اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے مطابق عالمی انسانی قانون کے تحت شہریوں اور شہری تنصیبات کا تحفظ لازم ہے
EPAPER
Updated: December 19, 2025, 11:31 PM IST | New York
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے مطابق عالمی انسانی قانون کے تحت شہریوں اور شہری تنصیبات کا تحفظ لازم ہے
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے خبردار کیا ہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے ایک دوسرے پر فضائی حملوں اور بھاری توپ خانے کی گولہ باری سے شہریوں کو لاحق خطرات بڑھتے جا رہے ہیں۔انہوں نے ایسی اطلاعات پر تشویش ظاہر کی ہے جن کے مطابق دونوں ممالک کی جانب سے سرحد پار دیہات اور ثقافتی مقامات کے قریب جنگی طیاروں، ڈرون اور توپ خانے سے حملے کئے گئے ہیں۔ ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت شہریوں اور شہری تنصیبات کا تحفظ لازم ہے۔
اطلاعات کے مطابق۷؍ دسمبر کو دونوں ممالک کی لڑائی دوبارہ شروع ہونے کے بعد کمبوڈیا نے اپنے۱۸؍ شہریوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع دی ہے جبکہ تھائی لینڈ میں ایک شہری کی موت کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اب دونوں ممالک سرحدی علاقوں سے آگے بڑھ کر ایک دوسرے کے اندرونی علاقوں میں بھی حملے کر رہے ہیں۔
وولکر ترک نے کہا ہے کہ لڑائی کے باعث اب تک تقریباً۷؍ لاکھ۵۰؍ ہزار افراد اپنے گھروں سے نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کمبوڈیا میں کیسینو کمپلیکس اور مبینہ آن لائن فراڈ مراکز بھی حملوں کی زد میں آئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق، کمبوڈیا کے شمال مغربی قصبے اوسمچ میں۸؍دسمبر کو ہونے والے ایک فضائی حملے میں ایک شہری ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ہائی کمشنر نے خبردار کیا ہے کہ جعلسازی کے مراکز میں کام کرنے پر مجبور کئے جانے والے غیر ملکیوں کو اب ان حملوں سے جان کا خطرہ ہے۔ ایسی جگہوں پر کام کرنے والے ان افراد کا فوری انخلاء ممکن بنایا جائے۔
انہوں نے فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لڑائی ختم کریں اور مذاکرات کی جانب واپس آئیں۔ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا نے کئی برس میں تعاون کی ایک مضبوط بنیاد قائم کی ہے جو مشترکہ تاریخ اور اقدار پر مبنی ہے جن میں انسانی حقوق سے وابستگی بھی شامل ہے۔ دونوں ممالک کے پاس ایسے وسائل اور تعلقات موجود ہیں جو انہیں دوبارہ بات چیت اور پائیدار امن کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔