Inquilab Logo

سٹی سینٹرآتشزدگی : ۴۰؍گھنٹوں کے بعد آگ پرقابوپایاجا سکا

Updated: October 25, 2020, 9:23 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

بیلاسس روڈ اور آس پاس کے علاقوںمیں پھیلنے والے دھوئیں سے سانس لینے میں دقت کا سامنا

City Center
آگ لگنے کے تیسرے دن بھی دھواں نکلنا جاری تھا۔

بیلاسس روڈ پر واقع سٹی سینٹر میں جمعرات کی رات ۹؍بجے لگنےوالی آگ پر سنیچر کو دوپہر ۳؍بجے قابو پایا گیا۔ سنیچر کو آگ سےاُٹھنے والا دھواں بیلاسس روڈ کے علاوہ ممبئی سینٹرل، مورلینڈ روڈ اور ناگپاڑہ وغیرہ کے علاقوںمیں پھیلنے سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرناپڑا۔ اطراف کی بلڈنگوں   کے مکینوں نے اپنے گھروںکی کھڑکیاں بند کردی تھیں۔ دھوئیں سے دمہ اور الرجی کےمریضوںکی طبیعت خراب ہونےلگی تھی ۔ تیسرے دن بھی سیاسی لیڈران نے  جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ آگ پر قابوپانے کے بعد ناگپاڑہ سے ممبئی سینٹرل جانے والے راستے کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے ۔ ممبئی سینٹرل بس ڈپوسے بی ای ایس ٹی بس سروس کا آغاز بھی ہوگیاہے ۔
 ممبئی فائر بریگیڈ کی   رپورٹ کے مطابق سٹی سینٹر کی آگ پر صبح ۱۱؍بجکر ۴۰؍منٹ پر قابو پالیا گیاتھا  حالانکہ آگ کا سلسلہ دوپہر ۳؍بجےتک جاری تھااور اس کی وجہ سے اُٹھنے والے دھوئیں سے اطراف کےعلاقوںکے مکین پریشان تھے۔  دھوئیں کی وجہ سے فائر بریگیڈ کے اہلکار چندر شیکھر تکارام ساونت کو سانس لینے میں تکلیف ہونے پر انہیں نائر اسپتال داخل کیا گیا ۔
 سنیچر کی دوپہرمیں ڈھائی بجے بی جے پی کے لیڈر اتل شاہ اور راج پروہت نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکےفائر اور پولیس کے اعلیٰ افسران سے بات چیت کی ۔ ساتھ ہی یہاں کےدکانداروں کو دلاسہ دلایا۔ جبکہ جمعہ کو بی جے پی ممبئی کے صدر منگل پربھات لودھانے بھی یہاںکا دورہ کیاتھا ۔ 
 بیلاسس روڈ کے محمد رضوان خان نے کہاکہ ’’سٹی سینٹر میں میری بھی ایک دکان ہے۔ جسے میں نے کرایہ پردیاہے۔ آگ انتہائی خطرناک نوعیت کی تھی اس میں کوئی شبہ نہیں ہے مگر فائر بریگیڈنے آگ پر قابو پانے میں بہت تاخیر کی۔ اس کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں۔ مگرتاخیر ہونے سے کئی سوکروڑ روپے کا مال خاکستر ہوگیا۔ جن دکانداروںکا نقصان ہواہے حکومت کی جانب سے ان کی مدد کی جانی چاہئے تاکہ وہ دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑے ہوسکیں۔ گزشتہ ۲؍دنوںمیں متعدد سیاسی پارٹیوں کے لیڈران نے یہا ں کا دورہ کیا ہےلیکن کسی نے بھی دکانداروں کے مسائل کو حل کرنےکی یقین دہانی نہیں کرائی بس سیاسی بیانات دیئے گئے جو موجودہ وقت اور ضرورت کےمنافی ہے۔‘‘
 ممبئی سینٹرل بزنس مین اینڈریسیڈنٹ اسوسی ایشن کےسیکریٹری  فاروق کلاڈیہ نے کہاکہ ’’ سٹی سینٹر کی جگہ پر کئی بار آگ لگ چکی ہے۔ میرا اکثر سٹی سینٹر جانا ہوتاہے ۔ کئی بار اس بات کی نشاندہی کرائی گئی ہے کہ یہاں فائر سیفٹی کا فقدان ہے جس کیلئے فائرڈپارٹمنٹ بھی ذمہ دارہے۔ اس وجہ سے اتنی بڑی آگ لگی ہے۔ اس آگ سے سٹی سینٹر کے دکانداروںکا کروڑوں روپے کا نقصان ہواہے ساتھ ہی اطراف کے مکینوںکوبھی بڑی پریشانی اُٹھانی پڑی ہے۔ جمعرات سے ہماری سوسائٹی کےمکین دھوئیں سے پریشان ہیں ۔ کئی عمررسیدہ مردوخواتین کو سانس لینےمیں تکلیف ہونے  سے یہاں سے منتقل کیاگیاہے ۔میری اہلیہ کو دمہ کی شکایت ہے ۔دھوئیں سے وہ بھی تکلیف میں مبتلاہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK