حادثے میں کئی بوگیاں پٹری سے اترگئیں اور ٹرین میں آگ لگ گئی۔ ٹرین بانکوک سے اوبن رچاتانی صوبے جا رہی تھی اور اس میں ۱۹۵؍ مسافر سوار تھے۔
جائے حادثہ پر امدادی کارکن نظر آرہے ہیں۔ تصویر: اےپی/پی ٹی آئی
تھائی لینڈ میں کرین مسافر ٹرین پر گرنے سے۲۹؍ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ اس حادثے میں۶۴؍ سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق تھائی لینڈ میں چین کی معاونت سے بننے والے ہائی اسپیڈ ریل منصوبے پر کام کر نےو الا ایک کرین مسافر ٹرین پر گرنے سے حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں کم از کم۲۹؍ افراد ہلاک اور۶۴؍ سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
حکام نے بتایا کہ واقعہ صبح تقریباً۹؍ بجے پیش آیا، کرین ریلوے ٹریک پر گرا جس سے ٹرین ٹکرا گئی، حادثے میں کئی بوگیاں پٹری سے اترگئیں اور ٹرین میں آگ لگ گئی۔ حادثے میں زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
پبلک ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ حادثہ پیش آنے کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔مقامی میڈیا کی لائیو فوٹیج میں دکھایا گیا کہ ٹرین اپنی طرف سے الٹی حالت میں پٹری سے اتر گئی اور دھواں اٹھ رہا ہے۔ ٹرین بانکوک سے اوبن رچاتانی صوبے جا رہی تھی اور اس میں ۱۹۵؍ مسافر سوار تھے۔
تھائی لینڈ کے ٹرانسپورٹ وزیر ففہت رچاکٹ پرکارن نے کہا کہ حکام مرحلہ وار ہلاک ہونےو الے افراد کی شناخت کر رہے ہیں۔
یہ کرین چین کی معاونت سے چلنے والے ۵ء۴؍ارب ڈالر کے ہائی اسپیڈ ریل منصوبے پر استعمال ہو رہا تھا جو بانکوک کو لاوس کے ذریعے چین کے کن منگ شہر سے جوڑے گا اور۲۰۲۸ء تک مکمل ہونے کا ہدف ہے۔
تھائی لینڈ میں صنعتی اور تعمیراتی حادثات عام ہیں جہاں حفاظتی قوانین پر عمل درآمد کمزور ہونے کی وجہ سے مہلک واقعات پیش آتے ہیں۔