Inquilab Logo

اڈانی بدعنوانی معاملے میں ممبئی سمیت پوری ریاست میں کانگریس کا احتجاج

Updated: February 07, 2023, 7:35 AM IST | Mumbai

مودی حکومت اڈانی گروپ میں بدعنوانی کی تحقیقات سےکیوں ڈرتی ہے: نانا پٹولے،ریاست کے ہر ضلع میں ایل آئی سی یاایس بی آئی کے دفترکے سامنے احتجاج کیا گیا

Protests were held outside the LIC or State Bank of India office on behalf of the Congress in various parts of the state
ریاست کے مختلف علاقوں میںکانگریس کی جانب سے ایل آئی سی یا اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے دفتر کے باہر احتجاج کیا گیا

اڈانی کے ذریعےکی گئی بدعنوانی  کے خلاف پیر کومہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی ( ایم پی سی سی ) کی جانب سےریاست گیراحتجاج کیا گیا۔اس موقع پر ریاست کے تمام ضلع ہیڈکوارٹرزسےکانگریس کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے ایل آئی سی اور ایس بی آئی کے دفاتر کے سامنے احتجاج کیا۔ اڈانی اور مودی کے خلاف نعرے بازی  کرتے ہوئےاعلیٰ سطحی کمیٹی سے اس معاملے کی جانچ کرانےکا مطالبہ کیا۔یہ بھی مانگ کی گئی کہ لائف انشورنس کارپوریشن ( ایل آئی سی)  اور  اسٹیٹ بینک آف انڈیا( ایس بی آئی) میں عوام کی کڑی محنت کی کمائی سے جو پیسہ لگایا گیاہےاس کے تحفظ کو حکومت یقینی بنائے۔ اس موقع پر ایم پی  سی سی کی صدر ناناپٹولےنےسوال کیا کہ ’’ مودی حکومت اڈانی گروپ میں بدانتظامی کی تحقیقات کرنے  سے کیوں ڈرتی ہے؟ ‘‘
  جن اضلاع میں کانگریس کے لیڈروں کے ذریعے مظاہرےکئے گئےان میں ممبئی، تھانے، کلیان، پونے، پنویل، دھولیہ ،امراوتی، کولہاپور،  ناگپور ،ناسک ، عثمان آباد  اور کھامگاؤں  شامل ہیں۔
پونے میں ریاستی صدر کی شرکت
 کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے کی موجودگی میں پونےکے تلک چوک میں ایل آئی سی کےدفترکے قریب ایک احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔اس موقع پر انہو ںنے کہا کہ کانگریس پارٹی کامسلسل دعویٰ ہےکہ مرکز میں نریندر مودی کی حکومت ’ہم دو، ہمارے دو‘ںی حکومت ہے۔ راہل  گاندھی نے ہمیشہ اڈانی اور مودی کے درمیان قریبی تعلقات کی بات کی۔راہل گاندھی نے یہ بھی کہا تھا کہ اڈانی کابلبلہ پھٹ جائے گا۔وزیر اعظم مودی نے صنعتکار دوستوںکیلئےکام کرتے ہوئے لوگوں کی محنت کی کمائی کے کروڑوں روپے کو اڈانی کی کمپنی میں غیر قانونی طور پر لگایا، جس کاخمیازہ ملک اورسرمایہ کاروں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ اربوں روپے کا گھوٹالہ ہونےپرمودی حکومت اڈانی کی تحقیقات سے کیوں ڈرتی ہے؟ 
 اس موقع پر سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوان، اشوک چوہان،سابق وزیر وشواجیت کدم، سنگرام تھوپٹے، سابق ایم ایل اے الہاس پوار، پونے سٹی صدر اروندشندے سمیت  متعدد عہدیدار اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔
 نانا پٹولے نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے ملک کے عام لوگوں کا پیسہ اپنے دوست اڈانی کو دیا ہے۔ اڈانی نےاعداد و شمار بڑھاکر ایل آئی سی اور  ایس بی آئی کا پیسہ چرایا ہے۔ یہ ادارے عوام کی مالی حفاظت کیلئے تھے۔پچھلے ۸؍ برسوں میں اڈانی براہ راست دنیا کے دوسرےامیر ترین شخص بن گئے تھے۔ہنڈن برگ کی رپورٹ نےاڈانی کی فریب دہی کو بے نقاب کیا لیکن مودی حکومت اڈانی کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔تمام سرکاری ادارے مودی کے دوستوں کے کنٹرول میںہیں۔اگر یہ حکومت جمہوریت پر یقین رکھتی ہےتواسے نظام عدل میں مسائل پیدا نہیں کرنے چاہئیں۔‘‘
  انہوںنے کہا کہ ’’کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں۳؍دن سے پارلیمنٹ میں اڈانی کی بدنظمی پر بحث کا مطالبہ کر رہی ہیں لیکن مودی کی آمرانہ حکومت اس پربحث نہیں کرا رہی ہے۔ کانگریس پارٹی عوام کی فلاح و بہبودکیلئےہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ آج بھی، کانگریس پارٹی نےریاست بھر میں احتجاج کیاتاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عوام کا پیسہ محفوظ ہےاور اڈانی کی بدعنوانی کی تحقیقات کی جائیں۔ 
 کانگریس کے ریاستی صدر نے یہ بھی کہا کہ کانگریس اس وقت تک سکون سےنہیں بیٹھے گی جب تک اڈانی کی بد عنوانی کی جانچ نہیں ہو جاتی اور عوام کے ایک ایک پیسے کا حساب نہیں لیا جاتا۔
عارف نسیم خان کی قیادت میں تھانے میں احتجاج
 ریاستی کانگریس کے کارگزارصدر اور سابق وزیرمحمد عارف نسیم خان کی قیادت میں تھانے شہر میں احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ ’’ اڈانی نے ایل آئی سی  اور ایس بی آئی  کے علاوہ مختلف اسکیموں کےتحت عوام کو لوٹنے کا کام کیا ہےپھر چاہے وہ  ایئر پورٹ اتھاریٹی ہو یا ریلوے۔مودی حکومت نے قوانین کو نظر انداز کرتےہوئے اڈانی جیسے دوستوں کو مددکرنے کاکام کیا ہے ۔ آج ایل آئی سی میں غریب عوام کاپیسہ ہے،ملک کے غریب عوام کو ایس بی آئی پر بھروسہ ہےاور اسی لئے وہ اپنے گاڑھی محنت کی کمائی کوان میںجمع کرتے ہیں لیکن مودی حکومت کی جانب سےلاکھوں کروڑوں روپے اڈانی کو دیئے گئے ہیں۔اڈانی کی بیرون ممالک کئی بوگس کمپنیاں بنا کر بدعنوانی کی ہے ا س معاملے جانچ ہونا چاہئے اور اس کیلئےمرکزی پارلیمانی جانچ کمیٹی تشکیل دی  جانی چاہئے اورخاطیوںکےخلاف سخت کارروائی ہونا چاہئے۔ اس موقع پر تھانے ضلع کے کانگریس صدر وکرم چوہان بھی موجود تھے۔
کہاں کس کی قیادت میں مظاہرے ہوئے
 دھولیہ میں ریاستی ورکنگ صدر کنال پاٹل کی قیادت میں امراوتی میں سٹی ڈسٹرکٹ صدر ببلو شیخاوت اور دیہی ضلع صدر ببلو دیشمکھ، کلیان میں جنرل سیکریٹری برج دت اورضلع صدر سچن پوٹے، کولہاپورمیںضلع صدر سچن چوہان، ناگپور میں  وکاس ٹھاکرے،ناسک میں شہر صدر شرد آہیر، عثمان آباد میں ضلع صدردھیرج پاٹل، کھامگاؤں میں سابق ایم ایل اےدلیپ سانندا کی قیادت میں یہ احتجاج کیا گیا ۔
پنویل میں زبردست احتجاج 
 پنویل میں پیر کو کانگریس کے ورکروں نے اسٹیٹ بینک کےسامنے مرکزی حکومت کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ اس موقع پرپنویل شہر ضلع  کانگریس کے صدر سدام پاٹل نےکہاکہ اس معاملے کی جانچ جوائنٹ  پارلیمانی کمیٹی کےساتھ ساتھ سپریم کورٹ کے موجودہ جج سے کرائی جائے۔ایل آئی سی  اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور دیگر بینکوں میںکھاتے داروں کی گاڑھی کمائی کی رقم ڈوب نہ جائےاسے یقینی بنایا جائے اور اہم اقدامات کئے جائیں۔سدام پاٹل نے الزام لگایاکہ مرکزی حکومت نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا پر اڈانی گروپ کی کمپنی میں سرمایہ کاری کے لئے دباؤ ڈالا   ہے۔ اسٹیٹ بینک، ایل آئی سی اور دیگر بینکوں کے ۸۰؍ہزار کروڑ روپے اڈانی گروپ پر واجب ہے۔ حکومت کسانوں کےچند ہزار روپے معاف نہیں کرتی ہے لیکن اڈانی گروپ کے اربوں روپے معاف کر دئیے۔مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا جب تک ان کے مطالبات کو پورا نہیں کیا جاتا  اس موقع پر بڑی تعداد میں کہ اس کے ورکر موجود تھے۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK