• Wed, 19 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایس آئی آر کیخلاف کانگریس کا اعلانِ جنگ

Updated: November 18, 2025, 11:00 PM IST | New Delhi

اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد دسمبر کے پہلے ہفتے میں دہلی کے رام لیلا میدان میں بڑی ریلیکا اعلان، عوامی بیداری کیلئے گھر گھر مہم بھی چلائی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی سماج وادی پارٹی نے یوپی میں اور ترنمول نے بنگال میں ایس آئی آر کیخلاف سرگرمی شروع کردی ہے

Rahul Gandhi, Mallikarjun Kharge, KC Venugopal and others attended the Congress party meeting. (PTI)
کانگریس پارٹی کی میٹنگ میں راہل گاندھی ، ملکارجن کھرگے ، کے سی وینو گوپال اور دیگر نے شرکت کی ۔(پی ٹی آئی )

کانگریس نےالیکشن کمیشن کے ذریعہ ملک گیر ایس آئی آر کے خلاف آر پار کی لڑائی کا اعلان کرتے ہوئے دسمبر کے پہلے ہفتےمیں دہلی کے رام لیلا میدان میں ایک زبردست ریلی نکالنے کا فیصلہ کیاہے۔ پارٹی نے ایس آئی آر کے خلاف اعلان جنگ کردیا ہے۔پارٹی نے  اسے ملک میں جمہوریت کو کمزور کرنے کی مذموم کوشش قرار دیااورکہا کہ الیکشن کمیشن بی جے پی اور نریندر مودی کے کہنے پر کام کر رہا ہے۔یہ فیصلہ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے ، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور جن ۱۲؍ ریاستوں  میں  ایس آئی آر کرایا جا رہا ہے، وہاں کے سینئر لیڈروں کی میٹنگ میں کیا گیا۔ میٹنگ میں سی ڈبلیو سی کے اراکین ، ریاستی کانگریس صدور، مجلس قانون ساز لیڈران، پارٹی جنرل سیکریٹریز، انچارجیزاور انچارج سیکریٹریوں نے شرکت کی ۔
میٹنگ کی تفصیل 
 میٹنگ کے بعد، کانگریس جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال اور پارٹی کے میڈیا اور پبلسٹی چیئرمین پون کھیڑا نے صحافیوں کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کی سیاست کو بے نقاب کرنے کے لئے دسمبر کے پہلے ہفتے میں رام لیلا میدان میں ایس آئی آر کے خلاف ایک زبردست ریلی نکالی جائے گی۔کے سی وینوگوپال نے کہا کہ آج ۱۲؍ ریاستی کانگریس کمیٹیوں کے صدور اور دیگر اعلیٰ عہدیداران نے  ایس آئی آر پر تفصیلی میٹنگ میں شرکت کی۔ریاستی کمیٹیوں کے اندر عام احساس یہ ہے کہ الیکشن کمیشن جان بوجھ کر سماج کے بعض طبقات کے ووٹوں کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ بہار میں بھی اس کا مشاہدہ کیا گیا اور اب اسے ۱۲؍ ریاستوں میں نافذ کرنے کے منصوبے بنائے جا رہے ہیں۔ 
کیرالا کی مثال 
 کیرالہ کی مثال دیتے ہوئے  کے سی وینوگوپال نے کہا کہ وہاں بلدیاتی انتخابات ہورہے ہیں، پہلے مرحلے کی ووٹنگ ۹؍ دسمبر کو ہوگی۔ بوتھ لیول کے افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ اسی دن حتمی فہرست جمع کرائیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کیرالہ اسمبلی نے ایس آئی آر کے عمل کو ملتوی کرنے کی قرارداد پاس کی ہے لیکن الیکشن کمیشن نہیں سن رہا ہے۔ کام کے زیادہ بوجھ کی وجہ سے بی ایل او خودکشی کر رہے ہیں۔ ان سے کہا جا رہا ہے کہ ایک ماہ کے اندر یہ عمل مکمل کریں۔ انہوں نے آسام کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آسام کے لیےعلاحدہ خصوصی نظر ثانی کا اعلان کیاہے ۔
بہار کی پالیسی پر عمل 
  پون کھیڑا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بہار میں الیکشن کمیشن نے جو پالیسی اختیار کی ہے وہی دوسری ریاستوں  میں بھی دہرائی جائے گی۔انہوںنے یاد دلایا کہ کانگریس بہار انتخابات سے پہلے ہی ایس آئی آر پر سوالات اٹھاتی رہی ہے اور یہاں تک کہ بہار میں ووٹرادھیکارریلی بھی نکالی۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی آر کے حوالے سے سپریم کورٹ کے پانچ احکامات جاری کیے گئے اور پانچوں الیکشن کمیشن کے خلاف تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس  نے ملک گیر دستخطی مہم کا آغاز کیا تھا  جس میں پانچ کروڑسے زیادہ دستخط جمع کرلئے گئے ہیں۔
یوپی اور بنگال میں بھی ایس آئی آر کیخلاف تیاری 
 ایس آئی آرکی وجہ سے پسماندہ طبقات کو لاحق خطرات کا اندازہ صرف کانگریس پارٹی کو ہی نہیں ہے بلکہ یوپی کی سماجی وادی پارٹی اور بنگال کی حکمراں ترنمول کانگریس کو بھی ہے۔ دونوں ہی پارٹیوں نے اپنے اپنے طور پر اس کی روک تھام کیلئے اقدامات شروع کردئیے ہیں۔ سماج وادی پارٹی نے ’ پی ڈی اے پرہری ‘  نامی ایک گروپ بنایا ہے جو ایس آئی آر پر نظر رکھے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK