مختلف اضلاع میں ’یوم اقلیتی حقوق‘ کی مناسبت سےضلع حکام کی جانب سے تقریبات کا انعقاد، بیشتر حکام نے اقلیتی طبقے کو سرکاری اسکیموں سے آگاہ کروانے پر زور دیا
EPAPER
Updated: December 19, 2025, 12:01 AM IST | Mumbai
مختلف اضلاع میں ’یوم اقلیتی حقوق‘ کی مناسبت سےضلع حکام کی جانب سے تقریبات کا انعقاد، بیشتر حکام نے اقلیتی طبقے کو سرکاری اسکیموں سے آگاہ کروانے پر زور دیا
مہاراشٹر کے مختلف اضلاع میں یوم اقلیتی حقوق منایا گیا جس میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تعلق سے محکمہ اقلیتی امور نے ۱۰؍ دسمبر کو ایک سرکیولر جاری کیا تھا جس کے بعد یہ پروگرام منعقد ہوئے۔ ان پروگراموں کا مقصد اقلیتوں کو ان کے آئینی حقو سے آگاہ کروانا تھا۔واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ نے ۱۸؍ دس،نر ۱۹۹۲ء کو قومی، نسلی، مذہبی اور لسانی اقلیتوں کے حقوق کا اعلامیہ منظور کیا تھا۔ اسی کی روشنی میں قومی اقلیتی کمیشن کی ہدایت پر ہر سال یہ دن منایا جاتا ہے۔
ناندیڑ: اقلیتوں کے عدم تحفظ کے احساس کو دور کرنے پر زور
ناندیڑ ضلع کلکٹر آفس کے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت مائناریٹی آفیسر ارجن جھاڑے نے کی۔اس موقع پر بطور مقرر’ نمستے ناندیڑ‘ کے صحافی روہن رشی کیش کونڈیکر، جن کلیان سیوا بھاوی سنستھا، مکھڈ کے محمدذیشان بیگ اور شالوم منسٹری، ناندیڑ کے صدر ریورنڈ موزس پال نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ آئین اقلیتوں کو مساوات، امتیاز کے خلاف تحفظ اور تعلیمی ادارے قائم کرنے و چلانے کا حق دیتا ہے۔ نیز ذات یا مذہب کی بنیاد پر کسی بھی قسم کا امتیاز آئین کے خلاف ہے اور سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے عطا کردہ آئین کی بدولت ہندوستان کی جمہوریت مضبوط ہوئی ہے اور اقلیتی طبقات کو تحفظ حاصل ہوا ہے۔رجن جھاڑے نے کہا کہ حکومت کی اسکیموں کا فائدہ اقلیتی برادری کے آخری فرد تک پہنچانا ضلع انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اقلیتوں میں پائے جانے والے عدم تحفظ کے احساس کو دور کرنے اور انہیں انصاف فراہم کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اپیل کی۔
رتناگیری: اقلیتوں کو سرکاری اسکیموں سے آگاہ کرنے کی اپیل
رتناگیری ڈسٹرکٹ اقلیتی سیل کی جانب سے پلاننگ کمیٹی ہال میں یوم اقلیتی حقوق منایا گیا۔ اس موقع پر اقرا انگلش اسکول کے صدرامتیاز صدیقی اور الیاس بغدادی نے اقلیتوں کے آئینی حقوق سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر پرشانت ساتپوتے اور اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پلاننگ آفیسر راجیش گاونکر موجود تھے..ڈسٹرکٹ پلاننگ آفیسر اور ضلع اقلیتی افسر امر پاٹل نے کہا کہ ضلع اقلیتی سیل مختلف اسکیموں پر عمل آوری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ مستحقین کو ان اسکیموں کے فوائد سے آگاہ کیا جائے تاکہ وہ اس سے فائدہ اٹھائیں۔ امتیاز صدیقی نے اقلیتوں میں اپنے حقوق کے تئیں بیداری لانے پر زور دیا۔
جلگائوں: اقلیتوں کے فنڈ کے مناسب استعمال کا مطالبہ
جلگائوں میں ضلع کلکٹر دفتر کے احاطے میں واقع نیوجن بھون میں ضلع کلکٹر روہن گھوگے کی موجودگی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں اقلیتوں کے تعلق سے جاری سرکاری اسکیموں کی معلومات شرکاء کو دی گئی روہن گھوگے نے کہا کہ اقلیتوں کو ان کے حقوق دینے کیلئے ضلع انتظامیہ مستعد ہے اور سرکاری اسکیموں کا نفاذ بالخصوص اقلیتوں کیلئے کیا جانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں نے بھی ضلع کلکٹر سے بات کی ۔سنیئر اردو صحافی مشتاق کریمی نے سوال کیا کہ اقلیتوں کے تعلق سے جاری سرکاری اسکیموں کی تشہیر نہیں ہو پاتی اور اقلیتوں کیلئے مختص فنڈ پورا کا پورا استعمال نہیں ہو پاتابلکہ واپس بھیج دیا جاتا ہے ۔اس ضمن میں آپ کی کیا منصوبہ بندی ہے ؟ ضلع کلکٹر نے جواب دیا کہ ہم وقفے وقفے سے میٹنگیں لے کر اقلیتی فنڈ کے اخراجات کا اعادہ کرتے رہیں گے اور زیادہ سے زیادہ فائدہ اقلیتوں کو پہنچے اسکی کوشش بھی کریں گے ۔اس دوران ’کام کرتے رہو‘ نامی تنظیم کے ذمہ داران نے عبدالکریم سالار کی قیادت میں ضلع کلکٹر کو ایک مکتوب پیش کیا اور سرکاری اسکیموں کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کرنے اور اقلیتوں کے فنڈ کو پوری طرح استعمال کرنے کا مطالبہ کیا۔