Inquilab Logo Happiest Places to Work

باغیوں کا ’اصل ٹی ایم سی‘ہونے کا دعویٰ

Updated: June 13, 2026, 9:42 AM IST | Kolkata

ایوان میں اصل پارٹی کے طور پر خود کوتسلیم کرانے کیلئے پیر کو اسپیکر سے ملیں گے

TMC chief Mamata Banerjee
ٹی ایم سی سربراہ ممتا بنرجی

 ترنمول کانگریس (ٹی  ایم سی)کے اراکین پارلیمان کی بغاوت جمعہ کو  مزید شدت اختیار کر گئی۔ باغی  اراکین پارلیمان کے گروپ نے  جو ۱۹؍ ایم پیز کی حمایت کا دعویٰ کر رہا ہے، نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتہ اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کرکے خود کو’’اصل ٹی ایم سی‘‘ پارلیمانی گروپ کے طور پر تسلیم کرنے کا مطالبہ کرے گا۔دوسری طرف ممتا بنرجی کی پارٹی  نے ان دعوؤں کو خارج کرتے ہوئے دل بدلی مخالف قانون کا حوالہ دیا ہے اور کہا کہ ایسے دعوؤں کیلئے کوئی بنیاد موجود نہیں  ہے۔ 
 باغی رکن جگدیش چندر برما بَسُنیا نے جمعہ کو بتایا کہ ان کے گروپ  نے  اسپیکر کو آگاہ کردیا ہے اور پیرکو باضابطہ طور پرملاقات کرکے اپنا دعویٰ پیش کرے گا۔انہوں نے پی ٹی آئی سے کہاکہ ’’ہم نے خط جمع کرا دیا ہے۔ پیر کوہم اسپیکر سے ملیں گے اور حقیقی ٹی ایم سی پارلیمانی گروپ ہونے  کا دعویٰ پیش کریں گے۔‘‘بَسُنیا نے بتایا کہ  ناراض اراکین  کے دستخط جمع کرنے کا عمل ۸؍جون کو شروع ہوا تھا اور اب تک۱۹؍ اراکین   کی حمایت مل چکی  ہے۔
  اس کا جواب دیتے ہوئے ٹی ایم سی کی ممتا حامی  رکن مہوا موئترا نے کہا ہے کہ کسی جماعت کے اندر الگ گروپ بنانے کی گنجائش آئین کی ۹۱؍ویں ترمیم کے ذریعے ختم کر دی گئی تھی۔ انہوں نے ایکس  پوسٹ کیا ہے کہ ’’غدار ٹی ایم سی اراکین قانون نہیں جانتے۔ آئین کی۹۱؍ ویں ترمیم (۲۰۰۳ء) نے پارٹی تقسیم یا الگ بلاک کی شق ختم کر دی تھی۔ اراکین کی تعداد چاہے جتنی ہو۔  اصل سیاسی جماعت کے دو تہائی اراکین کو کسی دوسری جماعت میں ضم ہونا ہوگا۔ ان تمام۱۹؍ غداروں کو استعفیٰ دے کر بی جے پی کے ٹکٹ پر دوبارہ انتخاب لڑنا چاہیے۔‘‘
اس  بیچ ایک مکتوب بھی سامنے آیا ہے جس میں مبینہ باغی اراکین پارلیمان کے دستخط کے موجود ہیں اورجسے اسپیکر کے حوالے کیاگیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK