Inquilab Logo

اروند کیجریوال نےکہا کہ اپنے تمام ساتھیوں کیساتھ بی جے پی دفتر آرہا ہوں جسے گرفتار کرنا ہے کرلو

Updated: May 19, 2024, 8:10 AM IST | Agency | New Delhi

اپنے پرسنل اسسٹنٹ ویبھو کمار کی گرفتاری کے بعد دہلی کے وزیر اعلیٰ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’ اتوار کو دوپہر میںپارٹی کے تمام ٹاپ لیڈرس کے ساتھ بی جے پی دفتر آئوں گا ، روز کا یہ ڈراما بند کیا جائے اور جسے گرفتار کرنا ہے کرلیا جائے ‘‘

Arvind Kejriwal. Photo: INN
اروند کیجریوال۔ تصویر :آئی این این

عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال  بی جے پی کی دھمکیوں ، گرفتاریوں اور مسلسل کارروائیوں سے اس قدر تنگ آگئے ہیں کہ وہ اب جنگ پر آمادہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اعلان کردیا ہے کہ وہ اتوار کو اپنی پارٹی کے تمام بڑے لیڈروں کے ساتھ بی جے پی صدر دفتر جائیں گے تاکہ بی جے پی اور وزیر اعظم مودی جسے بھی گرفتار کروانا چاہتے  ہیںگرفتار کروالیں۔بی جے پی کو تنقید کا  نشانہ بناتے ہوئے  کیجریوال نے کہا کہ ان کے لیڈروں کو ایک ایک کرکے جیل میں ڈالا جا رہا ہے، اس لئے وہ  اتوار کو پارٹی کے تمام بڑے لیڈروں کے ساتھ   بی جے پی کے ہیڈکوارٹرس  جائیں گے تاکہ وہ جنہیں چاہیں  انہیں جیل میں ڈال دیں۔
کیجریوال نے یہاں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جیل جیل کا کھیل کھیل رہے ہیں۔ کبھی ایک کو جیل میں ڈال دیتے ہیں اور کبھی دوسرے کو جیل میں ڈال دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا  میں کل ۱۲؍ بجے اپنی پارٹی کے تمام بڑے لیڈروں کے ساتھ بی جے پی ہیڈ کوارٹرس جاؤں گا، آپ جسے چاہیں گرفتار کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  بی جے پی کو لگتا ہے کہ اپنے لیڈروں کو جیلوں میں ڈالے جانے سے عام آدمی پارٹی تباہ ہو جائے گی لیکن عام آدمی پارٹی صرف ایک پارٹی نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے، اسے تباہ نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کا قصور صرف یہ ہے کہ انہوں نے غریب بچوں کی اچھی تعلیم کا انتظام کیا،  سرکاری اسکولوں کو بہترین بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسے نہیں بنا سکتے، اسی  لئے وہ دہلی کے سرکاری اسکولوں کو بند کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارا قصور یہ ہے کہ ہم نے دہلی کے اندر محلہ کلینک اوراسپتال بنائے۔ لوگوں کے علاج معالجے اور مفت ادویات کا انتظام کیا۔ بی جے پی دہلی کے کاموں کو روکنا چاہتی ہے۔
 واضح رہے کہ کیجریوال جو یکم جون تک عبوری ضمانت پرجیل سے باہر ہیں، نے گزشتہ کچھ دنوں میں ہر اس حلقے میں انتخابی ریلیاں کی ہیں جہاں اگلے کچھ دنوں میں الیکشن ہے۔ وہاں انہیں عوام کا بہت زیادہ ساتھ ملا ہے جس سے بی جے پی بوکھلائی ہوئی ہے اور اسی لئے ایسے حربے اپنارہی ہے۔ کیجریوال نے کہا کہ ہمیں اس طرح خاموش بٹھانے یا ہماری آواز دبانے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہو گی کیوں کہ عام آدمی پارٹی اور انڈیا اتحاد کے لیڈران سبھی اس ملک کی آواز ہیں۔ ہم ملک کا آئین اور یہاں کے لوگوں کو بچانے کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اتوار کی دوپہر بی جے پی صدر دفتر ضرور جائیں گے۔ ان کے ساتھ آتشی ، سنجے سنگھ ، راگھو چڈھا اور دیگر لیڈران ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK