
پریس کانفرنس میں نانا پٹولے مائیک پر۔ تصویر:آئی این این

مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نےنائب وزیراعلیٰ دیویندرفرنویس اور بی جے پی پر شدید لفظی حملہ کیا ہے۔ انہوں  نے کہا ہےکہ ’’حکومت کی ایجنسی /مشینری کا غلط استعمال کرکے اپوزیشن کے لیڈروں کو بلیک میل کرنے اور انہیں بی جے پی میں شامل ہونے پر مجبور کرنے یا جیل بھیجنے کی نچلی سطح کی سیاست بی جے پی کے لیڈر اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کی ہے۔ اس کا انکشاف سابق رکن پارلیمان کریٹ سمیا نے خود کیا ہے۔ بی جے پی لیڈر کریٹ سومیا نے فرنویس کی دھوکہ دہی اور انتقام کی سیاست کو بے نقاب کردیا۔ پٹولے نے الزام عائد کیاکہ دیویندر فرنویس وہ ’ویلن‘ ہیں جنہوں نے مہاراشٹر کی سیاسی روایت کو داغدار کیا ہے۔ 
ممبئی پارٹی کے دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے مزید کہا کہ ’’بھارتیہ جنتا پارٹی گزشتہ۱۰؍برسوں میں سیاست کی انتہائی نچلی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اپوزیشن کو ختم کرنے کےلئے وہ انتقام اور فریب کی سیاست پر عمل پیرا ہے۔ مہاراشٹر میں کانگریس، شیوسینا اور این سی پی کے لیڈروں کو سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کرتے ہوئے بلیک میل کیا جا رہا ہے۔ کانگریس پارٹی نے بی جے پی کی اس انتقامی سیاست کے خلاف مسلسل آواز اٹھائی ہے اور آج آخرکار سچ سامنے آہی گیا ہے۔ ‘‘
نانا پٹولے نے مزید کہا کہ ’’فرنویس کی ہدایت پر بی جے پی کے سابق ایم پی کریٹ سومیا اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کے خلاف بدعنوانی کے جھوٹے الزامات لگاتے تھے اور ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس کے ذریعے ان کے خلاف کارروائی کراتے تھے۔ اس بلیک میلنگ سے تنگ آ کر کئی لوگ بی جے پی میں شامل ہو گئے۔ بی جے پی میں شامل ہوتے ہی انہیں قابل احترام آئینی عہدہ دیا گیا۔ اب سومیا نے خود انکشاف کیا ہے کہ اس پورے معاملے کے ماسٹر مائنڈ نائب وزیر اعلی دیویندر فرنویس ہیں اور کریٹ سومیا نے یہ کام فزنویس کی ہدایت پر کیا ہے۔ ‘‘
’’فرنویس ہی ویلن‘‘ 
نانا پٹولے نے کہا کہ ’’کریٹ سومیا کے اس انکشاف سے دیویندر فرنویس کا اصلی چہرہ اب عوام کے سامنے آ گیا ہے کیونکہ یہ انکشاف ہوا ہے کہ فرنویس نے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے خلاف سازش رچنے کا حکم بھی دیا تھا۔ یہ بات اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی کہ مہاراشٹر میں بدعنوانی کے نام پر منصوبہ بند طریقے سے ایک ریکیٹ چلایا گیا اور اس ریکیٹ کو چلانے والا ویلن کوئی اور نہیں بلکہ دیویندر فرنویس ہیں۔ ‘‘
کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ مہاراشٹر میں مثبت اور صحت مند سیاست کرنے کی ایک طویل روایت ہے، دیویندر فرنویس نےاس روایت کو داغدار کیا ہے۔ فرنویس مخالفین کو دشمن سمجھ کر، ان کا سیاسی کریئر ختم کرنے اور جھوٹے الزامات لگا کر انہیں ہراساں کرنے میں ماہر ہیں۔ سومیا کے ذریعے اس کو بے نقاب کرنے سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی کی لڑائی صرف اپوزیشن کو ختم کرنے کے لئے تھی۔ ساتھ ہی یہ بھی واضح ہو گیا ہے کہ بی جے پی کا سیاسی ایجنڈا بدعنوانی کو ختم کرنا نہیں ہے بلکہ لیڈروں کو بلیک میل کرنا اور انہیں اپنی پارٹی میں شامل کرنا تھا۔ ‘‘
نانا پٹولے نے یہ بھی کہا ہے کہ اب بی جے پی عوام کے درمیان بے نقاب ہوگئی ہے اور لوک سبھا انتخابات میں عوام اس کو اچھے سے سبق سکھائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK