ممبئی میں پارٹی لیڈران کی اہم میٹنگ ، خواتین، کسانوں اور بے روزگاروں کے مسائل پر آواز اٹھانے کا تہیہ، بی جے پی حکومت پر تنقید۔
EPAPER
Updated: February 19, 2026, 3:58 PM IST | Agency | Mumbai
ممبئی میں پارٹی لیڈران کی اہم میٹنگ ، خواتین، کسانوں اور بے روزگاروں کے مسائل پر آواز اٹھانے کا تہیہ، بی جے پی حکومت پر تنقید۔
مہاراشٹر کانگریس کے انچارج رمیش چینی تھلا نے کہا ہے کہ آئندہ سال ریاست میں تنظیمی استحکام پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور گاؤں کی سطح تک تنظیمی تقرریاں کی جائیں گی، ساتھ ہی مختلف سیل، شعبہ جات اور سیوادل کو بھی مضبوط کیا جائے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکز اور ریاست میں بی جے پی حکومت ترقی کے نام پر صرف سیاست کر رہی ہے جبکہ کسانوں کے مسائل سنگین صورت اختیار کر چکے ہیں، خودکشیوں میں اضافہ ہوا ہے، بے روزگاری بڑھ رہی ہے، خواتین پر جرائم میں اضافہ ہوا ہے اور قانون و نظم و نسق کی صورتحال تشویشناک ہے۔ ان تمام عوامی مسائل پر کانگریس مختلف تحریکوں اور ریلیوں کے ذریعے حکومت سے جواب طلب کرے گی۔
ممبئی کےتلک بھون میں منعقدہ کانگریس کی پالیٹکل افیئرس کمیٹی کے اجلاس میں ر میش چینی تھلا کی موجودگی اور ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال کی صدارت میں اہم سیاسی و سماجی امور پر تفصیلی بحث کی گئی۔ اجلاس میں قانون ساز پارٹی کے لیڈر وجے ویڈیٹیوار، قانون ساز کونسل میں پارٹی لیڈر ستیج پاٹل، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن بالاصاحب تھورات ، سابق ریاستی صدر نانا پٹولے، عارف نسیم خان، مانک راؤ ٹھاکرے، چندرکانت ہنڈورے، ڈاکٹر نتن راؤت، یشومتی ٹھاکر، امیت دیشمکھ، شیواجی راؤ موگھے، اسلم شیخ، امین پٹیل، کنال چودھری، ریحانہ چشتی، کلیان کالے، شوبھا بچھاؤ، ابھیے چھاجیڈ، ایڈوکیٹ گنیش پاٹل، موہن جوشی، مظفر حسین، سندھیا سوالاکھے، شیو راج مورے، ولاس اوتاڈے، ساگر سالونکھے اور دیگر لیڈران شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھئے:ابھیشیک شرما کی صفر کی ہیٹ کرک، ہندوستان کی سب سے بڑی تشویش
میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیش چینی تھلا نے کہا کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں برسرِ اقتدار بی جے پی مہایوتی نے انتظامی مشینری کا ناجائز استعمال کیا اور بڑے پیمانے پر مالی وسائل کا سہارا لیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ انتخابی عمل میں استعمال ہونے والی بھاری رقم کہاں سے آئی؟ ان کے مطابق اقتدار کے غلط استعمال سے جمہوریت کو نقصان پہنچا ہے۔ اس کے باوجود کانگریس کارکنوں نے دباؤ کے ماحول میں بھی عزم کے ساتھ مقابلہ کیا اور مناسب کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت بدعنوانیوں میں ملوث ہے اور ریاست میں سرمایہ کاری نہیں آ رہی بلکہ پڑوسی گجرات منتقل ہو رہی ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس داخلی سیاست میں مصروف ہیں۔
چندرپور میئر انتخاب کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی کے اتحادی شیو سینا (یو بی ٹی) نے کانگریس سے حمایت کی بات کی تھی مگر عین وقت پر بی جے پی کی حمایت کر دی، مگر کانگریس نے پربھنی میں بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے اتحاد کا فریضہ ادا کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس نے کسی قسم کا بدلہ لینے کی سیاست نہیں کی اور جمہوریت و آئین کے تحفظ کیلئے اتحاد قائم کیا ۔نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے طیارہ حادثہ پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے رمیش چینی تھلا نے کہا کہ اگر اہلِ خانہ نے سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا ہے تو مرکزی حکومت کو اس پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے۔ راجیہ سبھا انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تاحال کانگریس سے کسی نے رابطہ نہیں کیا، اگر مشاورت کی جائے گی تو پارٹی قیادت سے مشورے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔