Inquilab Logo

ایشیا کی سب سے بڑی سرنگ کی تعمیر کا کام شروع

Updated: October 16, 2020, 12:41 PM IST | Agency | Srinagar

وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر لیہہ شاہراہ پر بننے والی زائد از چھ ہزار کروڑ روپے کی لاگت والی ایشیا کی تاریخی اور سب سے بڑی زوجیلا سرنگ کی تعمیر پر جمعرات کو کام شروع کر دیا گیا۔

Picture. Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – لیہہ شاہراہ پر بننے والی زائد از چھ ہزار کروڑ روپے کی لاگت والی ایشیا کی تاریخی  اور سب سے بڑی زوجیلا سرنگ کی تعمیر پر جمعرات کو کام شروع کر دیا گیا۔ سڑک ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہوں کے مرکزی وزیر تین گڈکری نے چوٹیوں کی بلاسٹنگ کی تقریب میں آن لائن شرکت کر کے ٹنل کے کام کا آغاز کیا۔وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندرسنگھ، مرکزی وزیر مملکت برائے سڑک ٹرانسپورٹ و قومی شاہراہ جنرل وی کے سنگھ، لیفٹیننٹ گورنر جموں کشمیر منوج سنہا اور لیفٹیننٹ گورنر لداخ آر کے ماتھر نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس افتتاحی بلاسٹنگ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر نتن گڈکری نے کہا کہ سری نگر – لیہہ شاہراہ پر تعمیر ہونے والی ساڑھے چودہ کلو میٹر طویل زوجیلا سرنگ ایشیا کی سب سے لمبی اور تاریخی سرنگ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ زوجیلا سنگل ٹیوب سرنگ ہوگی۔ سرنگ اور اپروچ روڈ ایک ساتھ بنائے جائیں گے۔گڈکری کے مطابق `سرنگ سے قریب ۳۳؍لاکھ میٹرک ٹن ملبہ نکالے جانے کا اندازہ ہے جس کا استعمال اپروچ روڈ میں کرنے سے پانچ سو کروڑ روپے کا خرچ بچے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سرنگ اور روڈ کا کام چھ سال کے اندر مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے لیکن میری متعلقین سے گزارش ہے کہ وہ ہمیں یہ کام چار سال کے اندر ہی مکمل کر کے دیں۔ گڈکری نے کہا کہ اب تک  زوجیلا پار کرنے میں ساڑھے تین گھنٹے لگتے تھے لیکن سرنگ بننے کے بعد یہ سفر صرف پندرہ منٹ میں طے کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سرنگ کا لداخ اور کشمیر کی اقتصادی پوزیشن بہتر بنانے میں ایک بڑا کردار ہوگا۔ لوگوں کو روزگار ملے گا اور سرمایہ کاری ہوگی۔موصوف  نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے پچھلے پانچ سال کے دوران جموں و کشمیر اور لداخ میں جتنا کام کیا ہے وہ پچھلے  ۵۰؍ سال میں نہیں ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم اگلے کچھ برسوں کے دوران جموں کشمیر کے اقتصادی حالات بدل دیں گے اور نوجوانوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقعے فراہم کریں گے۔ یہی ہمارا مشن ہے ۔قابل ذکر ہے کہ زوجیلا ٹنل کی تعمیر لداخی عوام کی ایک دیرینہ مانگ تھی۔ان کا کہنا تھا کہ اس ٹنل کی تعمیر سے سری نگر – لیہہ شاہراہ پر سفر نہ صرف محفوظ و آرام دہ ہوگا بلکہ کافی وقت بھی بچے گا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے مئی۲۰۱۸ء  میں اس ٹنل کا  سنگ بنیاد رکھا تھا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا تھا کہ زوجیلا سرنگ صرف ایک سرنگ نہیں بلکہ جدید دور کا ایک عجوبہ ہے۔

srinagar asia Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK