Inquilab Logo

بجلی کا میٹرکاٹنے کی کارروائی سے صارفین میںشدید ناراضگی

Updated: November 28, 2021, 7:51 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

بیسٹ کے بجلی محکمے کی جانب سےمدن پورہ میںکئی صارفین کے میٹر کاٹے گئے۔ محکمے نے ایک لاکھ روپے سے زائد بجلی بل ادا نہ کرنے والے صارفین کے خلاف کارروائی شروع کی اوراسے تمام علاقوں کی کارروائی قراردیا ۔ ایم آئی ایم کی جانب سے بیسٹ کے جنرل منیجرکو میمورنڈم دے کرکارروائی روکنے کا مطالبہ کیا گیا

An MIM delegation called on the General Manager of BEST to protest against meter cutting.
میٹر کاٹنے کے خلاف ایم آئی ایم کے ایک وفد نے بیسٹ کے جنرل منیجر سے ملاقات کی۔

بیسٹ کے بجلی محکمے کی جانب سے بل ادا نہ کرنے والے صارفین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے میٹر کاٹنے کاسلسلہ شروع کیا گیاہے جس سے صارفین میںشدید ناراضگی پائی جارہی ہے کیونکہ اس کے تعلق سے صارفین کو کوئی پیشگی اطلاع یا نوٹس نہیںدیا گیا ہے ۔حیرت کی بات یہ ہے کہ سنیچر کوتعطیل کے باوجودیہ کارروائی جاری رہی اورمدن پورہ میں کئی صارفین کے میٹر کاٹے گئے ۔صارفین کا کہنا ہےکہ انہیںپیشگی اطلاع دے کربل ادا کرنے کا موقع دیا جانا چاہئے نہ کہ میٹرکاٹنے کی کارروائی کی جائے ۔ ویسے بھی بجلی اورپانی انسان کا بنیادی حق ہے اوراسے کوئی نہیںچھین سکتا ۔ اس سلسلے میںبیسٹ کی جانب سے آرڈر نمبر ۲۶۶؍کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ وہ صارفین جن کا ایک لاکھ روپے سے زائدبجلی بل بقایا ہے اورایک سال کی مدت گزرچکی ہے ، ایسے صارفین کیخلاف کارروائی کرنے کیلئے چیف انجینئر (کسٹمر کیئر) کی جانب سے متعلقہ افسران کوای میل بھیج دیا گیا ہے اوران سے کہا گیا ہے کہ وہ ۶؍دسمبر تک کی جانے والی کارروائی سے متعلق رپورٹ دیں ۔
صارفین کے خلاف کارروائی نہ کی جائے 
 بیسٹ کے اس ٹویٹ اورحکمنامے کے بعدآل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین ( ایم آئی ایم )کے ممبئی صدرفیاض احمدخان اورایم آئی ایم مہاراشٹرکے کارگزارصدر عبدالغفار قادری کے ہمراہ بیسٹ کے جنرل منیجر لوکیش چندر سے ان کے دفتر میںملاقات کی اورصارفین کے خلاف سخت کارروائی اورمیٹرکاٹنے کا عمل فوراً روکنے اوربجلی بل کا بقایا ۶؍ماہانہ قسطوں میں ادا کرنے کی مہلت کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کومیمورنڈم دیا ۔میمورنڈم میںیہ بھی کہا کہ انسانی بنیادوں پرصارفین کورعایت دی جائے اورکورونا اور لاک ڈاؤن کے سبب پیدا شدہ حالات اورلوگوں کی پریشانی کو پیش نظر رکھا جائے ۔ فیاض خان نے جنرل منیجرسے ملاقات میں مذکورہ حکمنامہ منسوخ کرنے کا بھی مطالبہ کیااور مطالبہ منظور نہ ہونے کی صورت میںجمہوری طریقےسے آوازبلند کرنے کےتئیںانتباہ بھی دیا ۔ اس پر جنرل منیجرنے مثبت یقین دہانی کروائی ۔
 نمائندۂ انقلاب کے فیاض خان سے یہ پوچھنے پرکہ مدن پورہ میں کتنے صارفین کے میٹرکاٹے گئے ہیں توانہوںنے بتایا کہ ’’تعداد کاصحیح اندازہ تونہیںہے لیکن بڑی تعداد میںیہ کارروائی کی گئی ہے اورچھٹی والے دن بھی کارروائی جاری رہی۔‘‘محمد ثاقب خان نے بھی میٹر کاٹنے کے تعلق سے بتایاکہ ’’مجھے بھی متعدد لوگوںنے فون پر اطلاع دی اوراپنی پریشانی کا اظہار کیا۔یہ بیسٹ انتظامیہ کی زیادتی ہے کیونکہ بغیرپیشگی اطلاع اس طرح کی کارروائی کیسے کی جاسکتی ہے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK