Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیرالا انتخابات کیلئے کانگریس اتحاد یو ڈی ایف کا ۵؍ گارنٹی کا اعلان

Updated: March 30, 2026, 11:33 PM IST | Thiruvananthapuram

راہل گاندھی کا ایک ہی دن میں کئی ریلیوں سے خطاب، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو نشانہ بنایا، کہا: جس طرح ٹرمپ کے دباؤ میں مودی ہیں، اسی طرح مودی کے دباؤ میں پی وجین ہیں

Rahul Gandhi joins cycle rally during election campaign in Kerala
کیرالا میں انتخابی مہم کے دوران سائیکل ریلی میں شامل راہل گاندھی

کیرالامیں اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس کی قیادت میں یو ڈی ایف نے اپنا انتخابی منشور جاری کر دیا ہے جس میں عوام کیلئے ۵؍ گارنٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے کیرالا کا دورہ کیا اور ایک ہی دن میں کئی ریلیوں سے خطاب کیا۔ ان ریلیوں میں انہوں نے وزیراعلیٰ کے ساتھ ہی وزیراعظم کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے ٹرمپ کے دباؤ میں مودی ہیں،اسی طرح مودی کے دباؤ میں پی وجین ہیں۔ انہوں نے عوام سے ریاست میں فلاح و بہبود کیلئے تبدیلی کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل بھی کی۔ 
 کیرالا کے ضلع اڈور میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے ریاست کی سیاست میں بی جے پی اور لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) کے درمیان گٹھ جوڑ کا الزام عائد کیا اور کہا کہ یہ اتحاد دراصل پردے کے پیچھے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس انتخاب میں حقیقی مقابلہ یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) اور بی جے پی،ایل ڈی ایف کے غیر اعلانیہ اتحاد کے درمیان ہے۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک بھر میں صرف کانگریس سے نظریاتی اختلاف رکھتی ہے جبکہ ایل ڈی ایف قومی سطح پر بی جے پی کیلئے کوئی چیلنج نہیں ہے۔ ان کے مطابق، اگر دہلی میں بی جے پی اور کیرالا میں ایل ڈی ایف اقتدار میں رہیں تو ریاست مکمل طور پر بی جے پی کے اثر میں آ جاتی ہے۔انہوں نے ایل ڈی ایف قیادت پر بدعنوانی کے الزامات بھی عائد کئے اور کہا کہ کئی معاملات زیر سماعت ہونے کے باوجود ان لیڈروں سے کوئی پوچھ تاچھ نہیں ہو رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی کی جانب سے کیرالا کے وزیر اعلیٰ پر کسی قسم کا دباؤ یا کارروائی دیکھنے کو نہیں ملتی، جو اس گٹھ جوڑ کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
 وزیر اعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ وہ اکثر اپنے خطابات میں مذہب اور مندروں کا ذکر کرتے ہیں لیکن سبریمالا معاملے پر خاموش ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مندر سے سونے کی چوری جیسے سنگین معاملے پر وزیر اعظم نے کوئی مؤقف اختیار نہیں کیا، کیونکہ اس سے ایل ڈی ایف کو نقصان پہنچ سکتا تھا۔انہوں نے وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کے تعلقات اور صنعتکار گوتم اڈانی سے روابط کئی سوالات کو جنم دیتے ہیں۔ راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ ان مسائل کو پارلیمنٹ میں اٹھانے کے باوجود وزیر اعظم نے جواب دینے سے گریز کیا۔
  راہل گاندھی نے کیرالا کے سماجی ڈھانچے اور ماحولیات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ترقی کے ساتھ اپنی خوبصورتی اور ہم آہنگی کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں مختلف مذاہب اور برادریاں مل جل کر رہتی ہیں، جو ملک کیلئے ایک مثال ہے۔انہوں نے کیرالا میں ربڑ کے کسانوں اور مزدوروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایل ڈی ایف حکومت ان کی مدد کرنے میں ناکام رہی ہے، جبکہ یو ڈی ایف نے ماضی میں ان کی حمایت کی تھی۔ راہل گاندھی نے یو ڈی ایف کی جانب سے ۵؍ اہم گارنٹیوں کا اعلان کیا۔ ان میں خواتین کیلئے مفت بس سفر، طالبات کیلئے ماہانہ مالی امداد، معمر شہریوں کیلئے پنشن میں اضافہ، ہر خاندان کیلئے صحت بیمہ اور نوجوانوں کیلئے بلاسود قرض شامل ہیں۔انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ معمر شہریوں کیلئے ایک الگ وزارت قائم کی جائے گی اور ربڑ کے کسانوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر یو ڈی ایف اقتدار میں آتی ہے تو ریاست میں روزگار، صنعت اور سماجی بہبود کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئے گی جبکہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کو تبدیل کیا جائے گا۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK