ای ۲۰؍پیٹرول کے خلاف کانگریس کارکنان نے ناگپور میں مرکزی وزیر نتن گڈکری کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا جس پر پولیس نے ان کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔
EPAPER
Updated: August 05, 2026, 7:46 AM IST | Nagpur
ای ۲۰؍پیٹرول کے خلاف کانگریس کارکنان نے ناگپور میں مرکزی وزیر نتن گڈکری کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا جس پر پولیس نے ان کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔
ای ۲۰؍پیٹرول کے خلاف کانگریس کارکنان نے ناگپور میں مرکزی وزیر نتن گڈکری کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کیا جس پر پولیس نے ان کے خلاف معاملہ درج کیا ہے۔ یاد رہے کہ کانگریس کارکنان نے مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال کی ہدایت پر پیر کے روز ناگپور کے چٹنس پارک چوک روڈ پر واقع نتن گڈکری کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کرنے پہنچے تھے۔ یاد رہے کہ یہ جگہ محل علاقے میں واقع ہے جہاں آر ایس ایس کا صدر دفتر بھی موجود ہے۔
پولیس نے پہلے ہی نتن گڈکری کے گھر کی طرف جانے والے راستوں پر بیریکیڈ لگا دیئے تھے۔ مگر مہاراشٹر یوتھ کانگریس کے صدر شیوراج مورے کی قیادت میں جمع ہوئے کانگریس کارکنان نے ان بیریکیڈ کی پروا نہیں کی اور ان پر چڑھ کر دوسری طرف اتر گئے لیکن پولیس نے انہیں کسی طرح قابو میں کیا۔ اس دوران کارکنان نے نتن گڈکری اور بی جے پی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ پولیس نے اس موقع پر کم از کم ۳۰؍ لوگوں کو گرفتار کیا جو بیریکیڈ عبور کرکے نتن گڈکری کی رہائش گاہ کی طرف جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ناگپور کانگریس کے صدر پرفل گوڈاڈے کا کہنا ہے کہ ’’ ای ۲۰؍ پیٹرول گاڑیوں کو تباہ کر رہا ہے۔ دوسری بات یہ ہےکہ نتن گڈکری نے وعدہ کیا تھا ایتھنال ملا ہوا پیٹرول ۵۰؍ روپے فی لیٹر فروخت کیا جائے گا لیکن یہ ۱۰۰؍ روپے سے زائد دام میں مل رہا ہے۔ ہم لوگ اس معاملے پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔ چاہے پولیس ہمیں گرفتار ہی کیوں نہ کر لے۔ ‘‘یاد رہے کہ پیر کے روز مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال نے ای ۲۰؍ پیٹرول کو ایک گھوٹالا قرار دیتے ہوئے نتن گڈکری کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ یوتھ کانگریس کے کارکنان نے بھی مرکزی وزیر کے استعفے کا مطالبہ کیا۔
مرکزی وزیر کے گھر کے قریب پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی اور راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں، حالانکہ مظاہرین نے آگے بڑھنے کے لیے ان پر چڑھنے کی کوشش کی۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے نعرے لگائے۔ کانگریس کارکنان نے ای ۲۰ ایندھن کے معاملے پر گڈکری کو نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ۲۹؍جولائی کو پارلیمنٹ میں ای ۲۰ پیٹرول کے ملک گیر رول آؤٹ پر نتن گڈکری نے کئی اطمینان بخش جواب نہیں دیا۔ اس منگل کے روز اس معاملے پر پولیس نے مظاہرین کے خلاف معاملہ درج کیا۔ پولیس کا الزام ہے کہ ان لوگوں نے پولیس کی اجازت کے بغیر مظاہرہ کیا، احکامات کی خلاف ورزی کی اور رکاوٹیں عبور کرکے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی۔ پولیس کا الزام ہے کہ مظاہرین نے اعلیٰ حکام کے جاری کردہ امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کی، پیشگی اجازت کے بغیر جمع ہوئے، اور پولیس کے سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالی۔ گنیش پیٹھ پولیس اسٹیشن میں شیوراج مورے سمیت ۱۸؍ نامزد ملزمین اور ۵۰؍ سے ۶۰؍ دیگر نامعلوم مظاہرین کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ ای ۲۰؍ کے معاملے پر دہلی میں بھی احتجاج کیا گیا ہے۔