Updated: February 25, 2026, 1:01 PM IST
| Mumbai
نتیش تیواری کی فلم ’’رامائن ‘‘کے حوالے سے ریلیز سے پہلے ٹیسٹ اسکریننگ کی خبر سامنے آئی ہے۔ لاس اینجلس میں منعقد کیے گئے اس خصوصی شو میں منتخب ناظرین نے فلم کا پہلا کٹ دیکھا۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا ’’آدی پورُش‘‘ کے تنازع کے بعد میکرز کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتے، اس لیے پہلے ہی ناظرین کی رائے لے لی گئی؟ جانیے کیسے رہے ردِعمل۔
رنبیر کپورفلم رامائن میں۔ تصویر:آئی این این
رامائن مووی فرسٹ ریویو؟ کیا اس عنوان نے آپ کو کنفیوز کر دیا؟ آپ بھی سوچ رہے ہوں گے کہ ٹریلر اور فلم کی ریلیز سے پہلے فرسٹ ریویو کیسے آ گیا؟ کیا فلم وقت سے پہلے ریلیز ہو گئی؟ یا پھر پربھاس کی متنازع فلم’آدی پورُش‘ کے بعد نیتیش تیواری گھبرا گئے؟ اگر یہ سوالات آپ کے ذہن میں ہیں تو یہ خبر آپ کے لیے ہے۔ ہدایتکار نیتیش تیواری کی انتہائی متوقع فلم’’رامائن‘‘ اس دیوالی پر ریلیز ہونے والی ہے اور فلم کے لیے لوگوں کا جوش عروج پر ہے۔ میکرز نے ناظرین کے ردِعمل جاننے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھایا اور اس ٹیسٹ میں وہ مکمل نمبروں سے پاس ہوئے۔
نیتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’رامائن‘‘ کے بارے میں بڑا اپڈیٹ سامنے آیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق فلم کا پہلا کٹ حال ہی میں لاس اینجلس کے سینیمارک پلیا وسٹا تھیٹر میں منتخب ناظرین کو دکھایا گیا۔ دی ویک کی رپورٹ کے مطابق ۱۸؍ سے ۶۰؍ سال کی عمر کے ناظرین نے اس خصوصی اسکریننگ میں شرکت کی اور فلم کے بارے میں مثبت ردِعمل دیا، جس سے میکرز نے سکون کا سانس لیا۔
یہ بھی پڑھئے:رنجی فائنل:شبھم اور یاور کی شاندار بلے بازی
ناظرین نے کیا کہا؟
ابتدائی رپورٹس کے مطابق رامائن کو لے کر ناظرین کا ردِعمل ’’انتہائی مثبت‘‘ رہا۔ فلم دیکھنے کے بعد ناظرین نے اس کے شاندار پیمانے، بہترین وی ایف ایکس اور جذباتی کہانی سنانے کے انداز کی تعریف کی۔ کئی لوگوں نے اسے ’’جڑوں سے جڑی کہانی‘‘ قرار دیا، جو ہندوستانی تہذیب سے گہرا تعلق رکھتی محسوس ہوتی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ فلم کی کہانی نے ناظرین کو جذباتی کر دیا جبکہ ویژول ایفیکٹس نے سب کا دل جیت لیا۔ یہ اسکریننگ بنیادی طور پر ناظرین کی رائے جاننے کے لیے تھی تاکہ حتمی فلم میں ضروری تبدیلیاں کی جا سکیں۔ دیوالی ۲۰۲۶ء کی ریلیز سے پہلے یہ ایک اہم امتحان تھا۔
یہ بھی پڑھئے:سنجے لیلا بھنسالی کی فلم لَو اینڈ وار میں نظر آئے گا اُن کا خاص نظریہ
فلم کی ریلیز اور اسٹار کاسٹ
فلم’’رامائن‘‘ دو حصوں میں بن رہی ہے۔ پہلا حصہ دیوالی ۲۰۲۶ء میں دنیا بھر میں ریلیز ہوگا جبکہ دوسرا حصہ دیوالی ۲۰۲۷ء میں آئے گا۔ رنبیر کپور بھگوان رام، سائی پلوی سیتا اور یش راون کے کردار میں نظر آئیں گے۔ سنی دیول ہنومان، روی دوبے لکشمن، کاجل اگروال مندودری اور رکول پریت سنگھ شورپنکھا کے کردار ادا کریں گے۔ فلم کی موسیقی اے آر رحمان اور ہنس زیمر نے دی ہے جبکہ وی ایف ایکس آسکر یافتہ اسٹوڈیوڈی این ای جی سنبھال رہا ہے۔ فلم کا بجٹ تقریباً ۴۰۰۰؍ کروڑ روپے بتایا جا رہا ہے۔ اب مداحوں کو ٹریلر کا بے صبری سے انتظار ہے۔