کئی کلومیٹر تک گاڑیوں کی قطاریں،تہوار کے موقع پر شہریوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا
EPAPER
Updated: August 10, 2025, 12:11 AM IST | Mumbai
کئی کلومیٹر تک گاڑیوں کی قطاریں،تہوار کے موقع پر شہریوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا
۵؍ سال قبل کلیان۔ شیل پھاٹا روڈ کی توسیع اس مقصد کے تحت کی گئی تھی کہ مسافروں اور مقامی باشندوں کو روزانہ کے ٹریفک جام سے نجات مل جائے گی لیکن اس کے برعکس انتظامیہ کی نااہلی کے باعث شیل پھاٹا روڈ پر آئے دن بدترین ٹریفک جام ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سنیچر کے روز شیل پھاٹا روڈ پر گاڑیاں ۵؍گھنٹے سے زیادہ دیر تک پھنسی رہیں۔ ٹریفک جام میں ہنگامی طور پر مریضوں کو اسپتال لے جانے والی متعدد ایمبولنس بھی شامل تھیں۔
کلیان،امبرناتھ اور اطراف کے شہریوں کو امید تھی کہ امبرناتھ میں عدالت کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے کیلئے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور دیگر اعلیٰ حکام شیل پھاٹا روڈ سے گزرنے والے ہیں اس لئے ٹریفک کا مسئلہ پیدا نہیں ہوگا۔لیکن ہوا اس کے بالکل برعکس۔سنیچر کی صبح سے ہی شیل پھاٹا روڈ پر واقع سونار پاڑہ، مان پاڑہ، کٹائی، پلاوا جنکشن، دیسائی گاؤں میں ٹریفک کا شیدید دباؤ دیکھا گیا۔
شیل پھاٹا روڈ کے ٹریفک جام کے پیش نظر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے عدالت کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے ہیلی کاپٹر سے امبرناتھ پہنچے۔ دوسری جانب شیل پھاٹا روڈ پر ۵ ؍سے ۶ ؍ کلو میٹر تک گاڑیوں کی قطاریں لگنے سے مسافروں کو سخت ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ نوی ممبئی سے ڈومبیولی آنے والے تابش شیخ نے بتایا کہ جب سے شیل پھاٹا روڈ پر میٹرو لائن کا کام شروع ہے تب سے معمولی فاصلہ طے کرنے کیلئے گاڑیوں میں گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔
یاد رہے کہ رکشا بندھن کا تہوار ہونے کی وجہ سے بھی سڑکوں پر معمول سے زیادہ گاڑیاں سڑکوں پر دوڑ رہی تھیں۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے جس طرح گھوڑ بندر روڈ کے ٹریفک جام کو سنجیدگی سے لیا ہے اسی طرح شیل پھاٹا روڈ پر ٹریفک جام کے حل کیلئے کوئی ٹھوس قدم اٹھائیں۔