دیپکے نے ایک پوسٹ میں انہیں سوشل میڈیا پر موصول ہونے والے دھمکی آمیز پیغامات کے اسکرین شاٹس شیئر کئے۔ ان پیغامات میں انہیں کاکروچ جنتا پارٹی کا اکاؤنٹ بند کرنے کی وارننگ دی گئی اور اس میں ”امریکہ میں بھی مروا دیں گے تجھے“ جیسی دھمکیاں ہیں۔
EPAPER
Updated: May 22, 2026, 6:18 PM IST | New Delhi
دیپکے نے ایک پوسٹ میں انہیں سوشل میڈیا پر موصول ہونے والے دھمکی آمیز پیغامات کے اسکرین شاٹس شیئر کئے۔ ان پیغامات میں انہیں کاکروچ جنتا پارٹی کا اکاؤنٹ بند کرنے کی وارننگ دی گئی اور اس میں ”امریکہ میں بھی مروا دیں گے تجھے“ جیسی دھمکیاں ہیں۔
طنزیہ آن لائن تحریک ”کاکروچ جنتا پارٹی“ (سی جے پی) کی زبردست مقبولیت نے اس کے بانی ابھیجیت دیپکے کی حفاظت کے بارے میں ان کے والدین کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ واضح رہے کہ ۱۶ مئی سے شروع ہونے والی یہ تحریک سوشل میڈیا پر مسلسل چھائی ہوئی ہے اور چند ہی دنوں کے اندر انسٹاگرام پر اس کے فالوورز کی تعداد ۲ کروڑ ۸ لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔
مہاراشٹرا کے چھترپتی سمبھاجی نگر کے رہائشی، بھگوان اور انیتا دیپکے نے بتایا کہ سی جے پی کے لانچ ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ابھیجیت کی بڑھتی ہوئی شہرت نے انہیں فکرمند کردیا ہے۔ بھگوان دیپکے کے مطابق، خاندان کو ڈر ہے کہ ان کے بیٹے کا سیاسی طنز اور عوامی مسائل پر تنقید ہندوستان واپسی کے بعد ان کیلئے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”اگر ہم آج کل کی سیاست کو دیکھیں تو یہ خوف فطری ہے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے بیٹے کے مستقبل کی فکر میں دو راتوں سے سو نہیں سکے۔
انیتا دیپکے نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کا بیٹا خیر و عافیت سے گھر لوٹ آئے اور اپنے کریئر پر توجہ دے۔ ہم نہیں چاہتے کہ وہ سیاست میں داخل ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ خاندان کو سب سے پہلے پڑوسیوں اور رشتہ داروں کے ذریعے اس پلیٹ فارم کی مقبولیت کا پتہ چلا۔
ابھیجیت دیپکے کو قتل کی دھمکیاں موصول ہورہی ہیں
دیپکے نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ کاکروچ جنتا پارٹی تحریک کے گرد تنازعہ شدت اختیار کرنے کے بعد اب انہیں قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ انہوں نے وہاٹس ایپ پر موصول ہوئے دھمکی آمیز پیغامات کے اسکرین شاٹس شیئر کئے۔ ان پیغامات میں انہیں کاکروچ جنتا پارٹی کا اکاؤنٹ بند کرنے کی وارننگ دی گئی تھی اور اس میں ”امریکہ میں بھی مروا دیں گے تجھے“ جیسی دھمکیاں تھیں۔ واضح رہے کہ دیپکے فی الحال امریکہ میں مقیم ہیں۔ اسکرین شاٹس کے مطابق، نامعلوم نمبر سے میسیج کرنے والے شخص نے ان پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہونے کیلئے بھی دباؤ ڈالا۔ ابھیجیت کی ایک علیحدہ پوسٹ کے مطابق، انہیں موصول ہونے والے پیغامات میں ان کے خاندان کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔
Receiving death threats now. pic.twitter.com/agCy94jXEf
— Abhijeet Dipke (@abhijeet_dipke) May 22, 2026
ابھیجیت دیپکے نے ’غیر ملکی فالوورز‘ کے دعووں کو مسترد کردیا
کاکروچ جنتا پارٹی کی بے پناہ مقبولیت اور انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد میں زبردست اضافہ کے بعد یہ الزامات گردش کرنے لگے تھے کہ اس تحریک کو پاکستان، ترکی اور دیگر ممالک سے بڑی تعداد میں حمایت مل رہی ہے اور اس کے زیادہ تر فالوورز بھی انہی ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔ غیر ملکی اثر و رسوخ کا دعویٰ کرنے والے اسکرین شاٹس وائرل ہونے کے بعد ابھیجیت دیپکے نے ان الزامات کا جواب دیتے ہوئے تحریک کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے اینالیٹکس (اعداد و شمار) شیئر کئے اور بتایا کہ کاکروچ جنتا پارٹی کے ۷ء۹۴ فیصد فالوورز ہندوستان سے ہیں۔ انہوں نے ایکس پر لکھا کہ ”آپ ۹۴ فیصد ہندوستانی نوجوانوں کو پاکستانی کیوں کہہ رہے ہیں؟“
دیپکے کی طرف سے شیئر کئے گئے اسکرین شاٹس کے مطابق، ۷ء۹۴ فیصد فالوورز ہندوستان سے، ایک فیصد امریکہ سے، ۷ء۰ فیصد برطانیہ سے، ۶ء۰ فیصد کنیڈا سے اور ۶ء۰ فیصد متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھتے ہیں۔ دیپکے نے یہ الزام بھی لگایا کہ انٹرنیٹ پر تیز رفتار ترقی کے بعد لوگ اکاؤنٹ کو ہیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نیٹ (NEET) تنازع پر سی جے پی کی مہم کا آغاز
کاکروچ جنتا پارٹی نے نیٹ یو جی (NEET-UG) پیپر لیک تنازع پر مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنی پہلی بڑی آن لائن مہم کا آغاز کیا ہے۔ ایکس پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں، دیپکے نے طلبہ اور حامیوں سے اپیل کی کہ وہ ”وزیرِ تعلیم کو برطرف کرنے کی“ آن لائن پٹیشن پر دستخط کریں۔ ویڈیو میں دلیل دی گئی ہے کہ بار بار پیپر لیک ہونے، نتائج میں تاخیر اور امتحانی نظام کی ناکامیوں نے تعلیمی نظام پر عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے اور ۲۲ لاکھ سے زیادہ امیدواروں کو متاثر کیا ہے۔ پٹیشن پیج کے مطابق، خبر لکھے جانے تک، دو لاکھ ۳۳ ہزار سے زیادہ دستخط ریکارڈ کئے جاچکے ہیں۔