Inquilab Logo

یوپی کے میدانی علاقوں میں پہاڑی علاقوں جیسی ٹھنڈ

Updated: January 14, 2021, 12:50 PM IST | Inquilab News Network / Agency | Lucknow

ریاست میں ایک بار پھر سردی شباب پر ۔ پہاڑوں پر شدید بر ف باری کے بعد سرد لہروں نے زندگی کو منجمد کر دیا ہے۔ کچھ مقامات پر دوپہر تک سورج بادلوں میں چھپا رہا ، گھنا کہرا بھی چھا یا رہا۔ عوامی مقامات پر الاؤ جل رہےہیں ۔ محکمۂ موسمیات نے کئی اضلاع میں۷۲؍ گھنٹے کیلئے کولڈ ڈے کاالرٹ جاری کیا

Weather in Uttar Pradesh - Pic : PTI
گھنےکہرے کے درمیان لوگ گزر رہےہیں۔ ( پی ٹی آئی

اتر پر دیش  میں پہاڑوں پر شدید برف باری کے سبب  سرد لہر چل  رہی ہے۔  منگل سے پوری ریاست منجمد کرنے دینے والی ٹھنڈ کی زد میں ہے ۔ سرد ہواؤں نے ٹھنڈ میں کا فی اضافہ کردیا ہے۔ ریاست کے زیادہ تر علاقوں میں صبح۱۰؍بجے تک درجۂ حرارت ۱۰؍ سے ۱۳؍ ڈگری سلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا  جبکہ گھنے کہرے اور گلن کے درمیان ایئر کوالٹی انڈکس خطرناک حد تک جاپہنچی ہے۔ دریں اثناء محکمۂ موسمیات نے کئی اضلاع  میں کولڈ  ڈے کاالرٹ جاری کیا ہے۔  بدھ کو کچھ مقامات پر دوپہر تک سورج بادلوں میں چھپا  رہا جس سے لوگ اور زیادہ ٹھٹھر تے رہے۔ دوپہر  کےبعد  دھوپ نکلی تو   راحت ملی  ۔ 
  آنے والے دنوں میں درجۂ حرارت میں مزید کمی کا اندیشہ ہے۔ سردی بڑھنے کے ساتھ اب گھنا کہرا بھی چھا رہا ہے۔ دن کا درجۂ حرارت  کم ہونے کے ساتھ نمی میں اضافہ ہونے کے بعد ٹھنڈ میں مزید اضافہ ہوگا۔    منگل کو  عوامی مقامات پر رات بھر لوگ الاؤ کے سامنے ٹھنڈ سے بچنے کی کوشش کرتے رہے۔ بدھ کی صبح پھر وہی حالات رہے۔ ڈاکٹروں نے  ٹھنڈ سے بچنے اور کھانے پینے میں احتیاط برتنے کی صلاح دی ہے ۔ خاص طور سے بچوں اور بزرگوں کو ٹھنڈ سے بچاکر رکھنا ضروری ہے۔
  بد ھ کی صبح پوری طرح کہرے میں چادر لپٹی  رہی۔ دوپہر تک آسمان صاف ہوگیا۔  اس کے بعد گلن پورے دن محسوس کی گئی۔کہرے اور سرد لہر کی وجہ سے صبح کے وقت ٹہلنے سے پرہیز کیا گیا ۔ دوپہر کے بعد ہلکی  دھوپ نکلنے سے گھریلو خواتین اور بزرگوں نے راحت محسوس۔ سردی کی وجہ سے سرکاری دفاتر کے لوگ دھوپ میں وقت گزارتے نظر آئے۔ صبح  اور شام ڈھلتے ہی کہرا اور گلن سے عام لوگ پریشان  رہے۔صبح۸؍ بجے سے۱۱؍ بجے تک لوگ  سڑکوں پر گاڑی کی لائٹ جلا کر چلتے رہے۔ واضح رہےکہ جنوری کے پہلے ہفتے میں سردی غائب ہوگئی تھی لیکن پیر کی شب اچانک سردی کی آمد کےبعد  ایک بار پھر گرم کپڑے نکل  لئے گئے۔ اب  لوگ گھر سے نکلتے وقت گرم کپڑے  پہنتے ہیں۔
 نشتر کی طرح چبھنے والی سرد ہواؤں سے  زندگی ٹھہر سی گئی ہے۔مظفر نگر ، آگرہ، میرٹھ، بلیا، لکھنؤ، پریاگ راج، بارہ بنکی،کانپور اور بریلی کے ساتھ ساتھ تقریباً پورے اترپردیش میں گلن اور سرد لہر کی وجہ سے پہاڑی علاقوں جیسا نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کہرے اور دھندکی وجہ سے سڑک کی آمدورفت پوری طرح سے متاثر  ہے ۔  ریل اور ہوائی آمدورفت پر بھی موسم نے  اثر ڈالا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ٹھنڈ کے تیوروں میں فی الحال نرمی کے کوئی آثار نہیں ہیں۔آئندہ ۲۴؍گھنٹے میں ریاست میں موسم عام طور پر خشک رہنے کے آثار ہیں۔ اس دوران مغرب کے کچھ مقامات پر کولڈ ڈے کے حالات  پیدا ہو سکتے ہیں۔ زیادہ تر علاقوں میں کم از کم درجہ حرارت ۶؍ڈگری سلسیس اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۲۳۔۲۱؍ڈگری سلسیس رہنے کاامکان ہے۔عام طور پر۹؍بجے سے کھلنے والے بازاروں میں  سردی کی وجہ سے۱۰؍ بجے کے بعد بھی سناٹا چھایا رہا ۔   سرکاری اور پرائیویٹ دفاتر میں حاضری پر بھی اثر دکھا۔ ملازمین سردی کی وجہ سے دفاتر میں۲۰۔۱۵؍منٹ کی تاخیر سے پہنچے ۔ٹھٹھرن کی وجہ سے سڑکوں پر جگہ جگہ الاؤ دیکھا جارہا ہے ۔ مویشی بھی ٹھنڈ دور کرتے دکھائی دئیے۔
  اکثر اضلاع میں صبح ساڑھے ۱۰؍ بجے تک سورج کی کرنوں نے زمین نہیں آئیں۔ ۹؍ ویں سے۱۲؍ ویں جماعت تک طلبہ کیلئے اسکول کھلنے کے باوجود بدھ کو بھی طلبہ کی تعدادانتہائی محدود رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے زیادہ تر علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈکس (اے کیو آئی) ۱۶۰؍کے اوپر ریکارڈ کیا گیا جو سانس اور امراض قلب کیلئے  انتہائی نقصاندہ مانا گیا ہے۔
 ڈاکٹروں نے مشورہ دیا ہے کہ خاص طو پر بزرگ اور مریض ٹھنڈ میں باہر نکلنے سے پرہیز کریں اور اگر دھوپ بھی کھانی ہے تو سراور پاؤں کو گرم کپڑوں سے ڈھک کر رکھیں۔کورونا انفیکشن کی وجہ سے سڑک پر نکلنے سے پہلے ماسک کا استعمال ضرور کریں۔بند کمرے میں انگیٹھی اور دیگر جلنے والی اشیاء کا استعمال قطعی نہ کریں ۔  ان سے نکلنے والی گیس صحت کے لئے مضر ہوسکتی ہے۔   دریں اثنا ء خاص طور سے حاملہ خواتین، بزرگ اور سنگین امراض سے متاثرہ افراد کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ گھر سے باہر نکلنے سے پرہیز کریں اور اگر بیحد ضرور ہو تو سر ،پاؤں،گلا اور ناک کو ڈھک کر باہر نکلیں۔ اس دوران ہلکے مگر گرم لباس ہمیشہ اوپر سے ڈالے رکھیں۔
 اسی دوران دانت بجنے  والی سردی اور گھنے کہرے  کے درمیان  ریاستی محکمہ موسمیات نے `کولڈ ڈے `کا الرٹ جاری کیا ہے۔محکمہ موسمیات نے انتباہ دیا ہے کہ سہارنپور، شاملی، مظفر نگر، میرٹھ، علی گڑھ، بجنور،امروہہ،مرادآباد، رامپور، بریلی، پیلی بھیت،شاہجہاں پور،بہرائچ،سراوستی،ہردوئی،گونڈہ،بستی،سنت کبیر نگر،گورکھپور،کانپور اور آس پاس کے علاقوں میں کم سے کم اگلے۷۲؍گھنٹے کولڈ ڈے کے حالات رہیں گے۔مظفر نگر،میرٹھ، بریلی،شاہجہاں پور،ہردوئی، کانپور اور سو ن بھدر کے آس پاس کے علاقوں میں  سرد لہر  بڑھنے کے آثار ہیں۔اس دوران درجہ حرارت میں کمی آنے کے ساتھ چبھنے والی سرد ہوائیں چلیں گی۔
 محکمہ کے ذریعہ جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ اس  دوران شاہجہاں پور، شاملی، مظفرنگر، میرٹھ، علی گڑھ، آگرہ، نوئیڈا، غاذی آباد، بجنور، امروہہ،مرادآباد ،رامپور، بریلی، پیلی بھیت، شاہجہاں پور،لکھیم پور کھیری، بہرائچ،سراوستی،ہردوئی، بلرامپور، گونڈہ،سدھارتھ نگر، بستی، سنت کبیر نگر، مہراج گنج،کشی نگر، گورکھپور،دیوریا،کانپورشہر اور بارہ بنکی میں گھنا کہرا چھایا رہے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK