Inquilab Logo

امریکہ میں شرح سود کا فیصلہ اور کارپوریٹ کمپنیوں کے نتائج شیئربازار کی سمت متعین کریں گے

Updated: April 29, 2024, 12:49 PM IST | Mumbai

اس ہفتے مارکیٹ میں مضبوطی کی توقع کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ مارکیٹ اگلے ہفتے فیڈرل ریزرو کی اوپن مارکیٹ کمیٹی کی مانیٹری پالیسی جائزہ اجلاس میں کئے جانے والے فیصلوں اور امریکہ میں غیر زرعی شعبے کے روزگار کے اعداد و شمار پر نظر رکھے گا۔

Bombay Stock Exchange Building. Photo: INN.
بامبے اسٹاک ایکسچینج کی عمارت۔ تصویر: آئی این این۔

ہندوستانی معیشت کے مضبوط اعداد و شمار سے حوصلہ افزائی کرنے والے سرمایہ کاروں کی زبردست خریداری کی وجہ سے، امریکی شرح سود کے حوالے سے اگلے ہفتے ہونے والی مانیٹری پالیسی کے جائزے میں مقامی اسٹاک مارکیٹ میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ہوا۔ مارکیٹ کی نظر امریکہ کے شرح سود کے فیصلہ پر رہے گی۔ 
گزشتہ ہفتے بی ایس ای کا۳۰؍ حصص کا حساس انڈیکس سینسیکس ہفتے کے آخر میں ۶۴۱ء۸۳؍ پوائنٹس یا۰ء۹؍ فیصد چھلانگ لگا کر۷۳۷۳۰ء۱۶؍ پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی ۲۷۲ء۹۵؍ پوائنٹس یا۱ء۲۳؍فیصد مضبوط ہوا اور ۲۲۴۱۹ء۹۵؍ پوائنٹس پر رہا۔ زیر جائزہ ہفتے میں بڑی کمپنیوں کے مقابلے  بی ایس ای کی درمیانی اور چھوٹی کمپنیوں کے حصص میں زیادہ خرید و فروخت ہوئی۔ اس کی وجہ سے ہفتے کے آخر میں مڈ کیپ ۱۵۸۳ء۲۶؍ پوائنٹس یا۳ء۹۵؍ فیصد بڑھ کر ۴۱۵۸۷ء۷۷؍ پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ اسی طرح اسمال کیپ ۱۸۰۵ء۵؍ پوائنٹس یا۳ء۹۷؍ فیصد کے زبردست اضافے کے ساتھ ۴۷۲۳۹ء۲۹؍ پوائنٹس پر بند ہوا۔ 
تجزیہ کاروں کے مطابق ملک کے مضبوط معاشی اعداد و شمار، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی، تیل کی قیمتوں میں کمی اور مقامی مینوفیکچرنگ اور خدمات کے شعبوں میں ترقی کی وجہ سے پی ایم آئی کی بہتر کارکردگی نے گزشتہ ہفتے مارکیٹ کی ریلی کو بڑھاوا دیا تاہم، امریکی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں غیر متوقع کمی اور یو ایس کور پی سی ای پرائس انڈیکس میں اضافے کی وجہ سے گزشتہ کاروباری دن عالمی اسٹاک مارکیٹ میں کمی واقع ہوئی۔ 
مالی سال۲۴۔ ۲۰۲۳ء کی چوتھی سہ ماہی میں آئی ٹی سیکٹر کی کمپنیوں کے کمزور نتائج کی وجہ سے مقامی مارکیٹ کی کارکردگی ایشیائی بازاروں کے مقابلے کمزور رہی۔ اسی وقت اثاثوں کے معیار میں بہتری کی توقعات اور پرائیویٹ بینکوں کیلئے ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے ریگولیٹری ماحولیاتی نظام نے پبلک سیکٹر کے بینکوں کو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دی۔ 
اس ہفتے مارکیٹ میں مضبوطی کی توقع کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ مارکیٹ اگلے ہفتے فیڈرل ریزرو کی اوپن مارکیٹ کمیٹی کی مانیٹری پالیسی جائزہ اجلاس میں کئے جانے والے فیصلوں اور امریکہ میں غیر زرعی شعبے کے روزگار کے اعداد و شمار پر نظر رکھے گا۔ اس کے ساتھ ہی اگلے ہفتے یوکو بینک، الٹراسمکو، آئی او سی، اڈانی پاور، اڈانی پورٹس اور کول انڈیا جیسی بڑی کمپنیوں کے۳۱؍ مارچ کو ختم ہونے والے مالی سال کی آخری سہ ماہی کے نتائج مارکیٹ کو سمت دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ گزشتہ ہفتے مارکیٹ میں ۴؍ دن اضافہ ہوا جبکہ ہفتے کے آخری کاروباری دن کمی دیکھنے میں آئی۔ سرمایہ کاروں کی توجہ اس ہفتے کمپنیوں کے جاری کردہ نتائج کی طرف مرکوز ہو گئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK