Inquilab Logo Happiest Places to Work

۷؍ ہزار سے زائد یونٹ کی تعمیرات پر مکمل روک!

Updated: July 01, 2025, 8:12 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ماحولیات کے تحفظ کی خلاف ورزی کرنے پر تعمیرات سے روک دیا گیا۔ صار ف او رڈیولپرس کوشدید مالی نقصان کا خطرہ

Construction work is underway in 493 housing projects in MMR. (File photo)
ایم ایم آر میں ۴۹۳؍ ہاؤسنگ پروجیکٹس میں تعمیراتی کام کا سلسلہ جاری ہے۔( فائل فوٹو )

تھانے اور اطراف میں بننے والے ۴؍ سو سے زائد پروجیکٹوں میں ۷؍ ہزار سے زائد رہائشی یونٹس اس وقت بری طرح متاثر ہوئیں جب نیشنل گرین ٹربیونل کے روبرو خاتون پرانجل کریرا نے  زیر تعمیر اکثر پروجیکٹوں سے جنگلات اور ماحولیات کو شدید نقصان ہونےکا دعویٰ کیا اور اس کے لئے قواعد کے مطابق اجازت حاصل نہ کرنے کا الزام لگایا ۔ٹریبونل نے نہ صرف مذکورہ بالا پروجیکٹوں میں بننے والی ۷؍ ہزار سے زائد یونٹ کی تعمیرات پر مکمل روک لگا دی ہے بلکہ جنگلات اور ماحولیات کے تحفظ کی ضمن میں بنائے گئے قانون کے تحت تعمیرات کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے مرکزی حکومت سے اجازت حاصل کرنے کو لازمی قرار دیا ہے۔
  نیشنل گرین ٹربیونل نے ۷؍ ہزار سے زائد جن رہائشی یونیٹوں کی تعمیرات پر روک لگائی ہے ان میں تھانے اور کرنالہ برڈ سینچری ، سنجے گاندھی نیشنل پارک ، پنویل کریٹ ٹنگریشور والڈ لائفسینچری اور پھنساد والڈ لائف سینچری کےاطراف بنائےجانےوالے پروجیکٹ شامل ہیں ۔ اطلاع کے مطابق ٹربیونل کے اس فیصلہ سے مذکورہ بالا پروجیکٹس میں مکان خریدنے والے صارف اور ڈیولپرس بری طرح متاثر ہورہے ہیں ۔ واضح رہے کہ ممبئی میٹرو پولیٹین ریجن ( ایم ایم آر) میں کل ۴۹۳؍ ہاؤسنگ پروجیکٹس میں تعمیراتی کام کا سلسلہ جنگی پیمانے پر جاری ہے ۔
 وہیں ٹربیونل ۷ ؍ ہزار سےزائد رہائشی یونٹ کی تعمیرات پر روک لگانے سےمتعلق ڈیولپرس کی اپیل اورہونے والے مالی خسارے کا جواز پیش کرنے پر بھی کوئی راحت نہیں دی ہے ۔ ٹریبونل کے بقول پرانجل کریرا کےذریعہ جنگلات کےاطراف۵؍کلومیٹرکے دائرےمیں رہائشی تعمیرات کرنے سے ماحولیات کو ہونے والے نقصانات کی جو نشاندہی کی ہے اسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے ۔
  گرین ٹربیونل کا یہ بھی کہنا تھا کہ پروجیکٹ کو جاری رکھنے کیلئے ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈیولپرس کو ریاستی حکومت کے بجائے مرکزی حکومت سے اجازت حاصل کرنا لازمی ہوگا ۔ یہی نہیں ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن میں بننے والے پروجیکٹوں سے متعلق پولیوشن کنٹرول بورڈ نے جائزہ لینے کے بعد اکثر علاقوں میں بننے والے رہائشی پروجیکٹوں کو فضائی آلودگی ،ماحولیات اورجنگلات کے لئے نقصاندہ قرار دیا ہے۔ بعد ازیں اس ضمن میں بعض ڈیولپرس نے بی ایم سی کمشنر بھوشن گگرانی سے ملاقات کررہائشی عمارت کا بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کی اجازت دینے کی اپیل کی تھی ۔ ساتھ ہی اپنے علاوہ صارفین کو ہونے والی مالی نقصانات کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے پروجیکٹ کو جاری رکھنے کی درخواست کی تھی اور یہ بھی بتایا تھا کہ اس پروجیکٹس میں مکان خریدنے والے اکثر صارف مڈل کلاس سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہیں شہری انتظامیہ کے کمشنر نے نیشنل گرین ٹریبونل کے فیصلہ میں مداخلت نہ کرنے کا جواز پیش کرتے ہوئے ڈیولپرس کی اپیل کو مسترد کر دیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK