Inquilab Logo Happiest Places to Work

پونے میں کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج، جم غفیر امڈ آیا

Updated: July 25, 2026, 8:52 AM IST | Pune

لال محل چوک کا علاقہ ’ انقلاب زندہ باد، دھرمیندر پردھان استعفیٰ دو ‘ کے نعروں سے گونج اٹھا، ہزاروں کی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی

Youth protesting for the tricolor at Lal Chowk in Pune (Photo: Agency)
پونے کے لال چوک پر ترنگے لئے نوجوان احتجاج کر رہے ہیں ( تصویر : ایجنسی)

نیٹ پیپر لیک معاملے میں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کرنے والی کاکروچ جنتا پارٹی نے جمعہ کے روز ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ مہاراشٹر میں مختلف علاقوں میں احتجاج کی کوشش کی لیکن بیشتر مقامات پر پولیس نے احتجاج کی اجازت نہیں دی ۔ البتہ پونے میں عوام نے سڑکوں پر اتر کر زبردست اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ 
 پونے کے لال محل چوک پر کاکروچ جنتا پارٹی کے مقامی کارکنان نے نوجوانوں سے جمع ہونے کی اپیل کی اور دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں کی تعداد میں نوجوان ہاتھوں میں پلے کارڈ لئے ، نعرے لگاتے ہوئے موقع پر جمع ہو گئے۔ انہوں نے ’ انقلاب زندہ باد ، دھرمیندر پردھان استعفیٰ دو، بھارت ماتا کی جے‘ کے نعرے لگائے۔  لال محل چوک پر تل دھرنے کی جگہ نہیں تھے بس انسانی سر ہی دکھائی دے رہے تھے۔ احتجاج کی وجہ سے علاقے میں ٹریفک جام ہو گیا۔ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ پولیس نے پہلے ہی بڑی تعداد میں اہلکاروں کو لال محل چوک پر تعینات کر رکھا تھا۔ یاد رہے کہ ایک روز قبل ونچت بہوجن اگھاڑی نے مہاراشٹر بند کا اعلان کیا تھا۔ اس موقع پر بھی جن مقامات پر سب سے زیادہ تعداد میں باہر نکل کر لوگوں نے احتجاج کیا ان میں پونے سرفہرست تھا۔ اگلے ہی دن یعنی جمعہ کو بھی بڑی تعداد میں لوگ سڑکوںپر نظر آئے۔ انہوں نے پوری شدت کے ساتھ نعرے لگائے۔ دھرمیندر پردھان کے استعفے کے ساتھ نیٹ پیپر لیک معاملے کے خاطیوں کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا اور آئندہ اس طرح کا کوئی واقعہ نہ ہو اس کیلئے امتحان کے نظام میں شفافیت لانے پر زور دیا۔ یہ احتجاج پُرامن رہا اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ یاد رہے کہ ممبئی اور ناگپور میں ایک روز قبل  پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ دیکھنے کو ملی تھی۔
اورنگ آباد میںاحتجاج کی اجازت نہیں
 کاکروچ جنتا پارٹی کی طرف سے اورنگ آباد میں احتجاج کی اجازت مانگی گئی تھی۔ شہر کے مشہور کرانتی چوک پر لوگ جمع ہو کر احتجاج کرنا چاہتے تھے لیکن پولیس نے اجازت نہیں دی۔ پولیس کے اس رویے کے خلاف مقامی تنظیموں نے بامبے ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بینچ سے رجوع بھی کیا تھا لیکن خبر لکھے جانے تک اورنگ آباد سے کسی طرح کے احتجاج کی کوئی خبر موصول نہیں ہوئی تھی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ احتجاج کے سبب ماحول خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ سیکوریٹی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے مظاہرے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ یاد رہے کہ جمعرات کو ناگپور کے سنویدھان چوک پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ احتجاج کیلئے جمع ہوئے تھے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے نریندر مودی کے تعلق سے سخت اور طنزیہ تبصروں والے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جس پر پولیس نے اعتراض کیا۔ پولیس مظاہرین کو گاڑی میں بٹھا کر پولیس اسٹیشن لے گئی ۔ اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ 
 اسی کے پیش نظر جمعہ کو بیشتر مقامات پر کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج کو پولیس نے منظوری نہیں دی۔ریاست کے بیشتر مقامات پر دفعہ ۱۴۴؍ لگائی گئی ہے اور اگر کوئی احتجاج کی کوشش کرتا ہے تو اسے روکا جا رہا ہے۔ البتہ ناسک، اکولہ اور دیگر مقامات پر چھوٹے موٹے احتجاج دیکھنےکو ملے۔   

NEET pune Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK