Inquilab Logo

گیہوں کی برآمد پر پابندی، مودی ہے تو ممکن ہے : کانگریس

Updated: May 16, 2022, 12:01 PM IST | Agency | New Delhi

سرجے والا نے کہا کہ حکومت نے۱۳؍ مئی کو ۹؍ ممالک میں گیہوں کی برآمدگی کے لئے وفد بھیجااور۱۴؍ مئی کو پابندی لگا دی

Randeep Surjewala.Picture:INN
رندیپ سرجےوالا۔ تصویر: آئی این این

کانگریس نے گیہوں کی برآمد پر پابندی کے حکومتی فیصلہ کو کسان مخالف قدم بتاتے ہوئے اس کی سخت مخالفت کی ہے۔ پی چدمبرم نےکہا کہ جب ملک میں گیہوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا  ہے توپھر گھبرانے کی کیا ضرورت ہے۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجےوالا نےحکومت کےاس فیصلے  پر تنقید کرتےہوئے ٹویٹ کیا  ’’ملک میں گیہوں کی خرید کا ہدف۴۴۴؍ لاکھ میٹرک ٹن، ملک میں گیہوں کی خرید۱۷۸؍ لاکھ میٹرک ٹن ہوئی ، ملک میں اس وقت گیہوں کاذخیرہ ۳۰۳؍لاکھ میٹرک ٹن ،غریبوں کی اسکیم کیلئےہر سال۴۳۵؍ لاکھ میٹرک ٹن کی ضرورت ہے۔ گزشتہ چار سال میں آٹے کی قیمت میں۴۲؍ فیصد کا اضافہ ہوا ہے لیکن  مودی حکومت کی سوچ اور راستہ کیا ہے۔۱۴؍اپریل ۲۰۲۲ء کومودی حکومت کا اعلان کہ حکومت پوری دنیا میں گیہوں بھیجےگی،۱۳؍مئی ۲۰۲۲ء کو مودی حکومت کا اعلان کہ مودی حکومت نے ۹؍ ممالک میں گیہوں کی برآمدگی کے لئے وفد بھیجااور۱۴؍ مئی کو حکومت نے گیہوں کی برآمدگی پر روک لگادی،عجب سرکار کی غضب کہانی،مودی ہےتویہی ممکن ہے۔‘‘ دوسری جانب حکومت نے سنیچر کو کہا کہ ملک میں گیہوں کی کافی دستیابی ہے اور بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر اس کی برآمد پر پابندی عائد کی گئی ہے۔سوال یہ ہے کہ جب ملک میں گیہوں  کافی مقدار میں دستیاب ہےتو پھرقیمتیں کیوں بڑھ رہی ہیں اور ایسی صورت میں برآمدگی کیوں کی جارہی تھی۔ خوراک کے مرکزی سیکریٹری سدھانشو پانڈے، کامرس سیکریٹری بی وی آر سبرامنیم اور زراعت کے سیکریٹری منوج آہوجا نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ بین الاقوامی بازار میں گیہوں کی قیمت بڑھ رہی ہے، جس کی وجہ سے ملک میں بھی اس کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ اس کے پیش نظر حکومت نے عوامی مفاد میں اس کی برآمد پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا۔ان سینئر عہدیداروں نے کہا کہ گھریلو مارکیٹ میں گندم کی قیمت کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) سے اوپر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK