تعلقہ کے دیوے انجور گاؤں میں ۲۳؍ افراد کے خلاف ماحولیات کو نقصان پہنچانے کے الزام میں نارپولی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی گئی ہے۔
EPAPER
Updated: May 12, 2025, 1:43 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
تعلقہ کے دیوے انجور گاؤں میں ۲۳؍ افراد کے خلاف ماحولیات کو نقصان پہنچانے کے الزام میں نارپولی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی گئی ہے۔
تعلقہ کے دیوے انجور گاؤں میں ۲۳؍ افراد کے خلاف ماحولیات کو نقصان پہنچانے کے الزام میں نارپولی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی گئی ہے۔ ان افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے ساحلی علاقے میں موجود مینگرووز اور درختوں کو غیر قانونی طور پر کاٹا، جس سے نہ صرف ماحولیاتی توازن متاثر ہوا بلکہ علاقے میں ماحولیاتی نظام کو مستقل نقصان پہنچا۔ یہ کارروائی محکمہ جنگلات کے کھارباؤ رینج کے افسران کی جانب سے درج شکایت کے بعد عمل میں آئی۔
شکایت کنندہ، جنگلات میں خدمات انجام دینے والے راجندر رامو بنجاری، نے بتایا کہ مینگرووز کی کٹائی دیوے انجور کے سروے نمبر ۲۷، ۳۱؍اور ۳۲؍میں کی گئی، محکمہ جنگلات کے کھارباؤ کے فارسٹر، کشیلی اور علیم گھر کے فاریسٹ گارڈ نے جس کی تصدیق ۲۰۰۵ء کے مہاراشٹر ریموٹ سینسنگ ایپلیکیشن سینٹر (ایم آر ایس اے سی) کے سیٹلائٹ نقشوں کے مطابق کی گئی۔ محکمہ جنگلات کی ٹیم نے موقع پر جا کر معائنہ کیا، جہاں واضح شواہد ملے کہ مینگرووز کی وسیع پیمانے پر کٹائی کی گئی ہے۔ مینگروز کی کٹائی ماحولیاتی توازن کے لئے سنگین خطرہ سمجھی جاتی ہے کیونکہ مینگرووز ساحلی علاقوں میں مٹی کو کٹاؤ سے بچاتے ہیں اور مختلف جانداروں کے قدرتی مسکن ہوتے ہیں ۔ ملزمین میں باگیشور دھام کے معروف بھکت رودر پرتاپ ترپاٹھی اور دیوپتی شانتارام مہاترے سمیت دیگر ۲۱؍افراد شامل ہیں ۔ پولیس نے ان تمام افراد کے خلاف ماحولیات (تحفظ) ایکٹ ۱۹۸۶ء کی دفعہ ۱۵؍اور ۱۹؍کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ معاملے کی تفتیش نارپولی پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ انسپکٹر مَانک ہولکر کر رہے ہیں ۔