Updated: December 18, 2025, 11:49 PM IST
| Mumbai
مرکزی وزیرریل اشونی ویشنو کےذریعے پارلیمنٹ میںدیئے گئے جوابات سےممبئی میں ریلوے نے صحافیوں کو آگاہ کرایا۔ ۲۳۸؍ خود کار دروازے والی نئی لوکل ٹرینیںلانے کا
پھر حوالہ دیا۔ ۱۲۰؍ میل، ایکسپریس اور ۳۲۰۰؍ لوکل سروسیز کے ساتھ باندرہ، ممبئی سینٹرل، جوگیشوری، دادر، وسئی ، پنویل اور کلیان میںجاری کاموں کی تفصیلات بھی بتائیں
مرکزی وزیر ریل نےلوکل ٹرین مسافروں کو سہولت فراہم کرانے کیلئے کئے جانے والے کاموں کی تفصیلات بتائی ہیں۔
لوکل ٹرینوں کے ۸۰؍ لاکھ مسافروں کی راحت رسانی اور ان کی حفاظت پر خاص توجہ دیتے ہوئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ۲۸۳؍نئی لوکل ٹرینیں، جن میں خودکار دروازے ہوں گے، لانے کا عمل جاری ہے۔ اسی طرح باندرہ، جوگیشوری ، دادر،وسئی ،کلیان ،پنویل اور سی ایس ایم ٹی وغیرہ میں کئے گئے اور جاری ترقیاتی کاموں کی تفصیلات وزیر ریل اشونی ویشنونے پارلیمنٹ میں پوچھے گئے سوال پر بتائیں۔ مرکزی وزیرریل کی فراہم کردہ تفصیلات سے سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے نے صحافیوں کو آگاہ کرایا۔
وزیرریل نے پارلیمنٹ میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ممبئی میںلوکل ٹرینوں کی صلاحیت بڑھانے کیلئے کافی کام کئے گئے ہیں۔ خودکار دروازے والے نظام کے ساتھ ۲۳۸؍نئی لوکل ٹرینوں کی خریداری فی الحال جاری ہے۔اسی طرح مسافروں کی حفاظت کو ذہن میں رکھتے ہوئےاس کا عملی حل تلاش کرنے پربھی توجہ دی جارہی ہے۔ملک کے طول وعرض میںممبئی سےروزانہ روانہ ہونے والی تقریباً۱۲۰؍ میل ایکسپریس ٹرینوں اور تقریباً ۳۲۰۰؍ لوکل سروسیزکی صلاحیت کو بڑھانے کا کام بھی شروع کیا گیا ہے۔ باندرہ میںتین پِٹ لائنیںبنائی گئی ہیں۔ یہ لائنیں خاص طور پر یارڈ میں بنائی جاتی ہیں۔اس کے ذریعے ٹرین کے انجن اور ڈبوں کے نچلے حصے کی صفائی اوردیکھ ریکھ کی جاتی ہے۔اس سے دیگر ٹرینوں کی آمدورفت میں بھی آسانی ہوتی ہے۔ اسی طرح ممبئی سینٹرل میں ۲۴؍ ڈبےوالے پلیٹ فارم کی توسیع کا کام جاری ہے۔ جوگیشوری ، دادر ،وسئی ، پنویل، کلمبولی اورکلیان میں کئی پلیٹ فارم بنائے جا رہے ہیں۔ لوکمانیہ تلک ٹرمنس (ایل ٹی ٹی )میں ڈپو کی توسیع کی جاری ہے اور پریل میں بھی پلیٹ فارم بنائے جا رہے ہیں۔اس طرح ممبئی اور ملک کے تمام بڑے شہروں کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے ریلوے کی جانب سےتیزی سے کام جاری ہے،جلد ہی ان کاموں کااثر بھی دکھائی دے گا۔
اسی طرح وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے بھی چند دن قبل یہ اعلان کیا تھا کہ ممبئی واسیوں کے آرام دہ سفر کیلئے تیزی سے کام کیا جارہا ہے ۔ ان کے مطابق تمام لوکل ٹرینوں کواے سی لوکل میںتبدیل کیا جائے گا مگر سب سے اہم بات یہ ہے کہ کرایہ جنرل لوکل ٹرینوں کا ہی ہوگا، اے سی ٹرینوں میں سفر کی سہولت مہیا کرانے کے باوجود عام مسافروں پرکسی قسم کا بوجھ نہیںڈالا جائے گا۔
واضح ہوکہ ان اعلانات اورمرکزی وزیرریل کی بیان کردہ تفصیلات سے کسی کوانکار نہیںمگرسوال یہ ہےکہ یہ عمل کب ہوگا اور کس تاریخ تک خود کار دروازےوالی ۲۳۸؍ نئی لوکل ٹرینیںپٹریوں پر دوڑیںگی۔ اس تعلق سے پارلیمنٹ میں جواب دینے سےقبل بھی متعددمرتبہ دہرایااور گنوایا جاچکا ہے ۔ سوال یہ ہےکہ عمل کب ہوگا اور ۸۰؍ لاکھ مسافر کب اس میںسفر کرسکیںگے اورصبح وشام کے انتہائی مشکل سفر سےان کو نجات ملے گی ؟ یا محض بار بار سہولتیں فراہم کرائی جائیں گی، کام جاری ہے ،کا ہی اعادہ کیاجاتا رہے گا؟