Inquilab Logo Happiest Places to Work

طلبہ پر پولیس تشدد کیخلاف کانگریس کی طلبہ تنظیم کا دہلی میں مارچ

Updated: August 04, 2026, 7:58 AM IST | New Delhi

رائے سینا روڈ سے جنتر منتر کی طرف منعقدہ ’اسٹوڈنٹس جسٹس مارچ‘ میں بڑی تعداد میں طلبہ شریک تھے جو نعرے لگا رہے تھے اور وزیراعظم سے معافی کا مطالبہ کررہے تھے

When the students were stopped from moving forward, they climbed the barricade and started shouting slogans against the government.
طلبہ کو آگے بڑھنے سے روکا گیا تو وہ لوگ بیریکیڈ پر چڑھ گئے اور حکومت کے خلاف نعرے لگانے لگے

 نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) نے طلبہ پر پولیس تشدد، پیلٹ گن کے استعمال اور پرامن احتجاج کے دوران ہونے والی کارروائی کے خلاف پیرکو دہلی میں’اسٹوڈنٹس جسٹس مارچ‘ نکالا۔ اس مارچ میں بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی  اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔
 این ایس یو آئی کے قومی صدر ونود جاکھڑ کی قیادت میں سیکڑوں کارکنان رائے سینا روڈ پر واقع قومی دفتر سے جنتر منتر کی طرف مارچ کرتے ہوئے انصاف اور جوابدہی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ مارچ کو روکنےکیلئے پولیس نے راستے میں بیری کیڈنگ کی اور بھاری پولیس فورس تعینات کی۔ اس دوران کئی این ایس یو آئی کارکنوں کو حراست میں لیا گیا۔ مظاہرین نےگزشتہ دنوں دہلی میں جنتر منتر پر طلبہ کے ساتھ کئے گئے تشدد کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج درج کرایا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ونود جاکھڑ نے کہا کہ پرامن طریقے سے اپنی آواز اٹھانے والے طلبہ کے خلاف پولیس فورس جس طرح سے پیلٹ گن، بیری کیڈنگ اور حراست جیسی کارروائیاں کررہی ہے، وہ جمہوری اقدار کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ طلبہ مجرم نہیں ہیں بلکہ ملک کا مستقبل ہیں۔ اسی کے ساتھ انہوں نے حکومت کو متنبہ بھی کیا کہ  طلبہ کی آواز کو دبانے کی ہر کوشش تحریک کو مزید مضبوط کرے گی۔
 ونود جاکھڑ نے وزیراعظم مودی سے طلبہ کے ساتھ ہوئی پولیس کارروائی پر معافی مانگنے اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بنارس میں اتر پردیش پولیس کے ذریعہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کے خلاف درج ایف آئی آر کی بھی سخت مذمت کی اور اسے اپوزیشن کی آواز کو دبانے کی ایک ناکام کوشش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر، پولیس کارروائی اور حراست سے طلبہ اور نوجوانوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ  این ایس یو آئی ملک کے تمام طلبہ کے جمہوری حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK