Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرنل صوفیہ قریشی کو پورے ملک سے غیر معمولی حمایت

Updated: May 14, 2025, 11:30 PM IST | New Delhi

بدتمیزی کرنے والے ایم پی کے وزیر وجے شاہ کیخلاف ایف آئی آر درج ، ہائی کورٹ نے از خود نوٹس لیا،کانگریس کا ملک گیر احتجاج ، منہ پر کالک پوتنے کا اعلان کیا

Madhya Pradesh Minister Vijay Shah has made a very controversial statement regarding Colonel Sofiya Qureshi.
کرنل صوفیہ قریشی کے تعلق سے مدھیہ پردیش کے وزیر وجے شاہ نے انتہائی متنازع بیان دیا ہے

مدھیہ پردیش حکومت میںقبائلی امور کے وزیر وجے شاہ کے ذریعہ کرنل صوفیہ قریشی سے متعلق د ئیے گئے انتہائی  متنازع اور شرمناک بیان پر اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران کی سخت ناراضگی، پورے ملک سے کرنل صوفیہ کو ملنے والی غیر معمولی حمایت اور کانگریس پارٹی کے ملک گیر احتجاج کے بعد وجے شاہ  نہ صرف بیک فٹ پر آگئے ہیں بلکہ ان کی پارٹی بی جے پی کو بھی شدید سوالوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسی درمیان  مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے بھی وجے شاہ کے خلاف سخت  ناراضگی ظاہر کی ہے۔ ہائی کورٹ نے اس معاملے میں از خود نوٹس لیتے ہوئے وجے شاہ پر۴؍گھنٹے میں ایف آئی درج کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد فوری طور پر ایم پی حکومت کو حرکت میں آنا پڑا اور وجے شاہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنی پڑی۔ہائی کورٹ نے ریاست کے ڈی جی پی کو ہدایت دی تھی ۔ ہائی کورٹ نے اس معاملے میں از خود نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ہر حال میں  ایف آئی آر درج ہونی چا ہئے۔
 مدھیہ پردیش ہائی کورٹ  کے جسٹس اتُل شری دھرن کی ڈویژنل بنچ نےریاستی وزیر کے متنازع بیان پر کہا کہ و جے شاہ پر ایف آئی آر فوراً درج ہونی چا ہئے  اور کل صبح سب سے پہلے اس معاملے پر سماعت کی جائے گی۔ عدالت کے ذریعہ ڈی جی پی کو ہدایت دینے کی وجہ سے وجے شاہ کیلئے ایک اور مصیبت کھڑی ہو گئی ہے کیوں کہ اس سے قبل پورے ملک سے ان کے بیان کی شدید مذمت ہو رہی تھی اور کرنل صوفیہ کو غیر معمولی حمایت مل رہی تھی ۔ سوشل میڈیا سے لے کر ٹی وی چینلوں تک سبھی کرنل صوفیہ کی حمایت میں آگئے ہیں۔ 
   اس سے قبل ایم پی کانگریس کے صدر جیتو پٹواری سمیت کانگریس کا نمائندہ وفد شیاملا ہلز تھانے پہنچا اور وجے شاہ کے خلاف ملک سے غداری کا معاملہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس اس معاملے میں۱۵؍ مئی کو مدھیہ پردیش کے سبھی تھانوں میں شکایت بھی  درج کروائے گی۔ جیتو پٹواری نے کہا کہ وجے شاہ نے فوج کی توہین کی ہے، ایک خاتون کی توہین کی ہے اور سب سے بڑی بات انہوں نے پورے ملک کی توہین کی ہے۔  انہیں ایک منٹ بھی وزارتی عہدہ پر رہنے کا حق نہیں ہے۔ ان کے بیان سے ملک کے لوگوں میں شدید غصہ ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے تھانے میں درخواست دی ہے اور ساتھ ہی وزیر اعظم مودی  اور وزیر اعلیٰ موہن یادو کو بھی خط لکھا ہے تاکہ اس ذہنیت کے شخص کو فوراً کابینہ سے ہٹایا جائے اور پارٹی سے بھی برخاست کیا جائے۔ اس معاملے میں کانگریس پارٹی نے دبائو بناتے ہوئے سچن پائلٹ کو میدان میں اتاراجنہوں نے وجے شاہ کی فوری برطرفی کا مطالبہ کیا اور بی جے پی سے پوچھا کہ وہ اب تک اپنے عہدے پر برقرار کیسے ہیں؟ اس معاملے میں تنازع بڑھتا ہوا دیکھ کر وجے شاہ نے معافی مانگ لی ہے لیکن اس میں بھی انہوں نے براہ راست معافی نہیں مانگی ہے بلکہ صرف اتنا کہا ہے کہ وہ اپنے بیان کیلئے  افسوس ظاہر کرتےہیں۔ ان کے کہنے کا وہ مطلب نہیں تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK