Inquilab Logo

مناسب جگہ ملنے پر ہی بچوں کو اسکول بس سے اتارا جائے گا

Updated: December 31, 2022, 10:37 AM IST | saadat khan | Mumbai

محکمہ ٹریفک کےمتواتر جرمانہ عائدکئے جانےسےپریشان اسکول بس اسوسی ایشن کا جنوری سے اسٹاپ تبدیل کرنےکااعلان ، والدین کو پریشانی ہوسکتی ہے

Now the buses will stop at the right place.
اب بسیں مناسب جگہ پر ہی ٹھریں گی،

:محکمۂ ٹریفک کی طرف سے اسکول بسوںپرمتواتر جرمانہ عائد کرنےسے پریشان اسکول بس اسوسی ایشن نے جنوری سے اسکول بسوں کے اسٹاپ کو بدلنےکا اعلان کیاہے جس سے والدین اور سرپرستوںکو اپنےبچوںکو بسوںسے اُتارنے یا ریسیوکرنے میں دشواری ہوسکتی ہے۔جبکہ ممبئی ٹریفک پولیس کےمطابق جن جگہوں پر بسیں روکی جاتیں ہیں،اس سے ٹریفک جام ہوتاہےاور راہگیروںکو بھی چلنےمیں دشواری ہوتی ہے۔ اس لئے بس والوں پر جرمانہ عائد کیا جا رہا ہے ۔
 اسکول بس اوونرس اسوسی ایشن ( ایس بی او اے) کے مطابق صرف نومبرکےمہینےمیں۹۵۰؍ اسکول بسوں پر جرمانہ عائد کیاگیاہے۔ ٹریفک ڈپارٹمنٹ گزشتہ۶؍مہینے سے بس والوں پر متواتر جرمانہ عائد کررہاہے۔ ہر روز متعدد بس مالک کو ایک تا ۲؍ہزارروپے کے جرمانہ کا ای چالان موصول ہورہا ہے۔ ایس بی اواےکے رکن اجئے سنگھ نےبتایاکہ ’’ہماری اسکول بس ایک طے شدہ روٹ سے جاتی ہے۔ اس درمیان وہ ۱۰؍تا ۲۰؍مستقل اسٹاپس پر رکتی ہے۔لیکن ہرروز شام کو جب ہم اپنا موبائل چیک کرتےہیں تو کوئی نہ کوئی وجہ بتا کر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنےپر جرمانہ عائد کرنے کامیسیج موصول ہوتاہے۔جبکہ ہم اپنے روٹ کے مطابق بس چلاتےہیں۔ یہ الگ بات ہےکہ اسٹاپ پر بس رکنے سےاگر پیچھے کی موٹر گاڑیاں کچھ وقت کیلئے رک جاتی ہیں تو اس کا ذمہ دار اسکول بس والے کو ٹھہرایا جاتا ہے۔جبکہ مختلف وجوہات کی بنا پر علاقےمیں ٹریفک پہلےسےجام ہوتی ہے ۔ مگر پوری غلطی ہم پر تھوپ دی جاتی ہے۔‘‘
 انہوںنےیہ بھی کہاکہ’’ویسٹرن ایکسپریس ہائی وےپرمتعددمقامات پر گڑھے ہونےاور بیرکیڈ لگانے سے موٹرگاڑیوںکی آمدورفت میں دقت ہورہی ہےلیکن اس پر توجہ دینے کے بجائے اسکول بس والوںکو نشانہ بنایاجارہاہے۔ا س لئے ہم مستقل اسٹاپ کو چھوڑکر محفوظ اور خالی جگہوں پر بس روکنے پر غورکررہےہیں۔ 
 ایس اوبی اے کے صدرانل گرگ نے انقلاب کوبتایاکہ ’’سڑک پر دیگر موٹرگاڑی والے ٹریفک قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتےہیں،ہوٹلوں، شاپنگ مال اور دکانوںکےسامنے پارکنگ نہ ہونے کےباوجود موٹرگاڑیاں پار ک کی جاتی ہیں۔ان موٹر گاڑی والوںکے خلاف ٹریفک ڈپارٹمنٹ کارروائی نہیںکرتاہے لیکن اسکول بس والوںکی معمولی غلطی یا بس پارک کرنےکی جگہ نہ ملنے پر مجبوراً بچوںکوان کےگھر وںکے قریب اُتارنےکیلئے بس پارک کرتا ہے تو اسے فوراً ای چالان بھیج دیاجاتاہے۔ جس سے ہم پریشان ہوگئے۔اس لئے ہم نے فیصلہ کیاہےکہ اب مستقل اسٹاپ کےبجائے ان مقامات پر بس پارک کریں گےجہاں جگہ خالی ہوگی یا جہاں کیمرہ وغیرہ نہیں لگاہوگا۔ اس سے والدین اور سرپرستوں کو پریشانی ضرورہوگی لیکن ہمارے پاس بھی متبادل نہیں ہے۔ ہم بچوںکو تحفظ کے ساتھ ان کے گھر پہنچاتے ہیںلیکن والدین ہماری پریشانی نہیں سمجھ رہےہیں۔ جب والدین کو پریشانی ہوگی تب شاید ٹریفک محکمہ کی آنکھ کھلے گی۔‘‘
  انہوںنےیہ بھی بتایاکہ ’’ ہم نے ٹرانسپورٹ کمشنراورجوائنٹ پولیس کمشنر (ٹریفک)کو مکتوب روانہ کیاہے جس میں اسکول بسوںکو دیئے جانے والے ای چالان سے راحت دینے کی اپیل کی ہے ۔ ساتھ ہی ٹریفک محکمہ کے اعلیٰ افسران سے بھی ملاقات کرکےاس بارےمیں شکایت کی گئی تھی۔ان افسران نےہمیں یقین دلایاتھاکہ اب ایسانہیں ہوگا،  اس کے باوجود اسکول بس والوںپر جرمانہ عائد کرنے کاسلسلہ جاری ہے۔ہم بھی روز روز کے جرمانہ سے تنگ آگئے ہیں ۔اس لئے مستقل اسٹاپ کے بجائے اب ہم کسی بھی جگہ بس روک کر بچوںکو اُتار دیں گے۔‘‘ 

school bus Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK