Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی میں میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی بدنظمی اورلاپروائی سے شہری پریشان

Updated: May 15, 2025, 5:19 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

مانسون کا وقت آجانے کے باوجود کئی سڑکوں کا تعمیراتی کام ادھورا ہے، جگہ جگہ بے ہنگم کھدائی جاری ہے،حادثات کا خطرہ بڑھ گیا

A city road whose `concrete` work is incomplete, like many other roads, still has construction work to do.
شہر کی ایک سڑک جس کے ’کانکرٹائزیشن‘ کا کام ادھوراہے،اس طرح کئی سڑکوں کا تعمیراتی کام اب بھی باقی ہے

بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن کی انتظامیہ کی  ناقص منصوبہ بندی  اور سست روی کا شکار ترقیاتی کاموں کے سبب   شہر اس وقت شدید بحرانی حالات سے گزر رہا ہے۔ ادھورے تعمیراتی کاموں نے عوام کی روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ مانسون کی آمدآمد  ہے اوراب بھی شہر کی کئی اہم سڑکیں کھدی ہوئی۔ کئی سڑکوں کا تعمیراتی کام ادھورا  ہے، جس سے نہ صرف ٹریفک کا نظام مفلوج ہو چکا ہے بلکہ بارش کے دوران جان لیوا حادثات کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔
 شہر کے جن اہم علاقوں میں کنکریٹ کی سڑکوں کی تعمیر کے لئے  کھدائی کی گئی ہے، اُن میں تین بتی روڈ، منڈئی ، دھانگے اسپتال، جھنڈا ناکہ، برہمن آلی، مانسروور گارڈن اور ورلا تالاب کے اطراف و دیگر اہم تجارتی و شہری علاقے شامل ہیں۔ یہاں نہ صرف سڑکوں کی کھدائی کے بعد کام سست روی کا شکار ہے، بلکہ نالے، فٹ پاتھ اور ڈیوائیڈر جیسے بنیادی ڈھانچے بھی ادھورے پڑے ہیں۔ٹریفک کے متبادل انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو طویل راستے طے کر کے بازار پہنچنا پڑ رہا ہے، جب کہ پارکنگ کا بحران شہری مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔
 شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ مانسون کے دوران اگر بارش کے پانی کی نکاسی کا مسئلہ ہوا اور  یہ سڑکیں پانی سے بھر گئیں تو نہ صرف راہ گیروں کےلئے  خطرہ ہو گا، بلکہ ٹریفک میں پھنسنے اور حادثات کے امکانات بھی کئی گنا بڑھ جائیں گے۔مقامی سماجی تنظیموں اور باشعور شہریوں نے میونسپل انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ مانسون سے پہلے تمام سڑکوں کی مرمت، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، اور ادھورے ترقیاتی کاموں کی فوری تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔شہری یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ اگر بارش کے ایام  میں کوئی جانی یا مالی نقصان ہوا، تو کیا میونسپل کارپوریشن اس کی ذمہ داری قبول کرے گی؟
 شہریوں کی جانب سے کئے جانے والے اعتراضات اور اس سنگین صورتحال پر میونسپل انتظامیہ کا موقف جاننے کے لئے نمائندہ انقلاب نے  میونسپل کارپوریشن کے سٹی انجینئر جمیل پٹیل سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی، مگر ان سےگفتگو نہیں ہوسکی۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK