کانگریس لیڈر راہل گاندھی کاشمال مشرقی ریاست میں شراب سے ہوئی اموات پر سخت تبصرہ، متاثرہ خاندانوں کی مدد اورمناسب معاوضہ کا مطالبہ۔
EPAPER
Updated: November 25, 2026, 1:19 PM IST | Agency | New Delhi
کانگریس لیڈر راہل گاندھی کاشمال مشرقی ریاست میں شراب سے ہوئی اموات پر سخت تبصرہ، متاثرہ خاندانوں کی مدد اورمناسب معاوضہ کا مطالبہ۔
لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے منی پور میں زہریلی شراب پینے کے باعث کئی لوگوں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس واقعے پر انہوں نے ریاست کی بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے انتظامی لاپروائی کا نتیجہ قرار دیا۔ اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کی۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’منی پور میں زہریلی شراب کے باعث کئی لوگوں کی موت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ سوگوار خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور مریضوں کی جلد صحت یابی کی امید کرتا ہوں۔‘‘راہل گاندھی اپنی پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ’’یہ حادثہ نہیں بلکہ بی جے پی حکومت کی لاپروائی کا نتیجہ ہے۔ پہلے تشدد نے سیکڑوں گھر اجاڑ دیے، اب زہریلی شراب گھر اجاڑ رہی ہیں، لیکن حکومت اب بھی سو رہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’قصورواروں کے خلاف فوری طور پر سخت کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو بلا تاخیر مکمل مدد اور مناسب معاوضہ دیا جائے۔‘‘ہندی نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ پر شائع رپورٹ کے مطابق منی پور کے چنڈیل ضلع میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے کے باعث۱۵؍ افراد کی موت ہو گئی ہے جبکہ۱۸۰؍سے زائد(بعض ذرائع نے۶۰۰؍بھی بتایا ہے ) افراد کو اسپتال میں داخل کرانا پڑا ہے۔
اس واقعے کے بعد ریاستی حکومت نے صحت سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے اور پورے معاملے کی جانچ کے احکامات دے دیے ہیں ۔ افسران کے مطابق یہ اموات۱۸؍ سے۲۰؍ نومبر کے درمیان بنیادی طور پر چکپیکارونگ سب ڈویژن اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ہوئیں۔ متاثرین میں میتھانول پوائزننگ (زہریلی شراب کے اثرات) جیسی علامات ظاہر ہونے کے بعد کئی سنگین مریضوں کو بہتر علاج کیلئے امپھال کے اسپتالوں میں ریفر کیا گیا ہے۔ پولیس کی ابتدائی جانچ میں سامنے آیا ہے کہ متاثرین نے جو شراب پی تھی، اسے پڑوسی ضلع کاکچنگ کے سگنو علاقے سے خریدا گیا تھا۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ چنڈیل ضلع میں مقامی سطح پر روایتی شراب بنانے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔