دونوں پارٹیوں نےاپنےسیاسی سفر کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے: پرگٹ سنگھ
EPAPER
Updated: November 25, 2026, 1:17 PM IST | Agency | Chandigarh
دونوں پارٹیوں نےاپنےسیاسی سفر کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے: پرگٹ سنگھ
پنجاب میں ۲۰۲۷ء کے اسمبلی انتخابات کیلئےبی جےپی اور شرومنی اکالی دل کے درمیان انتخابی اتحاد کے اعلان پر کانگریس نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ پنجاب کانگریس کے صدر پرگٹ سنگھ نے دونوں جماعتوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اکالی دل خود کو گرو نانک کی فکر اور نظریے کا نمائندہ قرار دیتا ہے، لیکن بی جے پی کے ساتھ اس کا سیاسی سمجھوتہ اسی نظریے کے خلاف ہے ۔پرگٹ سنگھ نے چندی گڑھ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پرکاش پرو کے مقدس موقع پر اکالی دل اور بی جے پی نے اتحاد کے حوالے سے جو بات کہی ہے، اس سے بڑا جھوٹ کوئی نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ امیت شاہ اور سکھبیر سنگھ بادل نے اپنی سیاسی جدوجہد کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: جیور ہوائی اڈے کو وزیر اعظم مودی سے منسوب کرنے پر سوال
کانگریس لیڈر نے دونوں جماعتوں کے سابقہ بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے تک بی جے پی اور اکالی دل دونوں دعویٰ کر رہے تھے کہ وہ اپنے بل بوتے پر انتخابات لڑیں گے۔ دونوں جماعتوں نے الگ الگ انتخابی میدان میں اترنے کی بات کہی تھی، لیکن اب انہوں نے اتحاد کا اعلان کردیا ہے۔ پرگٹ سنگھ کے مطابق اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں جماعتوں میں اب اکیلے انتخاب لڑنے کی طاقت باقی نہیں رہی۔
عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے ایس اے ڈی اور بی جے پی کے درمیان اتحاد پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں پنجاب کو برباد کرنے اور صرف اقتدار حاصل کرنے کیلئے ایک ساتھ آئی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے عوام ان پر بھروسہ نہیں کرسکتے۔ کیجریوال کے مطابق، عام آدمی پارٹی کی حکومت نے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ریاست میں ترقیاتی کام کیے ہیں۔