Inquilab Logo Happiest Places to Work

پیپر لیک اور بے روزگاری کے خلاف کانگریس کی ملک گیر مہم

Updated: June 14, 2026, 9:06 AM IST | New Delhi

پہلے مرحلے کا آغاز۱۷؍ جون سے ہوگا ، کوٹا میں راہل گاندھی طلبہ سے براہ راست خطاب کریں گے، ۱۰؍ جولائی کو الہ آباد، ۱۱؍ جولائی کو پٹنہ اور ۱۴؍ جولائی کو دہلی میں پروگرام کا انعقاد۔

Congress workers are already protesting across the country.
کانگریس کارکن ملک بھر میں پہلے ہی احتجاج کررہے ہیں۔

 انڈین نیشنل کانگریس نے پیپر لیک، امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں، بڑھتی بے روزگاری اور نوجوانوں کے مسائل کے خلاف ملک گیر مہم کا اعلان کیا ہے جس کے پہلے مرحلے کاآغاز ۱۷؍ جون کو کوٹا سے ہوگا۔ 
 نوجوانوں کی آواز بننے کی کانگریس کی اس کوشش کے تعلق سے پارٹی کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال نے بتایا کہ یہ مہم کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں شروع کی جا رہی ہے۔ مہم کے تحت راہل گاندھی ملک کے مختلف شہروں میں طلبہ کے بڑے پروگرامز اور کنونشنز سے خطاب کریں گے۔ اس سلسلے کا آغاز ۱۷؍ جون کو کوٹہ سے ہوگا جبکہ اس کے بعد ۱۰؍ جولائی کو پریاگ راج، ۱۱؍ جولائی کو پٹنہ اور ۱۴؍ جولائی کو نئی دہلی میں پروگرام منعقد کئےجائیں گے۔کانگریس جنرل سیکریٹری کے مطابق ان پروگراموں میں طلبہ، ملازمت کے خواہشمند نوجوان، اساتذہ، تعلیمی ماہرین، نوجوانوں کی تنظیمیں اور امتحانی بے ضابطگیوں یا بھرتی کے عمل میں مبینہ خامیوں سے متاثر افراد شریک ہوں گے۔ پارٹی نے کہا کہ اس مہم کا مقصد ان لاکھوں نوجوانوں کے مسائل کو اجاگر کرنا ہے جو بار بار پیپر لیک ہونے، امتحانی فیس میں اضافے، بھرتی کے عمل میں تاخیر اور شفاف نظام کی عدم دستیابی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
 کانگریس کے جاری کردہ بیان کے مطابق ملک بھر میں این ایس یو آئی، انڈیا یوتھ کانگریس اور پارٹی کی ریاستی اکائیاں مختلف’’آؤٹ ریچ‘‘ پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں سے رابطہ کریں گی۔ ان سرگرمیوں میں کالجوں اور یونیورسٹیوں کے دورے، کوچنگ مراکز میں ملاقاتیں، طلبہ سے براہِ راست گفتگو، سوشل میڈیا مہم اور عوامی اجتماعات شامل ہوں گے۔
پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ تحریک سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر نوجوانوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرے گی، جہاں وہ اپنے تجربات بیان کر سکیں اور امتحانی نظام میں بار بار سامنے آنے والی خامیوں کے لیے جوابدہی کا مطالبہ کر سکیں۔کانگریس پارٹی نے اس موقع پر راہل گاندھی کی جانب سے پہلے کئے گئے مطالبات کو بھی دہرایا۔
نوجوان ووٹروں میں اپنی مقبولیت بڑھانے کے لیے کانگریس پارٹی نے ہفتے کے روز ملک گیر مہم کا اعلان کیا۔ یہ مہم امتحانی بے ضابطگیوں، پرچہ لیک ہونے اور بے روزگاری کے مسائل پر مرکوز ہے۔ آنے والے ہفتوں میں یہ مہم مختلف پالیسی مطالبات اور ملک کے بڑے شہروں میں احتجاجی پروگراموں کے شیڈول کا بھی اعلان کرے گی۔کانگریس نیٹ امتحان کو غیرمرکزی بنانے، امتحانی فیس کے خاتمے، پرچہ لیک کرنے والے گروہوں کے خلاف سخت کارروائی اور بار بار سامنے آنے والی امتحانی بے ضابطگیوں پر زیادہ جوابدہی کا مطالبہ کرے گی۔ پارٹی نے ایک بار پھر مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ دہرایا ہے۔پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ طلبہ اور نوجوانوں سے متعلق مسائل پر پارلیمنٹ میں جامع بحث کا مطالبہ کرے گی۔ اس مقصد کے لیے نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا، انڈین یوتھ کانگریس اور مختلف ریاستی یونٹوں کے ذریعے حمایت حاصل کی جا رہی ہے۔ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان اور بی جےپی کی قیادت استعفے کے مطالبات کو سختی سے مسترد کر چکی ہے۔
بی جے پی نے کانگریس کی اس مہم کو’’سیاسی پروپیگنڈا‘‘، ’’گمراہ کن مہم‘‘ اور’’بار بار انتخابی شکستوں سے پیدا ہونے والی ایک سوچی سمجھی سازش‘‘ قرار دیا ہے۔بی جے پی کے قومی ترجمان گورو بھاٹیہ نے راہل گاندھی پر غیر ذمہ دارانہ الزامات لگانے اور سی بی ایس ای کے جانچ نظام سے متعلق حقائق کے بجائے سیاسی ڈراما بازی کو ترجیح دینے کا الزام عائد کیا۔

NEET congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK