Inquilab Logo

دروغ گوئی کیلئے کانگریس کا بی جے پی سے معافی کا مطالبہ

Updated: September 20, 2022, 9:43 AM IST | new Delhi

پارٹی ترجمان کا الزام، زعفرانی پارٹی صرف جھوٹ پھیلارہی ہے،’ بھارت جوڑو یاترا‘ کے بارہویں دن راہل گاندھی کی کیرالا میں ماہی گیروں سے ملاقات، کشتی بھی چلا ئی

After meeting the fishermen, Rahul Gandhi also enjoyed a boat ride with them (Photo: PTI)
ماہی گیروں سے ملاقات کے بعد راہل گاندھی نے ان کے ساتھ کشتی چلا نے کا لطف بھی اٹھایا (تصویر: پی ٹی آئی)

:کانگریس نے بی جے پی پر دروغ گوئی کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی سمیت  دیگر لیڈروں سے بھی معافی کا مطالبہ کیا۔کانگریس ترجمان نے کہا کہ زعفرانی پارٹی راہل گاندھی کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ سے اس قدر خوف زدہ ہے کہ وہ اب صرف جھوٹ پھیلانے کے کام پر لگ گئی ہے۔ دریں اثنا اپنی ’یاترا‘ کے بارہویں دن پیر کو راہل گاندھی کا قافلہ ’الپوزہ‘ ضلع کے ’کارمل کالج آف انجینئرنگ‘ سے آگے بڑھا اور رات میں اسی ضلع کے ’سینٹ مائیکل کالج‘ میں رات کا قیام کیا۔ اس دوران راہل گاندھی نے نہ صرف ماہی گیروں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے بلکہ ان کے ساتھ کشتی چلانے لطف بھی اٹھایا۔   اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی اونچی قیمتوں کی وجہ سے ماہی گیروں کا کاروبار تباہ ہوکر رہ گیا ہے۔
 کانگریس نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اس کی بھارت جوڑو یاترا کی کامیابی سے  پریشان ہے، اس لیے اس کے لیڈر اشتعال انگیز الزامات لگا کر پارٹی لیڈر راہل گاندھی کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہےہیں۔
  کانگریس کے ترجمان گورو بلبھ نے پیر کو دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹرز میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ راہل گاندھی کی قیادت میں جاری ’یاترا ‘ میں شرکت کیلئے تمل ناڈو اور کیرالا میں بھیڑ  دیکھ کر بی جے پی کے پسینے چھوٹ گئے ہیں۔ اس ’یاترا‘ کو عوام کی جانب سے زبردست پزیرائی مل رہی ہے، اسلئے بی جے پی جھوٹ بول کر یاترا کو بدنام کرنے  اور سچ کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن اسے اس کام میں کامیابی نہیں مل رہی ہے۔
  انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے جھوٹ بولا کہ راہل گاندھی نے یاترا شروع کرنے سے پہلے کنیا کماری میں وویکانند میموریل کا دورہ نہیں کیا، حالانکہ سچائی یہ ہے کہ راہل  گاندھی نےانہیں  خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد ہی اپنی  ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا آغاز کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اسی طرح  بی جے پی آئی ٹی سیل  نے الزام تراشی کی کہ راہل گاندھی یاترا کے دوران  نہ تو لوگوں سے مل رہے ہیں، نہ ہی عوامی میٹنگیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسے صدی کا سب سے بڑا جھوٹ قرار دیا۔ کانگریس نے بی جے پی آئی ٹی سیل کے اس بیہودہ تبصرے پر بھی  زعفرانی پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیا جس میں اس نے راہل گاندھی کے ساتھ ان کی بھانجی کی تصویر پر نازیبا تبصرہ کیا تھا۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ جو جیسا ہوتا ہے، وہ ویسا ہی دوسروں کے بارے میں سوچتا ہے۔  
 دوسری جانب راہل گاندھی کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے ۱۲؍ویں دن کا آغاز ماہی گیر برادری کی میٹنگ کے ساتھ ہوا۔  راہل گاندھی نے الپوزہ کے وڈکل ساحل پر ماہی گیروں سے ملاقات کی اور انہیں درپیش مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا، ان مسائل میں ایندھن کی بڑھتی قیمتیں، مچھلیوں کے ذخیرے میں کمی، پنشن کی کمی، سبسیڈی کے مسائل، ناکافی تعلیمی مواقع اور ماحولیاتی تباہی کے معاملے شامل ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے نے ماہی گیروں کے کاروبار کو تباہ کردیا ہے۔
  پیر کو ’یاترا‘ میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت کے ساتھ  الپوزہ کےکارمل کالج آف انجینئرنگ سے شروع ہونے والی پدیاترا صبح۱۱؍ بجے ’چیریا کالوور‘ پہنچی، جہاں سے شام ساڑھے ۴؍ بجے قافلہ دوبارہ روانہ ہوا اورسینٹ مائیکل کالج پہنچ کر رات میں قیام کیا۔
 اس سے قبل بیروزگاری پر نوجوانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے راہل گاندھی نے اتوار کو کہا تھا کہ ’’ملازمتوں کی کمی اور ان کے تحفظ اور دیگر مسائل پر بھی  کھل کربات ہونی چاہئے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ’ بھارت جوڑو یاترا‘ ہمارے اُن نوجوانوں کو اس کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK