جے رام رمیش نے نہرو کاحوالہ دیا ، کہا کہ ملک کے پہلے وزیراعظم کسی منصوبے کو کو خود سے منسوب کرنے کے مخالف تھے۔
EPAPER
Updated: November 25, 2026, 1:14 PM IST | Agency | New Delhi
جے رام رمیش نے نہرو کاحوالہ دیا ، کہا کہ ملک کے پہلے وزیراعظم کسی منصوبے کو کو خود سے منسوب کرنے کے مخالف تھے۔
کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے اتر پردیش کے جیور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام وزیر اعظم نریندر مودی کے نام پر رکھے جانے کی اطلاعات پر سوال اٹھاتے ہوئے حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ عوامی بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبوں کو برسر اقتدار وزیر اعظم کے نام سے منسوب کر رہی ہے۔جواہر لال نہرو سے موازنہ کرتے ہوئے جے رام رمیش نے یاد دلایا کہ ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم نے اپنے نام پر عوامی اداروں اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے نام رکھنے کی تجاویز کو بارہا مسترد کیا تھا۔’ ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں جے رام رمیش نے اس منصوبے میں بھاری سرمایہ کاری اور زمین کے حصول کے باوجود ہوائی اڈے پر آپریشنل سرگرمیوں کی پیش رفت پر سوال اٹھایا۔
یہ بھی پڑھئے: جینسن ہوانگ کا شاندار خیر مقدم، شیئر میں ۵ء۳۱؍ فیصد کا اُچھال
انہوں نے نشاندہی کی کہ وزیر اعظم مودی نے۲۸؍مارچ ۲۰۲۶ء کو کافی تشہیر کے درمیان ہوائی اڈے کے پہلے مرحلے کا افتتاح کیا تھا لیکن ان کے دعوے کے مطابق اب تک اس ہوائی اڈے سے ایک بھی مقررہ بین الاقوامی پرواز روانہ نہیں ہوئی ہے۔ جے رام رمیش نے کہا کہ اتر پردیش کے جیور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح وزیر اعظم نے امسال۲۸؍ مارچ کو اپنے روایتی دھوم دھام کے ساتھ کیا تھا۔ اس کے باوجود ہوائی اڈے کا نام بدل کر نریندر مودی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نوئیڈا- جیور رکھ دیا گیا ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ جنوری۱۹۴۹ء میں نہرو نے حیدرآباد کے فتح میدان کا نام ان کے نام پر رکھنے کی تجویز مسترد کر دی تھی۔ اسی طرح دسمبر۱۹۵۶ء میں انہوں نے جموںکشمیر کی بانہال سرنگ کوبھی خوف سے منسوب کرنے کی تجویز کو روکنے کیلئے مداخلت کی تھی۔