الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو جیل بھیج کران پر غداری کا مقدمہ چلانے، وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سےعوام سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیاگیا۔
EPAPER
Updated: October 09, 2026, 11:01 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو جیل بھیج کران پر غداری کا مقدمہ چلانے، وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سےعوام سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیاگیا۔
کانگریس پارٹی نے الیکشن کمشنر کی ملی بھگت اور ووٹ چوری سےوزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ پر اقتدار میں آنے کا الزام عائد کرتے ہوئے جمعرات کو ممبئی کے مختلف مقامات پر ’جمہوریت کا یوم سیاہ‘ منایا اور گیانیش کمار کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے عوام سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
جن مقامات پر جمعرات کو احتجاج کیا گیا ، ان میں کانگریس نارتھ سینٹرل زون کا کرلا، شمالی ممبئی کاملاڈ، شمال مغرب کا اندھیری، جنوبی سینٹرل کا وڈالا علاقہ بھی شامل ہے۔ کرلا میںکانگریس کے ضلع صدر ارشد اعظمی کی سربراہی میں کارپوریٹر اشرف اعظمی، تُلیپ مرانڈا، کیرین ڈیمیلو دیگر عہدیداران بشمول عبدالقیوم تنبولی اور راجن سالوی سمیت بڑی تعداد میں پارٹی ورکروں نے حصہ لیا۔ شرکاء میں خواتین کی بھی بڑی تعداد تھی ۔ اس احتجاجی مظاہرے میں الیکشن کمشنر اوربرسراقتدار پارٹی کے خلاف نعرے بلند کئے گئے۔اسی طرح ملاڈ میں ضلع صدر راجپتی یادو، اندھیری میں بھائونا جین اور وڈالا میں کچرو یادو کی سربراہی میں احتجاج کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: احتجاج کو روکنے کیلئے دہلی پولیس کی بسوں اور’ پی جی‘ پر نظر
اشرف اعظمی کے مطابق انگریزوں نےصرف زمین داروں، گریجویٹ اور ان جیسے چنندہ افراد کو ووٹنگ کا حق دیا تھا لیکن کانگریس نے تمام ہندوستانیوں کو ووٹنگ کا حق دیا۔ تاہم موجودہ حکومت ایسے تمام افراد کے نام ووٹر لسٹ سے نکال رہی ہے جو انہیں ووٹ نہیں دیتے ہیں اور یہ حکومت انگریزوں سے بھی زیادہ گئی گزری ہے۔
ملاڈریلوے اسٹیشن کے باہربھی زبردست احتجاج
ملاڈ،(سعیداحمدخان ): انتخابی عمل میں شفافیت ، عوام کے ووٹ کا تحفظ ، ا یس آئی آر رد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ملاڈ اسٹیشن کے باہر کانگریس کے کارکنان نے ’ووٹ چور گدی چھوڑ ‘کا نعرہ بلند کیا۔رکن اسمبلی اسلم شیخ کی قیادت میں کئے گئے اس احتجاج میں بڑی تعداد میں کانگریس کے عہدیداران اور کارکنان شریک ہوئے۔
بی جے پی کے خلاف مظاہرین کے نعرے
ملاڈ کے احتجاج میں مظاہرین نے ’’چندا چور کہاں ملیں گے؟ بی جے پی کے دفتر میں‘‘ اور ’’آبروریزی کرنے والے کہاں ملیں گے؟ بی جے پی کے دفتر میں‘‘ جیسے نعرے بھی لگائے ۔ اسلم شیخ نے کہا کہ’’ آج ملک کا عام ووٹر اپنے آئینی حق ووٹ کی حفاظت کے لئے سڑک پر آنے پر مجبور ہے۔ ‘‘