Inquilab Logo

این سی پی کے باغی لیڈرا ن کے’ دل‘ اور ’ دماغ‘ کے درمیان کشمکش؟

Updated: July 04, 2023, 10:15 AM IST | Mumbai

حلف برداری میں حاضر رہنے والے امول کو لہے نے شردپوار کے ساتھ ہونے کا اعلان کیا، جبکہ دلت لیڈر امول مٹکری نے ہندوتوا پر تنقید کی

NCP`s fiery speaker Amul Matkari (file photo)
این سی پی کے شعلہ بیان مقرر امول مٹکری ( فائل فوٹو)

جیت پوار نے اپنے چچا شرد پوار سے بغاوت کرکے بی جے پی حکومت میں شمولیت تو اختیار کر لی لیکن فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ ان کے ساتھ پارٹی کے کون کون سے اراکین ہیں ۔ جن ۸؍ لوگوں نے ان کے ساتھ حلف برداری میں حصہ لیا ان کے علاوہ  بیشتر اراکین ابھی خاموش ہیں۔ البتہ اتوار کو اراکین کی ایک فہرست سامنے آئی تھی جن کے تعلق سے کہا جا رہا تھا کہ وہ اجیت پوار کے ساتھ ہیں لیکن ان میں  سے ایک رکن پارلیمان امول کولہے نے   پیر کے روز اعلان کیا کہ  وہ شرد پوار کے ساتھ ہیں۔ جبکہ پارٹی کادلت چہرہ سمجھے جانے والے امول مٹکری نے بی جےپی کے ہندوتوا پر تنقید کی ہے۔    
  فلم اداکار، امول کولہے نے اپنا ٹویٹ بھی فلمی انداز میں کیا ہے ۔ انہوں نے لکھا’’  جب دل اور دماغ میں جنگ ہو، تو دل کی سنو، شاید دماغ کبھی کبھی اخلاقیات بھول جاتا ہے لیکن دل کبھی نہیں۔‘‘ آگے انہوں نے لکھا ’’میں صاحب کے ساتھ ہوں۔‘‘ یاد رہے کہ این سی پی میں شرد پوار کو’ صاحب‘ اور اجیت پوار کو’دادا‘ کہا جاتا ہے۔ حالانکہ امول کولہے رکن پارلیمان ہیں اور سردست این سی پی کے ہنگامے سے ان کا کوئی خاص تعلق نہیں ہے لیکن اتوار کو اجیت پوار کی حلف برداری کی تقریب میں وہ بھی موجود تھے۔ اس سے قبل جب اجیت پوار کے بی جے پی سے ہاتھ ملانے کی خبریں آ رہی تھیں تو ۲؍ ہی لوگوں نے میڈیا کے سامنے بیان دیا تھا کہ وہ اجیت پوار کے ساتھ ہیں ان میں سے ایک امول کولہے تھے۔ امول کولہے کے بی جے پی کی جانب جھکائو کے تعلق سے قیاس آرائیاں اس لئے بھی جاری تھیں کہ گزشتہ سیشن میں جب انہوں نے پارلیمنٹ میں تقریر کی تھی تو وزیر اعظم مودی نے ان کی تعریف کی تھی پھر ان سے مل کر انہیں مبارکباد پیش کی تھی۔ 
  دوسری طرف این سی پی کا دلت چہر سمجھے جانے والے امول مٹکری جو اپنی شعلہ بیان تقریروں کیلئے مشہور ہیں ، اجیت پوار کے خیمے میں ہوتے ہوئے بھی بی جے پی پر   تنقید کر رہے ہیں۔ انہوں نے  پیر کو ایک بیان میں کہا کہ وہ بی جے پی کے ہندوتوا کو نہیں مانتے۔   انہوں نے کہا ’’ بی جے پی کا ہندوتوا ، ہندوتوا ہے اور دوسروں کا ہندوتوا ، ہندوتوا نہیں ہے کیا؟ میں آج بھی آر ایس ایس کے نظریات کو نہیں مانتا ہوں۔‘‘  امول مٹکری نے کہا ’’ بابا صاحب امبیڈکر بھی  آر ایس ایس کے خلاف تھے لیکن وہ کانگریس کے ساتھ بھی نہیں تھے۔ البتہ شیاماپرساد مکھرجی کی طرح وہ بھی کانگریس حکومت میں شامل تھے  لیکن انہوں نے آر ایس ایس کے خلاف اپنی جنگ کو ختم نہیں کیا۔ ‘‘ نوجوان لیڈر نے کہا ’’ ہم شاہو، پھلے امبیڈکر کے  نظریات کو مہاراشٹر میں عام کرنے والے لوگ ہیں۔  ہم پنے نظریات سے کبھی سمجھوتہ نہیں کرتے۔ اگر بی جے پی ہندوتوا کی بات کرتی ہے تو اس کا ہندوتوا الگ ہے یہ بات میں اب بھی کہتا ہوں۔‘‘ یاد رہے کہ امول مٹکری کو صفائی اس لئے پیش کرنی پڑی کہ وہ مہاراشٹر بھر میں چھترپتی شیواجی کی اصل تاریخ جس میں بھائی چارہ، مساوات  اور انصاف پر مبنی ہے بیان کرتے ہیں۔  وہ چھترپتی شیواجی کو مسلم مخالف بادشاہ کے طور پر پیش کرنے والوں کے خلاف سخت تنقیدیں کرتے ہیں۔ خاص کر آ رایس ایس ہمیشہ ان کے نشانے پر رہتا ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK