دونوں ہی ریاستیں موسلادھار بارش سے بے حال، کئی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار،کیچڑ اور ملبے میں اب بھی کئی افراد کے دبے ہونے کا اندیشہ،ریسکیو آپریشن جاری ہے
EPAPER
Updated: August 29, 2025, 11:06 PM IST | Dehradun
دونوں ہی ریاستیں موسلادھار بارش سے بے حال، کئی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار،کیچڑ اور ملبے میں اب بھی کئی افراد کے دبے ہونے کا اندیشہ،ریسکیو آپریشن جاری ہے
اتراکھنڈ میں گزشتہ ۲۴؍ گھنٹے سے مختلف مقامات پر جاری شدید بارش لوگوں کیلئے آفت بن گئی ہے۔ ریاست کے باگیشور ضلع میں بادل پھٹنے کے واقعے میں اب تک ۲؍ افراد کی لاشیں ملی ہیں، ۳؍ لاپتہ ہیں اور ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ ٹہری ضلع میں دو مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔ رودر پریاگ ضلع میں۳۰؍ سے۴۰؍ خاندانوں کے ملبے میں پھنسے ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ چمولی میں ایک رہائشی مکان کے منہدم ہونے سے دو افراد اور کچھ بکریوں کے دبنے کی خبر ہے۔
ٹہری ضلع کے تحصیل بال گنگا کے تحت گاؤں گینوالی میں جمعہ کی صبح شدید بارش کے باعث کچھ مکانات، راستے اور مویشیوں کے باڑے تباہ ہو گئے ہیں۔ راحت ٹیمیں موقع پر روانہ ہو چکی ہیں۔ رودر پریاگ ضلع کے تحصیل اوکھی ماتھ کے گاؤں تالجامن کے بگڑ توک اور بڑیتھ میں بھی شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں پانی اورملبہ آنے سے۳۰؍ سے۴۰؍ کنبوں کے لوگوں کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے۔ وہاں کچھ مکانات، باڑے تباہ ہوئے ہیں اور مویشیوں کے دب جانے کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ان واقعات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اتراکھنڈ کے رودرپرایاگ، ٹہری اور چمولی اضلاع میں گزشتہ۱۲؍ گھنٹوں کے دوران بادل پھٹنے سے عام زندگی بری طرح متاثر ہوگئی ہے۔ جمعہ کی صبح موصولہ اطلاعات کے مطابق، رودرپرایاگ ضلع کے چیناگاڑ ڈوگر گاؤں اور جولا بڑیتھ گاؤں میں کچھ لوگوں کے لاپتہ ہونے کی خبر ہے۔ چمولی ضلع کے دیوال بلاک میں بادل پھٹنے کے باعث آئے ملبے اور پانی کی وجہ سے ایک جوڑے کے لاپتہ اور ایک جوڑے کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، ساتھ ہی۲۰؍ مویشیوں کے ملبے میں دبنے کی خبر ہے۔ اسی طرح ٹہری کے گینوالی گاؤں میں بھی بادل پھٹنے کی اطلاع ہے لیکن یہاں کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ہے۔
ہماچل پردیش کے کئی اضلاع میں حالات دگرگوں
ہماچل پردیش کے کئی اضلاع میں مسلسل بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔ کنور، کلو، منڈی، چمبا اور سولن سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں، جہاں سڑکیں ٹوٹ گئی ہیں، آمد و رفت متاثر ہوئی ہے اور راحت رسانی کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک بڑے حادثے میں قبائلی اکثریتی کنور ضلع کے لیپا گاؤں میں جمعہ کی صبح بادل پھٹنے سے بہت زیادہ نقصان ہوا ہے، طوفانی بارش کی وجہ سے باغات اور کھیت بہہ گئے ہیں، جس سے کسانوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ انتظامیہ کی ٹیم نقصان کا جائزہ لینے اور امدادی کام شروع کرنے کیلئے موقع پر پہنچ گئی ہے۔ کلو ضلع کے انی میں شدید بارش کی وجہ سے لوئر پٹرنا گاؤں میں مٹی کے تودے گرنے سے ۳؍ مکانات کو نقصان پہنچا اور دو خواتین لاپتہ ہو گئی ہیں، ملبے میں کئی مویشی بھی دب گئے۔ رات بھر مسلسل بارش کی وجہ سے دیہی علاقوں میں سڑکیں تباہ ہو گئی ہیں، جس کی وجہ سے آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔ انتظامیہ نے تمام اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے، کیونکہ تازہ لینڈ سلائیڈنگ سے علاقے میں سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔ کینچی موڑ اور بنالا میں بار بار لینڈ سلائیڈنگ کے بعد جمعہ کی صبح سے کیرت پور-منالی فور لین ہائی وے مکمل طور پر بند ہے۔ جس کی وجہ سے سڑک کا بڑا حصہ ٹوٹ گیا ہے۔ بھاری پتھر مسلسل گر رہے ہیں، جس کی وجہ سے نکاسی کا کام متاثر ہے۔