Inquilab Logo Happiest Places to Work

غیر تدریسی عملے کی ہڑتال سے کالج اور یونیورسٹی کے امتحان منسوخ

Updated: February 04, 2023, 8:48 AM IST | saadat khan | Mumbai

ساتویں پے کمیشن اور خالی اسامیاں پُرکروانےکیلئےممبئی یونیورسٹی اور کالجوں کے ۲۵؍ہزار غیر تدریسی عملے نےامتحان کا کام کرنے سے منع کردیا، بامبے ٹیچریونین نے بھی حمایت کی

A large number of employees of Mumbai University can be seen during the protest
ممبئی یونیورسٹی میں بڑی تعداد میںملازمین کو احتجاج کے دوران دیکھا جاسکتاہے

ساتویں پے کمیشن، جونی پنشن، خالی اسامیاں اور بقایہ  رقم کی ادائیگی نہ کرنے کے خلاف ممبئی یونیورسٹی اور یونیورسٹی سے ملحق کالجوں کےتقریباً۲۵؍ہزار غیر تدریسی عملےنےجمعرات سے غیر معینہ مدت ہڑتال شروع کردی ہے۔نتیجتاً عملے کی قلت سے یونیورسٹی نے ۳؍فروری سےشروع ہونے والے سبھی امتحانات منسوخ کردیئےہیں۔بامبے یونیورسٹی اینڈکالج ٹیچرس یونین نےبھی غیر تدریسی عملے کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیاہے۔امتحانات کے منسوخ ہونے سے طلبہ میں مایوسی پائی جارہی ہے۔
 ممبئی ودیاپیتھ کرمچاری سنگھ کےجنرل سیکریٹری روپیش مالُو سرے نےانقلاب سےگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ’’ممبئی یونیورسٹی کے ۳؍ہزار اور یونیورسٹی سےملحق کالجوںکے تقریباً ۲۲؍ہزار  کے علاوہ ریاست کے دیگر کالجوںکےہزاروں غیر تدریسی عملےکے ساتھ۲۰۱۶ء سے ناانصافی کی جارہی ہے۔ہمیں ساتویںپےکمیشن کے مطابق تنخواہ نہیں دی جار ہی ہے۔ جونی پنشن کی سہولت سے محروم رکھاجارہاہے۔بقایہ رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی ہےاور خالی اسامیوںکوپُر نہیں کیاجارہاہے۔ان مسائل سے متعدد مرتبہ حکومت کو آگاہ کیاگیاہے۔ حکومت بار بار ان مطالبات کوپورا کرنےکا وعدہ کرتی ہےمگر ابھی تک انہیں پورا نہیں کیاگیاہے۔جس کی وجہ سے مجبوراً ہم نے ریاستی سطح پر آندولن شروع کیاہے۔‘‘
  انہوںنےیہ بھی کہاکہ ’’مذکورہ امتحان شروع ہونے سے قبل بدھ کو اعلیٰ تکنیکی تعلیم کےوزیر چندر کانت پاٹل سے ہماری میٹنگ ہوئی تھی ۔ لیکن میٹنگ کےناکام ہونے کے سبب جمعرات سے امتحان سےمتعلق جو کام تھے،ہم نے ان کام کابائیکاٹ کیاہے۔ ‘‘ 
   روپیش مالُو سرے کےمطابق ’’ اس تعلق سے جمعہ کو ہائراینڈٹیکنیکل ایجوکیشن کے جوائنٹ ڈائریکٹر سےہماری میٹنگ ہوئی ہے۔انہوںنے ایجوکیشن ڈائریکٹراورہائراینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے وزیر چندرکانت پاٹل کو میٹنگ کی روداد سے آگاہ کرنےاور معاملہ کاحل تلاش کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔‘‘واضح رہےکہ ممبئی اور ریاست کےدیگر اضلاع کےغیر زرعی یونیورسٹیوںاورکالجوںکے غیر تدریسی عملے کی ہڑتال کی وجہ سے ممبئی یونیورسٹی کےبورڈ آف ایگزامنیشن اینڈاِویلویشن کے ڈائریکٹر پرساد کرانڈے نے جمعرات کو ایک سرکیولر جاری کیاتھا۔جس میں سرمائی سیشن کےمتعدد گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن کورسیز کے امتحانات مثلاً ایل ایل بی، ایم کام، ایم اےاوردیگرکوغیر تدریسی عملے کی ہڑتال کی وجہ سے۳؍فروری کو شروع ہونےوالے امتحانات کو منسوخ کرنے کا اعلان کیاگیاتھا۔ سرکیولر میںیہ بھی لکھاتھاکہ امتحان کی اگلی تاریخوں کاجلد اعلان کیاجائے گا ۔
       بامبے یونیورسٹی اینڈکالج ٹیچرس یونین نے جمعہ کو ایک مکتوب جاری کرکے غیر تدریسی عملے کی ہڑتال اور بائیکاٹ کو حمایت دینے کا اعلان کیاہے۔  ممبئی یونیورسٹی کے ذریعےہو نے والے امتحانات کے منسوخ کئے جانے کےتعلق سے مہاراشٹر کالج بیلاسس روڈ کے پرنسپل سراج الدین چوگلےنےکہاکہ ’’ غیر تدریسی عملے کےمطالبات کئی برسوں سے پورے نہیں کئے گئے ہیں۔ اس وجہ سے نان ٹیچنگ اسٹاف نے امتحان کا کام کرنے سےمنع کردیاہے۔غیر تدریسی عملے کی ہڑتال کی وجہ سے امتحان منسوخ کردیئے گئےہیں۔ جس سے امتحان کی تیاری کرنےوالے طلبہ میں مایوسی ہے۔‘‘

exam Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK