Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : تمام جائیدادوں کا جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ازسرنو سروے ہوگا

Updated: May 08, 2025, 11:45 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

میونسپل انتظامیہ نے ’ پراپرٹی ٹیکس سسٹم‘ میں شفافیت کیلئے ڈرون اور جی آئی ایس ٹیکنالوجی سے تمام جائیدادوں کا معائنہ کرنے کا اعلان کیا

Image of Bhiwandi Nizampur Municipal Corporation building.
بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن کی عمارت کی تصویر

 بھیونڈی نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن نے شہر کی تمام جائیدادوں کا ازسرِنو سروے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا مقصد جائیدادوں سے متعلق مکمل، درست اور جدید معلومات حاصل کرنا ہے۔ یہ سروے ڈرون اور جی آئی ایس (جغرافیائی معلوماتی نظام) جیسی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کیا جائے گا۔جس سے نہ صرف شہری منصوبہ بندی میں بہتری آئے گی بلکہ پراپرٹی ٹیکس کی وصولی میں شفافیت اور اضافہ بھی متوقع ہے۔میونسپل کارپوریشن کے مطابق، اس سروے کے دوران ہر جائیداد کا تعمیراتی اجازت نامہ، کل رقبہ، استعمال کی نوعیت، عمارت کی تصویر، اندرونی نقشہ اور دیگر اہم تفصیلات مرتب کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ، گزشتہ چند برسوں کے دوران وجود میں آنے والی غیرقانونی اور غیرمنظور شدہ تعمیرات کی نشاندہی بھی کی جائے گی، جس سے انتظامیہ کو قانونی کارروائی اور ٹیکس اصلاحات میں مدد ملے گی۔
سروے کون کرے گا اور کیسے ہوگا؟
 کارپوریشن نے اس سروے کی ذمہ داری دہلی کی معروف کمپنی ` ریپلیٹ انڈیا سولیوشنز پرائیویٹ لمیٹڈ کو سونپی ہے، جو ایم سی ای انفو سسٹمز پرائیویٹ لمیٹڈ کی شراکت دار ہے۔ ان کمپنیوں کے مجاز اہلکار، شناختی کارڈ کے ساتھ، تمام جائیدادوں پر جا کر سروے کریں گے۔ اہلکار نہ صرف بیرونی ساخت کا معائنہ کریں گے بلکہ اندرونی پیمائش بھی کریں گے، جس کےلئے  شہریوں سے مکمل تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔سروے کے تحت ہر جائیداد کو جیو سیکوئنسنگ (یعنی ترتیب وار نمبر دینے) اور جیو ریفرینسنگ (یعنی نقشے پر درست محلِ وقوع کی نشاندہی) کے عمل سے گزارا جائے گا۔ اس عمل کے بعد ہر شہری کو اپنی جائیداد کا مکمل ریکارڈ حاصل ہوگا، اور ٹیکس کی شرح کا تعین رقبے کے مطابق شفاف انداز میں ممکن ہو سکے گا۔
 اس ضمن میں ڈپٹی میونسپل کمشنر (ٹیکس) بال کرشنا کھیرساگر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سروے اہلکاروں سے تعاون کرتے ہوئے مطلوبہ معلومات اور دستاویزات مہیا کریں، تاکہ اس اہم عمل کو کامیابی سے مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ شہریوں اور جائیدادوں کی حفاظت کو سروے کے دوران اولین ترجیح دی جائے گی۔اگر شہریوں کو سروے کے حوالے سے کوئی شکایت یا تجویز ہو تو وہ اس ای میل کے ذریعے asmtd.bncmc@gmail.com پر ارسال کرسکتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ سروے نہ صرف ٹیکس نظام میں شفافیت لائے گا بلکہ شہری خدمات کی منصوبہ بندی، ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ انتظامیہ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ میونسپل کارپوریشن کی ترقی میں عوام کا اب تک کا تعاون قابلِ ستائش رہا ہےاور آئندہ بھی یہ جذبہ برقرار رہے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK