ودربھ میں کم ازکم درجہ حرارت ۹؍ڈگری ، مغربی مہاراشٹر میں ۱۴؍ڈگری اور شمالی مہاراشٹر میں ۱۲؍ ڈگری پہنچ گیا ہے
ریاست کے کئی علاقوں میں صبح کے اوقات میں کہرا چھایا رہتا ہے۔ تصویر:آئی این این
مہاراشٹر کے کئی علاقوں میں سردی شباب پر ہے۔بالخصوص ودربھ میں درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ آئی ہے۔ اس باعث محکمہ موسمیات نے ودربھ کے ۳؍ اضلاع کیلئے الرٹ جاری کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق پورے ریاست میں درجۂ حرارت میں اُتار چڑھاؤ جاری ہے، لیکن ودربھ میں کم سے کم درجۂ حرارت میں کافی کمی درج کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق ناگپور اور گوندیا میں سردی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور دونوں اضلاع میں درجۂ حرارت۹؍ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ناگپور، گوندیا اور ایوت محل میں۷؍سے ۸؍دسمبر کے لئے سردی کی لہر کا الرٹ جاری ہے۔ ریاست کے دیگر علاقوں میں کم سے کم درجۂ حرارت ۱۲؍سے۱۵؍ ڈگری سینٹی گریڈکے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
پونے اور مغربی مہاراشٹر میں بھی درجۂ حرارت میں کافی تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق پونے میں اگلے ۲۴؍گھنٹوں کے لئے آسمان صاف،جبکہ موسم خشک رہے گا۔ اس علاقے میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت۲۹؍ ڈگری اور کم سے کم۱۴؍ ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ خاص طور پر رات اور صبح کے وقت ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی امید ہے۔محکمہ کے مطابق مراٹھواڑا میں سردی کا زور برقرار رہے گا۔ اورنگ آباد میں آسمان صاف رہنے کا امکان ہے۔ یہاں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت۲۹؍ ڈگری اور کم سے کم۱۴؍ ڈگری سینٹی گریڈرہ سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مراٹھواڑا کے دیگر شہروں میں بھی درجۂ حرارت میں تبدیلی کے ساتھ رات کے اوقات میں سردی زیادہ رہنے کا اندازہ ہے۔شمالی مہاراشٹرمیں بھی سردی کی زبردست لہر چل رہی ہے۔ناسک میں زیادہ سے زایدہ درجۂ حرارت۲۹؍ڈگری اور کم سے کم۱۲؍ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ اس علاقے کے کئی دیگر شہروں میں بھی کم سے کم درجۂ حرارت تقریباً۱۲؍ ڈگری کے آس پاس رہ سکتا ہے۔محکمۂ موسمیات نے ودربھ اور دیگر متاثرہ علاقوں کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سردی میں اضافے کے پیشِ نظر ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسمی حالات کے مطابق محتاط رہیں۔