معروف شاعر ونغمہ نگار ومصنف نے ایکس پراپنی پوسٹ میں بہارکے وزیراعلیٰ کی حرکت کی سخت الفاظ میںمذمت کی اور اسے ناقابل قبول قراردیا
EPAPER
Updated: December 19, 2025, 12:06 AM IST | Mumbai
معروف شاعر ونغمہ نگار ومصنف نے ایکس پراپنی پوسٹ میں بہارکے وزیراعلیٰ کی حرکت کی سخت الفاظ میںمذمت کی اور اسے ناقابل قبول قراردیا
معروف نغمہ نگار جاوید اختر نے مسلم خاتون ڈاکٹر کا جبراً حجاب ہٹانے کی نتیش کمار کی حرکت کی سخت مذمت کرتے ہوئے ان سے بلا شرط خاتون سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ’حجاب تنازع‘ کی وجہ سے لگاتار تنقید کا نشانہ بن رہے ہیں۔ مسلم خاتون ڈاکٹر کے چہرے سے حجاب ہٹانے کے عمل نے نتیش کمار کو سماجی و سیاسی حلقوں کے ساتھ ساتھ فلم انڈسٹری کی ہستیوں میں بھی ایک طرح سے بدنام کر دیا ہے۔ عامر خان کی مقبول فلم ’دنگل‘ کی اداکارہ زائرہ وسیم پہلے ہی اس معاملے میں اپنی ناراضگی ظاہر کر چکی ہیں، اور اب مشہور و معروف نغمہ نگار و مصنف جاوید اختر کا بھی سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔
اس تنازع پر جاوید اختر نے اپنا رد عمل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے تئیں اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’’جومجھے تھوڑا بہت جانتے ہیں انہیں بھی معلوم ہے کہ میں پردہ کی رسم کا کتنامخالف ہوں، لیکن اس کا یہ مطلب بالکل نہیں ہے کہ میں نتیش کمار کے ذریعہ ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کے ساتھ کیے گئے عمل کو کسی بھی طرح سے درست ٹھہراؤں۔ میں اس کی شدید مذمت کرتا ہوں۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’نتیش کمار کو اس خاتون سے بلاشرط معافی مانگنی چاہئے۔‘‘واضح رہےکہ اس سے قبل زائرہ وسیم نے بھی ’ایکس‘ پر ہی نتیش کمار کی بدسلوکی سے متعلق اپنا رد عمل ظاہر کیا تھا۔ انھوں نے لکھا تھا کہ ’’کسی خاتون کا وقار اور سادگی ایسی چیز نہیں جس سے کھلواڑ کیا جائے، خصوصاً پبلک پلیٹ فارم پر۔ ایک مسلم خاتون ہونے کے ناطے کسی دوسری خاتون کا نقاب اتنی آسانی سے کھینچتے دیکھنا اور وہ بھی مسکراتے ہوئے، بہت غصہ دلانے والا تھا۔‘‘ وہ مزید لکھتی ہیں کہ ’’اقتدار کسی کی حدیں توڑنے کی اجازت نہیں دیتا۔ نتیش کمار کو اس خاتون سے بلا شرط معافی مانگنی چاہئے۔‘‘
جاوید اختر کی پوسٹ کے جواب میں انہیںٹرول بھی کیاگیا مگر وہ اپنے بیان پر قائم رہے اورنتیش کمارکی حرکت کو مکمل طورپر غیر شائستہ قرار دیا۔ ایک پوسٹ کے جواب میںانہوں نے میں سگریٹ کے خلاف ہوںلیکن کیا مجھے یہ حق ہےکہ میں کسی کے منہ سے سگریٹ چھین لوں۔ایک نے یہ پوسٹ کیاکہ نتیش کمار سیکوریٹی چیک کررہے تھے جس کے جواب میںجاوید اختر نے لکھا کہ کیا نتیش میںاتنا دم ہےکہ وہ ایک گھونگھٹ پلٹ کر سیکوریٹی چیک کرسکیں۔