Inquilab Logo

ملک کے کئی حصوں میں سردی کی لہر، پیر کو دہلی میں سیزن کا سرد ترین دن رہا

Updated: January 16, 2024, 9:46 AM IST | Agency | New Delhi

درجہ حرارت ۳؍ ڈگری تک پہنچا،یوپی ، پنجاب اور ہریانہ میں شدید کہرا، کئی پروازیں منسوخ اور کئی کا رخ موڑ اگیا، یوپی میں ۱۷؍جنوری تک اسکولوں کی چھٹی۔

In North India, the visibility has been greatly reduced due to haze. Photo: INN
شمالی ہند میں کہرے کی وجہ سے حد نگاہ کافی کم ہوگئی ہے۔ تصویر : آئی این این

 ملک کی کئی ریاستوں میں سردی کی تیز لہر چل رہی ہے۔ اس دوران پیر کو دہلی ، ہریانہ اور پنجاب میں درجہ حرارت کافی نیچے گر گیا تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں درجہ حرارت ۳ء۳؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ یہ اس سیزن کا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کے کئی علاقوں میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے۔ اتوار کو کم سے کم درجہ حرارت۳ء۵؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔ یہ پیر تک سیزن کا کم ترین درجہ حرارت تھا۔ 
محکمہ موسمیات  کے مطابق دارالحکومت دہلی میں صبح۶؍ بجے کم از کم درجہ حرارت۷؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اسی کے ساتھ اس بات کا بھی امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ درجہ حرارت ۴؍ ڈگری سینٹی گریڈ مزید نیچےگر سکتا ہے۔آئی ایم ڈی کی جانب سے بتایا گیا کہ سردی کی لہر۱۵؍ جنوری کو  دن بھر تھی جبکہ۱۶؍ جنوری تک شدید سردی کے درمیان دھند کے حوالے سے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ٹھنڈی ہواؤں سے کئی وبائی امراض پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
 دوسری طرف یوپی میں شدید سردی کے پیش نظر اسکولوں کی چھٹیاں۱۷؍ جنوری تک بڑھا دی گئی ہیں۔ اسی طرح دہلی میں ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی اسکول صبح۹؍ بجے سے پہلے شروع نہیں ہوگا اور ڈبل شفٹ اسکولوں میں شام۵؍ بجے کے بعد کوئی کلاس نہیں ہوگی۔ اگلے احکامات تک ا سکولوں کو اس نظام الاوقات کے ساتھ چلنا ہو گا۔
 خیال رہے کہ اتوار اور پیر کو درجنوںپروازوں کا رُخ جے پور کی طرف موڑ دیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ دہلی ایئرپورٹ پر صبح ۶؍ بجے تک حد نگاہ محض ۵۰؍ میٹر تھی۔ ملک کی مختلف ریاستوں سے دہلی آنے والی ٹرینیں۶؍ سے۸؍ گھنٹے تاخیر سے پہنچیں۔ یہی نہیں بلکہ دھند کی وجہ سے گاڑیاں بھی سڑکوں پر رینگتی ہوئی چل رہی تھیں۔ ایسے میں لوگوں کو سائیکل کا استعمال کرنے یا کم فاصلے کیلئے پیدل چلنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
 پیر کو صبح کے وقت خراب موسم کی وجہ سے دہلی ہوائی اڈے پر آنے والی ۵؍ پروازوں کے روٹس کو تبدیل کر دیا گیا۔ اس کی اطلاع ایک افسر نےدی۔  اس نے بتایا کہ دیر رات ایک بجے سے صبح۵؍ بجے کے درمیان ۴؍ پروازوں کو جے پور اور ایک فلائٹ کو احمد آباد کی طرف موڑ دیا گیا جبکہ ایک دن قبل یعنی اتوار کو۱۰؍ پروازوں کا رخ موڑا گیا تھا۔اسی کے ساتھ کچھ پروازیں منسوخ بھی کی گئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK