Inquilab Logo

راہل گاندھی کی درخواست مسترد کرنے پر کانگریس کا احتجاج

Updated: July 08, 2023, 9:08 AM IST | Mumbai

گجرات ہائی کورٹ کی جانب سے درخواست مسترد کئے جانے پرکانگریسی رضاکاروں کا کئی جگہ مظاہرہ

A large number of workers protested under the leadership of MLA Aslam Sheikh (right) and Maharashtra Pradesh Congress Committee Working President Muhammad Arif Naseem Khan.
رکن اسمبلی اسلم شیخ(دائیں)اور مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے کارگزار صدر محمد عارف نسیم خان کی قیادت میں بڑی تعداد میں کارکنوں نے احتجاج کیا۔

گجرات ہائی کورٹ نے جمعہ کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی مودی سرنیم کے تبصرہ پر مجرمانہ ہتک عزت کے مقدمے میں سزا پر روک لگانے سے انکار کر دیا۔اس فیصلہ کے بعد کانگریس کے کارکنان ناراض ہو گئے اور انہوںنے ممبئی ، تھانے سمیت ریاست کے متعدد شہروں اور اضلاع میں سڑکوں پر اتر کر مظاہرہ کیا، اس دوران مودی حکومت کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے۔
 مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی ( ایم پی سی سی)کے صدر نانا پٹولے کی قیادت میں تھانے میں جبکہ کارگزار صدر محمد عارف نسیم خان کی قیادت میں ولے پارلے میں اور سابق کابینی وزیر اسلم شیخ کی قیادت میں  دہیسر چیک ناکہ میں احتجاج کیا گیا ۔
  اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے بی جے پی اور مودی حکومت پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کے خلاف  جھوٹی شکایت اور کارروائی سیاسی نفرت کی وجہ سے کی گئی اور اس کے پیچھے کون ہے یہ سب کو معلوم ہے۔ راہل گاندھی کی درخواست کو گجرات ہائی کورٹ نے مسترد کر دیا ہے لیکن کانگریس اس  فیصلےکے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل کرے گی۔ کانگریس ملک میں آمریت کے خلاف لڑ رہی ہے۔   راہل نے بدعنوان نیرو مودی، للت مودی پر تنقید کی تھی۔ اگر ہم بدعنوان لوگوں پر تنقید کریں تو یہ کسی ذات کیخلاف کیسے ہو سکتا ہے؟ نیرو مودی،  للت مودی عوام سے کروڑوں روپے لوٹ کر بیرون  ملک فرار ہو گئے، نریندر مودی اس پر بات کیوں نہیں کررہے؟
 دریں اثنا، مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے کارگزار صدر سابق وزیر نسیم خان کی قیادت میں مغربی ایکسپریس وے پر ولے پارلے میں چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمہ کے سامنے سڑک پر بی جے پی حکومت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔اس موقع پر نسیم خان نے کہا کہ مودی حکومت راہل گاندھی سے خوفزدہ ہے اور ان کی آواز کو دبانے کے لئے ان پر جھوٹے مقدمات درج کر رہی ہے لیکن راہل گاندھی ایسے جبر سے نہیں ڈریں گے، ہم سب، ملک کے کروڑوں کانگریس کارکنان ان کے پیچھے مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
  دہیسر علاقے میں سابق وزیر اسلم شیخ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ریاست کے مختلف حصوں میں کانگریس کارکنان بھی سڑکوں پر نکل آئے اور مودی حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

 

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK