Inquilab Logo

راہل گاندھی کی ہراسانی کیخلاف کانگریس کا ملک بھر میں احتجاج

Updated: June 17, 2022, 9:47 AM IST | new Delhi

مظاہروں کے دوران پارٹی لیڈران نے راہل گاندھی کو بار بار ای ڈی آفس بلانے اور کانگریس ہیڈکوارٹرز پر دہلی پولیس کے مظالم کے خلاف نعرے بازی کی

In Delhi, Congress workers were prevented from meeting the lieutenant governor
دہلی میںکانگریس کارکنان کو لیفٹننٹ گورنر سےملاقات کرنے سے اس طرح روکا گیا

 قومی راجدھانی دہلی میں بدھ کے روز پولیس اہلکاروں کے کانگریس ہیڈکوارٹر میں گھسنے اورپارٹی لیڈروں کے ساتھ بدسلوکی کرنے کے معاملہ میں پارٹی شدید رد عمل ظاہر کر رہی ہے۔ اس واقعہ کے خلاف کانگریس کارکنان ملک بھر میں راج بھون کے باہراحتجاج کر رہےہیں۔احتجاج کے دوران پارٹی لیڈران نےکانگریس لیڈر راہل گاندھی کو بار بار ای ڈی آفس بلانے اور کانگریس ہیڈکوارٹرپر دہلی پولیس کی بربریت کے خلاف نعرے بازی کی۔
 بہار کے پٹنہ میں مظاہرہ
 پٹنہ میںکانگریس اراکین اسمبلی اور کارکنان نے راج بھون کے باہر احتجاج کیا۔ اس سے پہلے انہوں نے ای ڈی دفتر میںدھرنا بھی دیا۔ کانگریس کے ریاستی صدر مدن موہن جھاقانون ساز پارٹی لیڈر اجیت شرما سمیت کئی کانگریس اراکین اسمبلی راج بھون کے باہر پہنچے اور نعرے بازی کی۔اس موقع پر ریاستی صدر مدن موہن جھانےکہا کہ پورے ملک میں آزادی خطرے میں ہے۔ نریندر مودی حکومت کی منمانی عروج پر ہے۔ مودی سرکارظلم و ستم کر رہی ہے۔ کانگریس لیڈر اجیت شرما نے کہا کہ مودی حکومت اپنی طاقت دکھانے کیلئے ای ڈی جیسے اداروں کا استعمال کر رہی ہے، یہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
راجستھان میں احتجاج
 راجستھان میں کانگریس کے ریاستی صدر گووند ڈوٹاسراکی قیادت میں راج بھون کے سامنے دھرنا دیا گیا۔ دریں اثنا راجستھان کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے لکھاگیا، ’’جمہوریت کی قاتل بھاجپائی حکومت کے خلاف ستیہ گرہ۔‘‘ اس موقع پر گووند ڈوٹاسرا نے کہا ’’آج ملک کے جو معاشی حالات ہیں اور نوجوانوں میں جو بے روزگاری پھیلی ہوئی ہے اس پر پردہ ڈالنے کیلئےای ڈی کا استعمال کیا جا رہا ہے لیکن مودی حکومت نےراہل گاندھی کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کرنے کا جو کام کیا ہے اس نے ملک بھر کے کانگریس کارکنان کو پرجوش کر دیا ہے۔‘‘
کرناٹک میں مظاہرہ
 کرناٹک کانگریس کے کارکنوں نے ای ڈی کے خلاف نعرے لگائے اور مظاہرہ کیا۔ پارٹی نے بی جے پی کے خلاف مکتوب اور تحریری شکایت دینے کے لیے دفترسے راج بھون تک مارچ نکالا۔ اس موقع پر کانگریس لیدر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ یہ احتجاج ہمارا حق ہے، ہم انصاف کے لیے لڑیں گے۔ ای ڈی کسی بھی بی جے پی لیڈر کے معاملے کی جانچ نہیںکر رہی، صرف کانگریس کے لوگوں کو پریشان کیا جا رہا ہے۔
آسام میں احتجاج
 اپنےقومی ہیڈکوارٹر میں پولیس کے گھسنے پر دہلی پولیس کی مذمت کرتے ہوئے آسام کانگریس نے ۲؍ دنوںمیںریاست بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ گوہاٹی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آسام کانگریس کے صدر بھوپین کمار بورا نے واقعہ کوہندوستان کی آزادی کے بعد ایک سیاہ باب قرار دیا، جس کا آغاز مرکز میں حکمران بی جے پی حکومت نے کیا ہے۔کانگریس لیڈر سچن پائلٹ نے کہا کہ گزشتہ ۸؍برسوں سےمودی حکومت تمام ایجنسیوں کا غلط استعمال کرتے ہوئے لیڈروں کی آواز کو دبانے کا کام کیا جا رہاہےلیکن ہم نے تہیہ کیا ہے کہ گاندھیائی طریقے سے ستیہ گرہ کر کے اس حکومت پر دباؤ ڈالیں گے کہ وہ ایجنسیوں کا غلط استعمال بند کرے۔
پنجاب میں احتجاج
 چنڈی گڑھ میں پنجاب کانگریس بھرپور طریقے سےمظاہرہ کر رہی ہے۔ کانگریس لیڈران نے احتجاج کیلئےگورنر ہاؤس کا رخ کیا لیکن انہیں چنڈی گڑھ پولیس نےراستے میں ہی روک لیا۔ کانگریس لیڈران نے اس کے بعد رکاوٹیں توڑ کر آگے جانے کی کوشش کی۔یوتھ کانگریس کے صدر بیرندر ڈھلوں نے کہا کہ راہل گاندھی کو بے وجہ گھنٹوں بٹھاکر رکھا جا رہا ہے۔ جبکہ سب کچھ کاغذ پر لکھا ہوا ہے۔ مرکز کی مودی حکومت اور بھارتیہ جنتا پارٹی سیاسی انتقام کے تحت ایسی کارروائی کر رہی ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
گوا  میں کانگریس لیڈروں کو حراست میں لیا گیا
 گوا میں جمعرات کےروزراج بھون کے سامنے احتجاج کر رہے کانگریس کے کئی لیڈروں کوحراست میں لے لیا گیا جن میںگوا یونٹ کے پارٹی صدر امت پاٹکر بھی شامل ہیں۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ شوبھت سکسینہ نے کہاکہ کانگریس اراکین کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ راج بھون کی طرف جانے والی سڑک کو روک رہے تھے جس سے آمدورفت میں خلل پڑ رہا تھا۔ 
تلنگانہ میںکانگریس کی توڑپھوڑ
 تلنگانہ کانگریس کی جانب سے راج بھون کے محاصرہ کے پروگرام میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ کانگریس کےلیڈروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد راج بھون کیلئےروانہ ہوئی۔اسی دوران خیریت آباد چوراہے کے قریب احتجاجیوں نے بعض ٹووہیلرس کو آگ لگادی اورآرٹی سی بسوںکے شیشے توڑ دیئے اور بسوں کو روک کر مرکزی حکومت کےخلاف نعرے بازی کی۔راج بھون جانے کے راستہ میں پولیس کی بڑی تعداد اس پروگرام کے پیش نظر تعینات کی گئی تھی۔ پولیس نےبڑی تعداد میںبیریکیڈس لگائے تاہم کانگریس کے لیڈر  راج بھون کی سمت روانہ ہوئے۔اسی دوران ریونت ریڈی، جگا ریڈی، بھٹی وکرامارکا کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ریونت ریڈی کو پولیس اسٹیشن منتقل کرنے کے دوران کانگریس کے کارکنوں نے پولیس کو ایسا کرنے سے روک دیا جس کے سبب صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ کانگریس کے لیڈروں، کارکنوں اور پولیس کے درمیان بحث وتکرار اور پھر دھکا مکی ہوئی۔ پولیس نے لاٹھی چارج کردیا۔کئی احتجاجی آرٹی سی بسوں پر چڑھ گئے اور احتجاج کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK