Inquilab Logo

زیر زمین پارکنگ کی تعمیر کا معاملہ، شہری کھیل کے میدان سے ۴؍ برسوں سے محروم

Updated: September 03, 2022, 9:53 AM IST | Mumbai

میونسپل کارپوریشن نے موسم باراں سے قبل میدان بحال کرنے کا اعلان کیا تھا، اب مانسون کے بعد کا وعدہ کیا

The field was dug up to provide underground parking facilities in the Nowpara area of the police station. (File Photo)
تھانے کے نوپاڑہ علاقہ میں زیر زمین پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے میدان کو کھود ا گیا تھا۔(فائل فوٹو)

 یہاں واقع نوپاڑہ علاقے کے مکین تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) کی لاپروائی سے گزشتہ ۴؍ برس سے زائد عرصہ سے کھیل کے میدان سے محروم ہوگئے ہیں۔ دراصل ٹی ایم سی نے گائوں دیوی میدان کے نیچے گاڑیوں کی پارکنگ کی جگہ فراہم کرنے کیلئے  تعمیراتی کام شروع کیا تھا۔ پارکنگ لاٹ کی تعمیر کیلئے۴؍ سال سے زائد عرصہ قبل میدان کو کھود دیا گیا تھا اور اب تک اس میدان کو بحال نہیں کیا گیا ہے۔
 جس وقت یہاں زیر زمین پارکنگ کیلئے گائوں دیوی میدان کو کھودنے کی بات چل رہی تھی تب یہاں کے متعدد مکینوں نے یہ کہہ کر اس فیصلے کی مخالفت کی تھی کہ اس سے علاقے کے لوگ اس واحد کھلے میدان سےبھی محروم ہوجائیں گے۔ تاہم ٹی ایم سی نے انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ ۲؍ سال کے عرصہ میں میدان کو اسی حالت میں عوام کے حوالے کردیا جائے گا۔البتہ اس بات کو ۴؍ سال سے زائد وقفہ گزر چکا ہے اور اب تک اس میدان کو اس کی پہلی  حالت پر نہیں لوٹایا گیا ہے جس کی وجہ سے مقامی افراد نے دوبارہ اس موضوع کو اٹھایا ہے اور اس میدان کو بحال کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
 دریں اثناء میونسپل کارپوریشن نے دعویٰ کیا ہے کہ زیر زمین پارکنگ کا کام مکمل ہوچکا ہے اور جلد ہی عوام اس پارکنگ کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گےتاہم اس میدان کو بحال کرنے کے متعلق کوئی بیان نہیں دیا گیا ہے۔ اگرچہ مارچ میں شہری انتظامیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ موسم باراں سے قبل میدان کو بحال کردیا جائے گا لیکن یہ وعدہ وفا نہیں کیا گیا۔
 مقامی افراد زیر زمین پارکنگ کی مخالفت اسی بنیاد پر کررہے تھے کہ اس کی وجہ سے کھیلنے کا میدان برباد ہوجائے گا۔ یہاں کے سماجی رضاکار مہیش بیڈیکر اس کھلے میدان کو بچانے کی غرض سے ہائی کورٹ بھی گئے تھے جس پر ٹی ایم سی نے عدالت میں حلف نامہ داخل کرکے دعویٰ کیا تھا کہ ۲؍ برسوں میں پارکنگ کا تعمیراتی کام مکمل کرکے میدان کو بحال کردیا جائے گا۔
 مہیش بیڈیکر نے گزشتہ ہفتے کی ابتداء میں ٹی ایم سی کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے میونسپل کمشنر سے درخواست کی ہے کہ حسب وعدہ زیر زمین پارکنگ پروجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرکے میدان کو بحال کردیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ نوپاڑہ میں بچوں کے کھیلنے کے لئے گائوں دیوی میدان ہی واحد جگہ دستیاب تھی۔ مہیش کا کہنا ہے کہ ’’شہر میں رہنے کی وجہ سے ہم نے جگہ کے تعلق سے لاپروائی برتی اور اب ہمارے پاس بہت کم ایسی کھلی جگہیں ہیں جہاں بچے اور بوڑھے وقت گزار سکیں۔‘‘
  واضح رہے کہ اس میدان کے نیچے پارکنگ کی تعمیر کا کام ۲۰۱۹ء میں شروع کیا گیا تھا۔اس علاقے میں رہائش پذیر ۲۴؍ سالہ ستیش بیلوسے کا کہنا ہے کہ وہ اور اس کے دوست بچپن سے اس میدان میں کھیلتے آئے ہیں لیکن اب کھلے میدان بہت کم بچے ہیں اور انہیں کرکٹ کھیلنے کے لئے سینٹرل گرائونڈ  جانا پڑتا ہے۔ گائوں دیوی میدان ریلوے اسٹیشن سے قریب واقع ہے اس لئے شہر کے باہر سے آنے والوں کے لئے بھی اس میں جانا آسان تھا۔ اس نے کہاکہ ’’اب ۴؍ سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے اس لئے میونسپل کارپوریشن کو جلد ہی یہ میدان بحال کردینا چاہئے۔‘‘
 میونسپل کارپوریشن کے ایک افسر کے مطابق تھانے ریلوے اسٹیشن کے قریب گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے کوئی مناسب جگہ نہیں ہے اور لوگ غیرمنظم طریقے سے گاڑیاں کھڑی کردیتے ہیں جس کی وجہ سے یہاں عام طور پر اور بھیڑ کے اوقات میں خاص طور پر ٹریفک کا مسئلہ درپیش رہتا ہے اور اسی وجہ سے ٹی ایم سی نے گائوں دیوی میدان کے نیچے پارکنگ کی جگہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ افسر نے یہ بھی کہا کہ یہاں یہی ایک کھلا میدان دستیاب ہے اور اکثر یہاں سیاسی ریلیاں بھی ہوتی ہیں جس کی وجہ سے اس میدان کو ’پے اینڈ پارک‘ کے طور پر استعمال نہیں کیا جاسکتا  لہٰذا زیر زمین پارکنگ کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
 ٹی ایم سی کے اس افسر کے مطابق پارکنگ کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے اور اس میں حفاظتی انتظامات، آگ سے حفاظت کے انتظامات اور روشنی کے نظام کی جانچ کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ یہاں پارکنگ کی خدمات انجام دینے کے لئے ٹینڈر بھی طلب کئے جاچکے ہیں جس پر ۷؍ جگہوں سے جواب ملا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’جیسے ہی مانسون ختم ہوجائے گا ہم میدان کو عوام کے لئے کھول دیں گے۔‘‘
 اطلاع کے مطابق اس زیر زمین پارکنگ کو ۴؍ہزار ۳۳۰؍ مربع میٹر کے رقبہ میں تعمیر کیا گیا ہے جس میں ۱۳۰؍ کاروں اور ۱۲۰؍ دو پہیہ گاڑیوں کی پارکنگ کی جگہ دستیاب ہے۔ اس پروجیکٹ پر ۲۶؍کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ گائوں دیوی میدان کے علاوہ ٹی ایم سی نے پرانے بازار کے علاقے میں سرکاری اور پولیس کے دفاتر اور تھانے ریلوے اسٹیشن کے قریب اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کے بس ڈپوکو بھی از سر نو تعمیر کرکے ۸۰۰؍ سے ہزار گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
 شہری انتظامیہ کو امید ہے کہ اس سے ریلوے اسٹیشن کے قرب و جوار میں غیرقانونی پارکنگ کا مسئلہ ختم ہوجائے گا اور ٹریفک کے مسائل بھی حل ہوں گے۔ ریاستی حکومت نے حال ہی میں ان پروجیکٹ کے لئے اجازت دے دی ہے۔(بشکریہ:ہندوستان ٹائمس)

thane Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK