مکان مالکان کو طلبہ کو۱۰؍ اکتوبر کے مظاہرہ میں شریک نہ ہونے دینے کی ہدایت، ۲۸؍ سو افراد پر نظر ، تحویل میں لیا جاسکتاہے۔
EPAPER
Updated: October 08, 2026, 12:24 PM IST | Agency | New Delhi
مکان مالکان کو طلبہ کو۱۰؍ اکتوبر کے مظاہرہ میں شریک نہ ہونے دینے کی ہدایت، ۲۸؍ سو افراد پر نظر ، تحویل میں لیا جاسکتاہے۔
دہلی پولیس نے کوکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے۱۰؍ اکتوبر کے احتجاج کے پیش نظر شہر بھر میں حفاظتی انتظامات سخت کر دیئے ہیں۔ پولیس نے تھانہ انچارجز کو ہدایت دی ہے کہ مبینہ مجرمانہ پس منظر رکھنے والے مظاہرین پر نظر رکھیں، نئی دہلی ضلع کی جانب جانے والی بسوں کی نقل و حرکت اور بکنگ کی نگرانی کریں اور تعلیمی اداروں اور پیئنگ گیسٹ (پی جی) رہائش گاہوں کے مالکان سے رابطہ کرکے طلبہ کو احتجاج میں شرکت سے روکنے کی کوشش کریں۔
پولیس حکام کے مطابق سینئر افسران نے ایس ایچ اوز سے خاص طور پر کہا ہے کہ فیشل ریکگنیشن سسٹم (ایف آر ایس) کے ذریعے مجرمانہ پس منظر رکھنے والے تقریباً۲۸۰۰؍ افراد کی شناخت کی گئی ہے، ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے۔
یہ بھی پڑھئے:غیر قانونی حراست پر یوپی پولیس کی پھر سرزنش، جرمانہ
ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’’ایس ایچ اوز سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ایسے لوگوں کی شناخت کرکے ان پر نظر رکھیں جو احتجاج میں شریک ہوسکتے ہیں۔ خاص طور پر ان افراد پر جن کا سابقہ ریکارڈ ہے۔ مقصد یہ جاننا ہے کہ احتجاجی مقام کی طرف کون اور کہاں سے آ رہا ہے۔“
ہدایات میں مقامی بس آپریٹروں کی نگرانی اور بکنگ کی جانچ بھی شامل ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ بسیں کون کرائے پر لے رہا ہے اور ان کی منزل کیا ہے۔ پولیس کو یہ بھی معلوم کرنے کو کہا گیا ہے کہ کیا ۱۰؍ اکتوبر کے احتجاج کیلئے گروپوں کو دہلی، خاص طور پر نئی دہلی میں کہاں لایا جارہاہے تاکہ انہیں وہیں روکا جاسکے۔