Inquilab Logo

تھانے ضلع پریشد اور کلکٹر کی جانب سے مدرسوں کے سروے کی ہدایت

Updated: April 04, 2024, 10:13 AM IST | Iqbal Ansari | Thane

سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ کامتعلقہ افسران کو مکتوب دے کر رمضان میں یہ سرو ے روکنے کا مطالبہ۔

Member of the Assembly, Raess Sheikh. Photo: INN
رکن اسمبلی رئیس شیخ۔ تصویر: آئی این این

تھانے ضلع پریشد اور ضلع کلکٹر کی ہدایت پر تھانےضلع میں جاری مدرسوں کا سروے شروع کیاگیا ہے۔ اس سلسلے میں سرکاری اہلکار مدرسوں کا جائزہ لےرہے ہیں۔ اس سروے میں مسلم اور غیر مسلم طلبہ کی تعداد اور ایسے طلبہ کی تعداد بھی دریافت کی جارہی ہے۔ یہ بھی معلو م کیا جارہا ہےکہ کتنے طلبہ باقاعدہ اسکول جاتے ہیں اور کتنے نہیں ؟ مدرسوں کے منتظمین کو اعتماد میں لئے بغیراور اس سروے کا مقصد بتائے بغیر اس طرح کا سروے کرنے سے مدرسوں میں بے چینی پائی جارہی ہے۔ اسی کے سبب بھیونڈی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے تھانے ضلع کلکٹر اور تھانے ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو مکتوب دے کرمطالبہ کیاہے کہ رمضان میں اس سروے کو روکا جائے اور مدرسوں کے منتظمین اور عوامی نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کر کے سروے سے متعلق معلومات دینے کےبعد سروے کیاجائے۔ 
بھیونڈی(مشرق) سے کے رکن اسمبلی نے رمضان کے مقدس مہینے میں ریاست میں مدارس کا سروےکرنے کے حکومت مہاراشٹر کے فیصلے پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے سوال کیا کہ مدارس کے اس طرح سے سروے کے فیصلے سے پہلےمسلم کمیونٹی سے مشورہ کیوں نہیں کیاگیا؟ اور انہیں اعتماد میں کیوں نہیں لیا گیا؟مدارس کے سروے کی وجہ سے کمیونٹی میں شکوک و شبہات اور بے چینی کا ماحول ہے۔ رمضان کے مہینے میں اس طرح سے مدارس کو بلا وجہ کیوں ہراساں کیا جا رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے مدنظر انتخابی ضابطۂ اخلاق نافذ ہے۔ اس کے باوجود ضلع پریشدوں اور میونسپل کارپوریشن کا محکمۂ تعلیم مدارس میں زیر تعلیم مسلم اور غیر مسلم طلبہ کی معلومات اکٹھا کرنے کیلئےجنگی پیمانے پر سروے کر رہا ہے۔ 
رکن اسمبلی رئیس شیخ نے کہا کہ جہاں ایک طرف حکومت’ ڈاکٹر ذاکر حسین مدرسہ جدیدکاری اسکیم‘ کے منصوبے پر عمل درآمد کر رہی ہے، وہیں   دوسری طرف محکمہ تعلیم کے ذریعے مدرسے کا سروے کر کے ہراساں کیا جا رہا ہے۔ رئیس شیخ نے  یہ بھی سوال اٹھایا کہ ریاست میں ۳۰۰؍  سے زیادہ مدارس ہیں۔ ان مدارس میں دینی اور عصری دونوں طرح کی تعلیم دی جاتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ جب انتظامیہ انتخابی سرگرمیوں میں مصروف ہے تو پھر یہ سروے کیوں کیا جا رہا ہے؟
کیا تفصیل طلب کی گئی ہے
مدرسہ رجسٹرڈ ہے یا نہیں ؟ 
رجسٹرڈ ہے تو کیا رجسٹریشن کی کاپی دستیاب ہے یا نہیں ؟
مدرسہ میں داخل ہونے والے طلبہ کی تعداد۔ 
مدرسہ میں داخل ہونے والے طلبہ کی کل تعداد میں سے غیر مسلم بچوں کی تعداد۔ 
مدرسہ میں داخل طلبہ کی کل تعداد میں سے وہ بچے جو باقاعدہ اسکولوں میں بھی زیر تعلیم ہیں۔ 
مدرسہ میں داخل بچوں کی کل تعداد میں سے وہ بچے جو باقاعدہ اسکول نہیں جاتے۔ 
دورہ کے دن مدرسہ میں موجود بچےکی تعداد
کل طلبہ میں سے ایسے طلبہ کی تعداد جو باقاعدہ اسکولوں میں نہیں پڑھ رہے ہیں، ان کو اسکول میں داخل کرنے کی نشاندہی کی گئی ہےیانہیں ؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK