• Sun, 21 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بلدیاتی انتخابات سے قبل پارٹیاں بدلنے کا سلسلہ تیز

Updated: December 21, 2025, 10:34 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

بی جے پی اور آر پی آئی کے لیڈر کانگریس ، شیو سینا ( ادھو) کے لیڈر بی جے پی اور ایم آئی ایم کا لیڈر این سی پی ( اجیت) میں شامل۔

Program for workers of different parties to join the Congress. Picture: INN
مختلف پارٹیوں کے کارکنوں کےکانگریس میں شامل ہونے کا پروگرام۔ تصویر: آئی این این
بی ایم سی سمیت ۲۹؍ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کیلئے پرچہ نامزدگی ۲۳؍ دسمبر سے شروع ہونے والی ہے۔ اس سے قبل جس پارٹی میں ٹکٹ ملنے کی امید زیادہ ہے اس پارٹی میں سیاسی لیڈروں کے شامل  ہونے کا سلسلہ تیز ہو تا جارہا ہے۔ 
گزشتہ روز  بی جے پی  او ر آر پی آئی کے ممبئی کے متعدد عہدیدار کانگریس، اسی طرح سنیچر کو تھانے ضلع میں شیو سینا(ادھو) خیمے کے کئی لیڈر بی جےپی میں اورممبرا سے ایم آئی ایم کے سابق کارپوریٹر شاہ عالم نے ایم آئی ایم کا ساتھ چھوڑ کر اجیت پوار کی گھڑی پہن لی اور این سی پی (اجیت) میں شامل ہوگئے۔
بی جے پی اور آر پی آئی کے متعدد عہدیدار کانگریس میں شامل
بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر بی جے پی کے سابق جنرل سیکریٹری اور چاندیولی وارڈ کے صدر گوپال راٹھوڑ اور آر پی آئی کی چاندیولی مہیلا تعلقہ صدر سونالی باپو پردھان کے ساتھ سیکڑوں کارکن ممبئی کانگریس کے صدر ایم پی ورشاگائیکواڑکی موجودگی میں کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے۔اس موقع پراراکین اسمبلی امین پٹیل ، اسلم شیخ، آل انڈیا کانگریس سیکریٹری اور پنجاب اسٹیٹ کے شریک انچارج سورج سنگھ ٹھاکر وغیرہ موجود تھے۔
ادھو خیمے کے سابق ایم ایل اے سبھاش بھوئیر اور تھانے ضلع کے کئی کارکن بی جے پی میں شامل 
شیوسینا( ادھو) پارٹی کے کلیان دیہی کے سابق رکن اسمبلی سبھاش بھویئر نے سنیچرکو اپنے متعدد حامیوں کے ساتھ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ تھانے سے شیو سینا ( ادھو) پارٹی کے متعدد عہدیدار بھی بی جے پی میں شامل ہوئے۔بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان نے ان سب کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر ایم ایل اے سنجے کیلکر، ایم ایل سی نرنجن ڈاؤکھرے اور تھانے بی جے پی شہر ضلع صدر سندیپ لیلے وغیرہ موجود تھے۔
کلیان دیہی سے بی جے پی میں شامل ہونے والوں میں سبھاش بھوئیر کے بیٹے سمیت بھوئیر، شیو سینا (ادھو) گروپ کے سابق ضلع پریشد رکن رمیش پاٹل، نائب تعلقہ سربراہ سکھ دیو پاٹل، کلیان قانون ساز اسمبلی کے یوتھ افسر سورج جادھو، دیوا شہر کے یوتھ صدر ابھیشیک ٹھاکر، شیل ڈپٹی یوتھ سٹی ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ پرساد ویشوا پاٹل، یوتھ سینا کے سیکریٹری یووا پاٹل، ، دیوا سٹی یوتھ افسر سورج جادھو  اور دیگر شامل ہیں۔ اسی طرح این سی پی (اجیت)کے قومی صدر اور ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار ، ریاستی جنرل سیکریٹری، تھانے ضلع صدر اور اقلیتی شعبہ کے صدر نجیب ملا کی رہنمائی میں جمعہ کو ایم آئی ایم  کے سابق کارپوریٹر شاہ عالم نے  این سی پی ( اجیت )  میں شمولیت اختیار کی۔
اس موقع پر راجو انصاری، ڈاکٹر ممتاز شاہ، شہباز اعظمی، فہد اعظمی، عبدالحمید اعظمی اور دیگر معززین موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK