ممبئی سینٹرل اور گرانٹ روڈ اسٹیشنوں کے درمیان بیلاسس روڈ پل پر گرڈ کی تنصیب کیلئے سنیچر کی رات میں۱۱؍ بجے سے اتوار کی دوپہر۱۲؍ بجے تک۱۳؍گھنٹے کے طویل بلاک کے دوران مسافروں کو زبردست دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔
بیلاسس روڈ پل کے کام کیلئے نائٹ بلاک رکھا گیا تھا۔ تصویر: آئی این این
ممبئی سینٹرل اور گرانٹ روڈ اسٹیشنوں کے درمیان بیلاسس روڈ پل پر گرڈ کی تنصیب کیلئے سنیچر کی رات میں۱۱؍ بجے سے اتوار کی دوپہر۱۲؍ بجے تک۱۳؍گھنٹے کے طویل بلاک کے دوران مسافروں کو زبردست دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ بہت سے مسافروں کو علم نہیں تھا کہ رات میں۱۱؍بجے سے بلاک شروع ہوجائے گا اور سلولائن کی ٹرینیں فاسٹ لائنوں پر چلائی جائیں گی ۔چنانچہ بہت سے مسافروں کو مہالکشمی سے ممبئی سینٹرل واپس آکر ٹرینیں پکڑنی پڑیں ۔ اسی طرح دیگر اسٹیشنوں پر بھی صورتحال تھی۔
دوسرا بلاک لوور پریل میں سنیچر کی شب میں۱۱؍ بجے سے اتوار کی صبح۷؍بجے تک تھا۔ ریلوے کا کہنا ہے کہ اسٹیشن ماسٹروں کو تفصیلات فراہم کرائی گئی تھیں۔ حالانکہ اس کی خاطر خواہ تشہیر کی ضرورت تھی تاکہ مسافر آگاہ رہ سکیں۔
نمائندۂ انقلاب نےدیکھا کہ سنیچر کی شب میں چند مسلم فیملی مہالکشمی اسٹیشن پر بکنگ کھڑکی پر ٹرینوں کی تفصیل معلوم کررہی ہے اور انڈیکیٹر پر چرچ گیٹ۱۲؍ بجکر۴؍منٹ لکھا ہوا ہے مگر کلرک یہ سمجھارہا تھا کہ مہالکشمی پر سلو لائن کی گاڑی نہیں رکے گی، آپ لوگ ممبئی سینٹرل جائیے، وہاں سے فاسٹ ٹرین ملے گی کیونکہ سلو لائن پر میجر بلاک ہے۔ نتیجہ یہ ہوا کہ مردو خواتین بچوں کے ساتھ دوڑے اور کسی طرح ممبئی سینٹرل پہنچ کر دوسری فاسٹ ٹرین سے باندرہ اور دیگر اسٹیشنوں کیلئے روانہ ہوئے۔
مہالکشمی سے جوگیشوری جانے والے حافظ اخلاق احمدنے کہا کہ عام مسافروں کو معلومات دینے کیلئے ریلوے کو خاطر خواہ طریقے سے تشہیر کرنی چاہئے تاکہ وہ اس طرح کے حالات کا شکار نہ ہوں۔ محمد عرفان جنہیں اپنے اہل خانہ کے ساتھ مالونی جانا تھا ، نے بتایا کہ اتنا طویل بلاک اور مسافر لاعلم۔ اتوار کو بلاک کے تعلق سے تو عموماً لوگوں کو علم ہوتا ہے کیونکہ اکثر بلاک کیا جاتا ہے مگر اس کے بارے میں معلوم نہیں تھا ورنہ کسی طرح ممبئی سینٹرل چلے جاتے یا بلاک شروع ہونے سے پہلے ہی گھر کیلئے روانہ ہوجاتے۔ایک اور مسافر عبدالرحمٰن خان نے بتایا کہ معلوم ہوا ہے کہ اس وقت کاندیولی اور بوریولی کے درمیان بھی کام چل رہا ہے مگر ممبئی سینٹرل کے اس بلاک کے بارے میں علم نہیں تھا جس سے ہمارے ایسے بہت سے مسافروں کو پریشانی ہوئی۔
ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک نے مسافروں کی ناراضگی اور نمائندہ انقلاب کے سوال پر بتایا کہ میجر بلاک کے تعلق سے پیشگی اطلاع دی گئی تھی اور تمام اسٹیشن ماسٹروں کو بھی تفصیلات فراہم کرائی گئی تھیں ۔ کوشش کی جائے گی کہ آئندہ مزید اہتمام کے ساتھ مسافروں کو باخبر کیا جائے۔