Inquilab Logo Happiest Places to Work

کانگریس کے ملکارجن کھرگے وزیر اعظم نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے

Updated: June 09, 2024, 2:49 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

کانگریس نے ایک بیان میں کہا کہ ملکارجن کھرگے کو راشٹرپتی بھون میں نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔

Mallikarjun Kharge. Photo: INN
ملکارجن کھرگے۔ تصویر : آئی این این

خبر رساں ایجنسی نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہےکہ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اتوار۹؍ جون کو نئی دہلی کے راشٹرپتی بھون میں نامزد وزیر اعظم نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ کانگریس نے ایک بیان میں کہا کہ ملکارجن کھرگے، جو راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر بھی ہیں، کو نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ پارٹی اور اتحادیوں کے ساتھ بات چیت کے بعد ملکارجن کھرگے نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ اے این آئی نے اتوار کے روز اطلاع دی تھی کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر پرہلاد جوشی نے ملکارجن کھرگے کو تقریب کے لیے مدعو کیا تھا۔
اپوزیشن کے دیگر رہنما؟
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، جو انڈیا بلاک کی اتحادی ہیں، نے کہا کہ وہ حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گی، انہوں نے مزید کہا کہ انہیں بھی مدعو نہیں کیا گیا ہے۔ ممتا بنرجی نے صحافیوں سے وزیر اعظم نامزد نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گی؟ کہ سوال پر کہا کہ ’’مجھے نہ تو دعوت نامہ ملا ہے اور نہ ہی میں جاؤں گی ۔میں ملک کےان  لوگوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہوں کہ جنہوں نے (پی ایم مودی) کو ووٹ نہیں دیا۔ مجھے افسوس ہے، لیکن میں حکومت بنانے کے لیے ایک غیر آئینی، غیر قانونی جماعت کی خیر خواہی نہیں کر سکتی۔ میری نیک تمنائیں ملک کے لیے ہوں گی۔‘‘
ہفتہ کو کانگریس لیڈر کے سی وینوگوپال نے کہا کہ پارٹی لیڈروں کو نریندر مودی کی طے شدہ حلف برداری کی تقریب میں کوئی دعوت نامہ نہیں ملا ہے۔
انہوں نے این آئی کو کہا کہ’’ابھی تک، ہمیں حکومت کی طرف سے کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ ہمیں کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا ہے... غیر ملکی رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے۔ اہم اپوزیشن پارٹی اور انڈیا بلاک کی قیادت ہونے کے ناطے ہمیں مطلع نہیں کیا گیا ہے۔ میں نہیں جانتا۔ حکومت کا موڈ کیا ہے۔ ‘‘کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کہا کہ’’حلف برداری کی تقریب میں صرف بین الاقوامی رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے۔ ہمارے قائدین کو ابھی تک دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔ جب ہمارے انڈیا بلاک کے قائدین کو دعوت نامہ موصول ہوگا، ہم اس کے بارے میں سوچیں گے۔‘‘جے رام رمیش نے کہا۔نریندر مودی شام ۷؍ بج کر ۱۵؍ منٹ پر مسلسل تیسری بار ہندوستان کے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیں گے۔ مودی دو مکمل مدت پوری کرنے کے بعد تیسری بار ہندوستان کے وزیر اعظم بن کر جواہر لعل نہرو کے ریکارڈ کی برابری کریں گے۔

میگا ایونٹ کے لیے تمام حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ راشٹرپتی بھون کی سیکورٹی کے لیے نیم فوجی دستوں کی پانچ کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔
لوک سبھا انتخابات ۲۰۲۴ء کے نتائج
بی جے پی نے ۲۴۰؍سیٹوں پر کامیابی حاصل کی، جبکہ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس نے حال ہی میں ختم ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں ۵۴۳؍سیٹوں میں سے۲۹۲؍سیٹیں حاصل کیں۔ کانگریس نے انڈیا بلاک کے ایک حصے کے طور پر الیکشن لڑا اور پارٹیاں مل کر بی جے پی کو لوک سبھا میں اپنے طور پر اکثریت حاصل کرنے سے روکنے میں کامیاب ہوئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK