Inquilab Logo

راجستھان سرکار گرانے کی سازش،ایم ایل اے خریدنے کی کوشش میں ۲؍ گرفتار

Updated: July 12, 2020, 8:12 AM IST | Agency | Jaipur

وزیر اعلیٰ گہلوت کا سنسنی خیز انکشاف ، بی جے پی لیڈران گلاب چند کٹاریہ ، ستیش پونیا اور راجندر راٹھوڑ کو ملوث قرار دیا ،ایس او جی نے گرفتاریاں انجام دیں

Ashok Gehlot - Pic : INN
اشوک گہلوت ۔ تصویر : آئی این این

 راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے یہ سنسی خیز انکشاف کیا ہے کہ  بی جے پی کے تین سینئر لیڈران گلاب چند کٹاریہ ، ریاستی صدر ڈاکٹر ستیش پونیا اور اسمبلی میں حزب اختلاف کے ڈپٹی لیڈر راجندر راٹھور ریاستی حکومت کو گرانے کی سازش کررہے ہیں۔    اشوک گہلوت نے یہاں بی جے پی کے مرکزی لیڈروں کو بھی  نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ریاستوں میں کانگریس کی حکومتوں کو گرانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے مہاراشٹر میں اکثریت نہ ہونے کے باوجود   حکومت بنانے کی کوشش کی تھی۔ اسی طرح کانگریس کی اکثریت والے اروناچل پردیش میں بھی کانگریس کی حکومت نہیں  بننے دی گئی جبکہ اسی طرح مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حکومت گرا دی گئی۔ گہلوت نے الزام لگایا کہ بی جے پی ذات پات اور مذہب کی سیاست کرکے  ملک میں جمہوریت کا قتل کررہی ہے۔
  ادھر اس معاملے میں راجستھان کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی ) نے ریاستی حکومت گرانےکی سازش رچنے کے الزام میں بی جے پی کے ۲؍ لیڈران  اشوک سنگھ میت والا اور بھرت مالانی کو گرفتار کیا ہے۔ اشوک سنگھ کو ادے پور سے جبکہ مالانی کو بیوار سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ایس اوجی خود ان سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ 
 اراکین اسمبلی کو  لالچ دینے کے معاملے میں ایس او جی کی کارروائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے   گہلوت نے کہا کہ  اس معاملے کے اجاگر ہونے سے بی جے پی کا بے شرم چہرہ عوام کے سامنے  بے نقاب  ہوگیا ہے۔ بی جے پی نے یہ کھیل مدھیہ پردیش سمیت کئی ریاستوں میں کھیل لیا لیکن راجستھان میں ایسی روایت نہیں ہے۔ یہ بے شرمی کی حد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں جو کچھ ہوا ہے اس میں قانون اپنا کام کرے گا۔ واضح رہے کہ ایس او جی نے جو کیس درج کیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ یہ دونوں لیڈران ایک سے ۲؍ ہزار کروڑ روپے بی جے پی لیڈر شپ کی جانب سے خرچ کرکے ایم ایل ایز خریدنے کی تیاری کررہے تھے۔ ان کی گفتگو میں سچن پائلٹ کا بھی بار بار ذکر آیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK